Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الاول 1432ھ

ہ رسالہ

18 - 19
اخبار جامعہ
	

ادارہ

امتحانات اور تعطیلات
نصف سنوی امتحانات جن کا آغاز15 ربیع الاول بروز ہفتہ سے ہوا تھا، رابعہ تک کے درجات میں ان کا اختتام بروز جمعرات21 ربیع الاول اور اس سے اوپر کے درجوں میں ہفتہ23 ربیع الاول کو ہوا،طلبہ کی تعطیلات پر روانگی سے قبل جامعہ کے استاذ حدیث حضرت مولانا محمد عظیم صاحب نے طلبہ سے فکر انگیز خطاب فرمایا اور چھٹیوں کو قیمتی بنانے کی ترغیب دی ، امتحانات کے بعد جامعہ میں بارہ روزہ تعطیلات ہوئیں، جن میں بہت سے طلبہ اپنے علاقوں کو روانہ ہوئے ایک بڑی تعداد اُن طلبہ کی بھی تھی جو دعوت وتبلیغ کے راستے میں ایک دن سے لے کر بارہ دن تک مختلف اوقات میں جماعتوں کے ساتھ نکلے، جب کہ کچھ ساتھیوں نے شہر بھر اور بیرون شہر کے اکابر علماء اور برزگان دین کی زیارت کے واسطے سفر بھی کیے۔

حضرت شیخ الجامعہ دامت برکاتہم کا مع اہل خانہ سفرِ عمرہ
26 ربیع الاول بروز منگل حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب دامت فیوضیہم اورحضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ادائیگی عمرہ کے واسطے حرمین شریفین روانہ ہوئے، اس موقع پر مولوی حماد خالد صاحب سمیت حضرت کے اہل خانہ بھی ہمراہ تھے، اس مبارک سفر میں اُم القریٰ یونیورسٹی، مدینہ یونیورسٹی اور مدرسہ صولتیہ سمیت کئی مدارس اور جامعات کے علماء اور طلبہ حضرت سے ملاقات کے لیے آتے رہے اور حرم شریف کے مبارک ماحول میں قولاً اور تحریراً اجازت حدیث کی اسناد حاصل کرتے رہے،13 ربیع الثانی بروز ہفتہ بخیر وعافیت واپسی ہوئی۔

دوسرے تعلیمی دورانیے کا آغاز
6 ربیع الثانی بروز ہفتہ بمطابق12 مارچ کو جامعہ میں بعد از تعطیلات سال کے دوسرے تعلیمی دورانیے کا آغاز ہوا اور یوں لگا جیسے جامعہ کے درودیوار میں زندگی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ، طلبہ کرام، حضرات اساتذہ سمیت تمام عملے نے از سر نو تازہ دم ہو کر دوبارہ سے تعلیمی خدمات شروع کر دیں ، بعد ازیں9 ربیع الثانی کو حضرت مولانا خلیل احمد صاحب کا طلبہ میں اصلاحی بیان بھی ہوا۔

مفتی احمد خان صاحب کو صدمہ
9 ربیع الثانی بروز منگل جامعہ کے استاذ مفتی احمد خان صاحب کا چھ ماہ کا بچہ انتقال کر گیا، الله پاک اُسے والدین کے لیے ذریعہ شفاعت بنا دے۔ آمین

اساتذہ کا دورہ سہون شریف
جامعہ فاروقیہ( سہون شریف) میں انتظامی امور کے حوالے سے جامعہ کے اساتذہ مفتی معاذ خالد صاحب او رمولانا ولی الرحمان صاحب کا سہون شریف جانا ہوا، وہاں کے ذمہ دار حضرات سے تعلیمی اور انتظامی امور کے حوالے سے مشاورت رہی اور رات ہی جامعہ واپسی ہوئی۔

مہمانوں کی آمد
14 ربیع الثانی بروز اتوار ناظم اعلیٰ وفاق المدارس العربیہ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب دامت برکاتہم سے قیام گاہ پر ملاقات فرمائی او راہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

مسجد قبا ساکران میں شعبہ حفظ کا آغاز
15ربیع الثانی بروز پیر، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب اورحضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب ساکران میں واقع جامعہ کی شاخ مسجد قبا میں شعبہ حفظ کا افتتاح کرنے تشریف لے گئے، جامعہ میں شعبہ حفظ وناظرہ کے نگران مولانا عمار خالد صاحب بھی ہمراہ تھے۔

جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں سرگرمیاں
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں بھی امتحان اور تعطیلات مرکز کے ساتھہوئے، فیزII میں جامع مسجد محمد بن قاسم کی تعمیر بھی الحمدلله زوروں پر ہے، چھت کی بھرائی کا عمل شروع ہو چکا ہے، اس کے علاوہ ، بجلی وگیس کی فراہمی کے سلسلے میں کھدائی اورP.M.T کیبل کی ترسیل سمیت تمام مراحل کی تکمیل کے ساتھ ساتھ میٹر بھی لگائے جا چکے ہیں۔

الحمدلله بروز جمعرات18ربیع الثانی1432ھ کو حضرت شیخ الجامعہ مدظلہ نے بجلی کا بٹن دباکر افتتاح فرمادیا، اس طرح جامعہ میں بجلی کی سہولت الله تعالیٰ کے فضل وکرم سے میسر آگئی۔

حضرت زیدہ مجدہ نے دعا بھی فرمائی۔ اس موقعہ پر جامعہ کے اساتذہ کرام، طلبہٴ عظام اور محکمہ بجلی کا عملہ بھی موجود تھا۔ قارئین سے درخواست ہے ،دعا فرمائیں کہ الله تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے دیگر سہولتوں کے لیے بھی آسانی فرما دیں۔ آمین۔

نصف سنوی امتحان1432ھ کے نتائج
17 ربیع الثانی بروز بدھ جامعہ میں نصف سنوی امتحانات کے نتائج کا اعلان ہوا، ناظم تعلیمات مولانا عبدالغنی صاحب نے اوّلا کچھ دیر اصلاحی بیان فرمانے کے بعد باقاعدہ نتائج سے طلبہ کو آگاہ کیا۔ امتحان میں درس نظامی کے کل1418 طلبہ نے شرکت کی، جن میں سے 232 ممتاز952 ،جید جداً،182 جید،41 مقبول اور راسب کل 10 ہیں، کام یابی کا تناسب99 فی صد رہا۔

جامعہ فاروقیہ فیزII میں نصف سنوی امتحان کے نتائج کا اعلان مفتی عبداللطیف صاحب نے فرمایا، یہاں درجہ خامسہ معہد تک 251 طلبہ میں سے 99 ممتاز،100 جید جداً،29 جید10 مقبول اور13 راسب ہیں، اس طرح کام یابی کا تناسب95 فیصد رہا۔
Flag Counter