Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق محرم الحرام 1437ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی نصیحتیں
یہ کتابچہ حضرت مولانا محمدعاشق الہی بلند شہری کا تالیف کردہ ہے اور پیش لفظ میں اس کا تعارف کر تے ہوئے انہوں نے فرمایاہے کہ:
”پیش نظر اوراق میں احقر نے سرورِ عالم مصلح اعظم صلی الله علیہ وسلم کے ایسے ارشادات جمع کیے ہیں جن میں آپ نے مشفقانہ اور ناصحانہ انداز سے کسی عمل کا حکم دیا ہو، یا کسی عمل سے روکا ہو، اس سلسلہ میں ان احادیثِ مقدسہ کو خاص طور پر تلاش کرکے لکھا ہے جو کسی صحابی کے سوال کرنے پر بطورِ وصیت ونصیحت حضورِ اقدس صلی الله علیہ وسلم نے کلماتِ جامعہ ارشاد فرمائے یا آپ نے خود بخود کسی صحابی کو اہتمام کے ساتھ کسی بات کی خصوصی نصیحت فرمائی۔

اسی مناسبت سے اس مجموعہ کا نام ”رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی نصیحتیں“ تجویز کیا ہے۔ عوام کے سمجھانے کے خیال سے لفظی ترجمہ کی رعایت نہیں کی بلکہ ہر حدیث کا بامحاورہ ترجمہ کر دیا ہے، چوں کہ ان احادیث میں بہت سی حدیثیں ایسی ہیں کہ ایک ہی حدیث میں کئی نصیحتیں مذکور ہیں، اس لیے یہ مختصر سا مجموعہ کئی سو مواعظِ نبویہ ”علی صاحبھا الصلاة والتحیة“ کا اَنمول ذخیرہ بن گیا ہے۔ اگرچہ اس رسالہ کی ضخامت زیادہ نہیں، ایک مشاق پڑھنے والا گھنٹہ بھر میں اسے ختم کر سکتا ہے لیکن اگر کوئی شخص اس ارادہ سے اسے پڑھے کہ ہر نصیحت پر عمل بھی کروں گا تو ان شاء الله تعالیٰ پوری عمر اس کے پڑھنے اور عمل کرنے میں خرچ ہو جائے گی۔

احادیث مقدسہ کے اس مجموعہ سے کھانے پینے، کسی کے یہاں آنے جانے، پیشاب پاخانہ کرنے، راستوں پر گزرنے، راستوں میں بیٹھنے،سلام کرنے، رات کو سونے، بچوں کو علم وادب سے آراستہ کرنے اور زندگی کے دوسرے شعبوں کے طریقے اور آداب بھی معلوم ہوں گے اور یقین ہو جائے گا کہ جن باتوں کو ہم معمولی سمجھتے ہیں حضور سرورِ عالم صلی الله علیہ وسلم نے کس اہمیت کے ساتھ ان کو بیان فرمایا ہے۔

اصلاحِ باطن کے سلسلہ میں بھی بہت سی احادیث اس مجموعہ کے ضمن میں آگئی ہیں۔ اس لیے اصلاحِ ظاہری کے لیے ہی نہیں بلکہ اصلاحِ باطن کے لیے بھی ان شاء الله تعالیٰ اس مجموعہ کا مطالعہ بے حد مفید ہو گا۔ اس کا بار بار پڑھنا اور سننادنیا کی بے ثباتی اور آخرت کی بقا کی طرف متوجہ کرنے میں ان شاء الله تعالیٰ معاون ہو گا۔ اصحاب سلوک، مشایخ طریقت کے نصائح پڑھا کرتے ہیں، لیکن اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ جو اجر اور جووزن فخر الاوّلین والآخرین صلی الله علیہ وسلم کے ارشادات میں ہے وہ کسی دوسرے شخص کے اقوال میں نہیں ہو سکتا۔ مشائخِ طریقت مریدوں کی اصلاح کے لیے ان نصائح نبویہ”علیٰ صاحبھا الصلاة والتحیة“ کے مطالعہ کا اہتمام کرائیں تو ان شاء الله تعالیٰ بہت زیادہ مفید اور مؤثر پائیں گے۔ نیز مکاتبِ دینیہ اور اسکولوں کے طلبہ اور طالبات کو ان احادیث کا حفظ کرا دینا دینی تربیت میں ان شاء الله تعالیٰ بہت معاون ہو گا۔“

48صفحات کا یہ کتابچہ مکتبة البشری کراچی سے معیاری کاغذ وطباعت اور خوب صورت انداز میں شائع کیا گیا ہے۔

گل صدپارہ
مرتب: مولانا سید حبیب الله شاہ حقانی
صفحات:128 سائز:23x36=16
ناشر: سہ ماہی”الزیتون“ فضل کالونی، بائی پاس روڈ، نیواڈہ، مردان

زیر نظر مجموعہ سہ ماہی مجلہ ”الزیتون“ مردان کی پہلی خصوصی اشاعت ہے، جس میں مولانا عبدالقیوم حقانی دامت برکاتہم العالیہ کی معروف تصنیف ”بنیاد کا پتھر“ (جس میں عمومی طور پر ایک مخلص کارکن کی اہمیت وافادیت اور خصوصی طور پر مولانا حقانی کے تلمیذ ورفیق عزیز مولانا گل رحمان کے اخلاص وایثار پر روشنی ڈالی گئی ہے) کے متعلق ارباب علم ودانش اور اصحاب فضل وکمال نے جو تأثرات اور تبصرے تحریر فرمائے انہیں جمع کیا گیا ہے۔ اس مجموعہ کو تین ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے، باب اول میں مقالات ومضامین ، باب دوم میں رسائل وجرائد کے تبصرے اور تجزیے اور باب سوم میں قارئین کے مکاتیب اور تأثرات کو شامل کیا گیا ہے۔

اس خصوصی اشاعت کو رسالے کے نائب مدیر مولانا حبیب الله شاہ حقانی نے مرتب کیا ہے اور ملنے کا پتہ ہے: سہ ماہی ”الزیتون“ فضل کالونی، بائی پاس روڈ، نیو اڈہ، ملتان۔

رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی صاحبزادیاں رضی الله عنہن
یہ رسالہ مولانا عاشق الہٰی بلند شہری رحمة الله علیہ کی تالیف ہے اورجیسا کہ نام سے واضح ہے کہ اس میں حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کی صاحب زادیوں کے حالات زندگی کو جمع کیا گیا ہے، جب کہ آخر میں آپ صلی الله علیہ وسلم کے صاحب زادے حضرت ابراہیم ص کے حالات زندگی، چالیس احادیث جن کا زیادہ تر تعلق عورتوں سے ہے اور لباس وزیور سے متعلق ضروری مسائل واحکام کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تالیف کے مقاصد کو بیان کرتے ہوئے مؤلف رحمة الله علیہ نے لکھا ہے کہ:

”آں حضرت صلی الله علیہ وسلم کی ازدواجی زندگی اور آپ کی ازواجِ مطہرات کے سوانحِ حیات اور واقعات زندگی احقر نے ایک کتاب میں جمع کر دیے ہیں، اب اس رسالے میں آں حضرت صلی الله علیہ وسلم کی صاحب زادیوں کے حالات لکھ رہاہوں اور مقصد ان دونوں کتابوں کے لکھنے سے یہ ہے کہ امّت ان کو پڑھ کر اولاد کی پرورش وپرداخت او ربیاہ شادی کرنے کے بارے میں ہادیٴ اعظم صلی الله علیہ وسلم کی زندگی کا اتباع کر سکے اور اپنی بیویوں اور بیٹیوں کو سیّد عالم صلی الله علیہ وسلم کے گھرانوں میں رہنے والی مقدس مستورات کے نقش حیات پر چلا سکے۔

سیّد عالم صلی الله علیہ وسلم کی بیویوں اور بیٹیوں رضی الله عنہن کا دین کے لیے تکلیفیں سہنا، آخرت کا فکر مند ہونا، بھوک وپیاس پر صبر کرنا، ذکرِ الہی میں مشغول رہنا، گھر کے کام کاج سے عارنہ کرنا اور دین سیکھنا اور اس کو پھیلانا، صدقہ وخیرات میں بے مثل ہونا، ہاتھ کی کمائی سے صدقہ کرنا، جہاد وغزوات میں شریک ہونا وغیرہ وغیرہ ملے گا۔ مسلمان عورتوں کو ان امور میں ان مقدّس خواتین کا اتباع کرنا لازم ہے جنہوں نے نبوت کے گھرانوں میں سیّد عالم صلی الله علیہ وسلم کی ہدایت کے مطابق زندگی گزار کر کام یابی حاصل کی۔ رضی الله تعالیٰ عنہن۔“

یہ رسالہ73 صفحات پر مشتمل ہے اور معیاری کاغذو طباعت میں مکتبة البشری کراچی سے شائع کیا گیا ہے۔

Flag Counter