Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق صفر المظفر 1437ھ

ہ رسالہ

1 - 17
چاہت

عبید اللہ خالد
	
چاہت… نہایت پُرکشش اور دل فریب لفظ ہے۔ ہر انسان، بچہ ، بوڑھا، مرد وزن اپنی چاہتوں کو اس دُنیا میں پورا کرنا چاہتا ہے۔ بعض چاہتیں پوری ہو جاتی ہیں تو بعض چاہتیں رہ جاتی ہیں۔ دُنیا کا ایک فرد بھی یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ اس کی ہر چاہت پوری ہو گئی۔

ایک جانب انسانی چاہتیں ہیں تو دوسری جانب الله تعالیٰ کی چاہت ہے۔ اس کی چاہت کیا ہے؟ سب سے بڑا بادشاہ ہے، پوری کائنات کا بادشاہ۔ وہ ہم سے یہ چاہتا ہے کہ ہم اس کی بادشاہت کو مانیں اور اس بادشاہت کے تقاضوں کو پورا کریں۔ جیسے انسان اپنے دُنیاوی حکم رانوں اور افسروں کو مانتا اور انہی کے فرمان پر عمل کرتا ہے، اس طرح اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ انسان سب سے بڑے حکم ران، یعنی الله تعالیٰ کو مانے اور اس کے فرامین کے مطابق عمل کرے۔

لیکن انسان کے لیے یہی کام سب سے مشکل بھی ہے۔ انسان جتنا اپنی چاہتوں اور خواہشوں کے لیے جدوجہد اور مشقت اٹھانے کے لیے کمر بستہ رہتاہے، اتنا ہی زیادہ وہ الله کی چاہتوں سے دور رہنے اور بچنے کی کوشش کرتا ہے، کیوں کہ انسان کی اکثر چاہتیں الله کی چاہتوں سے ٹکراتی ہیں۔

انسان آزاد زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ خدائی خوف سے بے نیاز لیکن خدا انسان سے یہ چاہتا ہے کہ وہ پنے رب کی چاہت کے مطابق زندگی گزارے۔ چناں چہ ایک جانب انسان کی اپنی چاہت ہے تو اس کے مقابل خدا کی چاہت۔ یہاں اس دُنیا میں اصل آزمائش اور امتحان یہی ہے کہ کیا انسان اپنی چاہت کو قربان کرکے الله کی چاہت کو اختیار کرتا ہے یا نہیں؟!

سماجی بندھنوں ،موجودہ آزادی اور ٹکنالوجی کی ترقی نے پوری دنیا کو جو شکل بنا دی ہے۔ اس میں اپنی چاہتوں کو پورا کرنا کہیں آسان ہو گیا ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ انسانی تاریخ میں اس وقت جتنا آسان اپنی چاہتوں کا پورا کرنا ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھا۔ اس کا بدیہی نتیجہ ہے کہ اپنی چاہتوں کی تکمیل آسان ہوئی تو خدا کی چاہت تیسرے چوتھے یا آخری درجے کی شے بن گئی۔ ایسے بھی گروپ پیدا ہو گئے کہ جنہوں نے خدا بیزاری کے نعرے لگائے یا کم از کم عملی طور پر خدابیزاری کے نہج کو اختیار کیا۔

یہی وجہ ہے کہ آج کے دور میں اپنی چاہتوں کو چھوڑ کر الله کی چاہت کو اختیار کرنا پہلے سے کہیں مشکل ہے تو حدیث کے مصداق کے مطابق آج اس پر اجر بھی پہلے سے کہیں بڑھ کرہے۔

اس لیے وہ لوگ جنہیں الله نے دین کا شعور اور الله کی چاہت اختیار کرنے کی توفیق دی ہے وہ جان لیں کہ ان کے لیے اس مشکل میں اجر کے بڑے بڑے خزانے موجود ہیں۔ اللھم زد فزد

Flag Counter