Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شعبان المعظم 1436ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

حفاظتی قلعہ
یہ کتابچہ مختلف مصائب وآلام اور شرورو آفات سے حفاظت کی دعاؤں پرمشتمل ہے اور جناب سید شاہد حسین صاحب نے اسے مرتب کیا ہے۔ اس پر صدر وفاق حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقریظ اور دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کی تصدیق بھی ہے۔ دارالافتاء کے حضرات نے فرمایا ہے کہ:
” مصائب اور آلام کے اس پر خطر دور میں ہر انسان سکون واطمینان کے حصول کے لیے انابت إلی الله،توبہ واستغفار کو چھوڑ کر ظاہری اسباب اختیار کرنے میں مگن ہے، جس کی وجہ سے سکون واطمینان کے بجائے پریشانیوں اور مصائب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ آج اگر انابت الی الله اختیار کی جائے، توبہ واستغفار کا اہتمام کیا جائے او رمختلف روایات میں منقول حفاظت سے متعلق ادعیہ کا اہتمام کیا جائے، تو ان شاء الله تعالیٰ زندگی بابرکت اور پرُسکون ہو جائے گی۔

زیر نظر کتاب”حفاظتی قلعہ“ میں مؤلف جناب سید شاہد حسین صاحب نے نہایت عرق ریزی سے سحروجادو، شیطانی اثرات، جنات، نظر بد اور دشمن وغیرہ سے حفاظت کی دعاؤں کو جمع کیا ہے۔ عام طور پر ایسی کتابوں میں غیر مستند اور بلا حوالہ دعائیں جمع کر دی جاتی ہیں۔ جب کہ فاضل مؤلف نے تقریباً ہر دعا کے ساتھ حوالہ کا التزام کیا ہے۔ اس طرح ایک جامع ، مستند اور مفید کتاب وجود میں آگئی ہے۔

کتاب کی افادیت کے پیش نظر ہر عام وخاص کو چاہیے کہ اس کتاب کو اپنے سفر وحضر کا ساتھی بنائے اور اس سے بھرپور استفادہ کی کوشش کرے۔ الله تعالیٰ سے قوی امید ہے کہ پریشانیاں بھی دور ہوں گی اور ذکر ودعا کا الگ ثواب بھی ملے گا۔

الله تعالیٰ فاضل مؤلف کی اس کاوش کو قبولیت عامہ نصیب فرمائے اور آخر ت میں ان کے لیے اور ہم سب کے لیے نجات کا باعث بنائے۔ آمین ثم آمین“

یہ کتاب ایک سو پچانوے (195) دعاؤں پر مشتمل ہے اور اس کے آخری میں مصادر ومراجع کی فہرست بھی دی گئی ہے۔4x3 سائز کے248 صفحات کا یہ رسالہ حسین پبلشرز کراچی سے شائع کیا گیا ہے۔

پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم اور پیارے بچے
تالیف: پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق کلوٹا
صفحات:200، سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

یہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشتاق کلوٹا کی تالیف ہے، جس میں بچوں کی تعلیم وتربیت کے لیے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی مبارک تعلیمات، اخلاق حسنہ اور بچوں کی استعداد وصلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیرت النبی صلی الله علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر حکایات وواقعات کو خوب صورت ومرتب انداز میں جمع کیا گیا ہے تاکہ نونہالان امت آپ کی سیرت طیبہ اور اسوہٴ حسنہ سے آگاہی حاصل کرکے اس پر عمل کرسکیں اور خود اپنے لیے ، اپنے والدین، عزیز واقارب اور پوری امت مسلمہ کے لیے دونوں جہانوں میں خیروبھلائی کا باعث بن سکیں۔

کتاب کے مضامین کو نو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، حصہ اول کا عنوان” پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کا پیارا بچپن“، حصہ دوم کا عنوان ”پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کی پیاری زندگی“، حصہ سوم کا عنوان” پیارے نبی کی پسندوناپسند“، حصہ چہارم کا عنوان ” بچوں سے ہمارے پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کا اسوہٴ حسنہ“، حصہ پنجم کا عنوان ” پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کا اہتمام تربیت“، حصہ ششم کا عنوان” پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم اور بچوں کی تعلیم وتربیت“، حصہ ہفتم کا عنوان ”پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کے پیارے دور میں بچوں کی فہم وفراست اور دینی جذبہ“، حصہ ہشتم کا عنوان ” پیارے نبی صلی الله علیہ وسلم کے پیارے دور میں بچوں کا شوق شہادت “ او رحصہ نہم میں بچوں کی تعلیم وتربیت اور ان سے حسن سلوک کے حوالے سے چہل حدیث شامل ہیں۔

فہرست میں ”حصہ ہشتم کے بعد ” حصہ دہم“ کا عنوان دیا گیا ہے جب کہ اس کی جگہ” حصہ نہم“ کا عنوان ہونا چاہیے۔ کتاب کا ورق رنگین واعلیٰ اور طباعت واشاعت میں معیارو سلیقے کا خیال رکھا گیا ہے۔

تعلیمات نبوی ا اور تخلیق انسانی کے مدارج جدید میڈیکل سائنس کے روشنی میں
تالیف: ڈاکٹر مفتی عزیز الرحمن
صفحات:146 سائز:23x36=16
ناشر: حبیبیہ اسلامک، انسٹی ٹیوٹ، کراچی

زیر نظر کتاب میں ڈاکٹر پروفیسر عزیز الرحمن سیفی نے رحم مادر میں تخلیق انسانی کے مراحل ومدراج پر جدید میڈیکل سائنس کے اکتشافات وتحقیقات کی روشنی میں بحث کی ہے کہ تعلیمات نبوی اور قرآن وحدیث سے اس سلسلے میں جوہدایات و معلومات منقول ہیں جدید سائنس کے حقائق واکتشافات اس سے متصادم نہیں بلکہ ان کی تائید کرتے ہیں جو اسلام کے حق وسچ ہونے کی بیّن دلیل ہے۔ نیزمؤلف نے کتاب کے بارے میں فرمایا ہے کہ :”ہمارے اس معلوماتی مجموعے سے یہ تاثر قائم نہ کیا جائے کہ ہم قرآنی آیات واحادیث کو توڑ مروڑ کر سائنسی اصول کو ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ قرآنی علوم اور حضور صلی الله علیہ وسلم کے فرامین ابدی Eternal ہیں، ان میں کوئی تبدیلی نہیں ہو سکتی۔ جدید سائنس یا میڈیکل سائنس کے انکشافات واکتشافات او رتحقیقات بدلتی رہتی ہیں اور بدلتی رہیں گی، یہ Eternal نہیں۔ ہم نے تو صرف ایک مطابقت پیش کرنے کی کوشش کی ہے کہ آج سے چودہ سو سال پہلے پیغمبر برحق کی زبان سے نکلنے والا کلام آج بھی زندہ اور تابندہ ہے کل بھی زندہ اور تابندہ رہے گا اور جدید سائنسی حقائق سے انکا تضاد کبھی پیش نہیں آئے گا۔“

یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک عمدہ اور قابل قدر تالیف ہے جو قرآنی اعجاز کے اثبات اور تعلیمات نبوی کی عظمت وصداقت کے اظہار کے نیک جذبے کے تحت تالیف کی گئی ہے ۔ کتاب کا ورق رنگین واعلی اور طباعت واشاعت معیاری ہے، البتہ کمپوزنگ کی غلطیاں بعض جگہ کثرت سے پائی جاتی ہیں جس کی وجہ سے کلام کے معنی ومفہوم کو سمجھنا بھی مشکل ہو جاتا ہے ۔ آئندہ ایڈیشن میں اس کی اصلاح کرکے معیاری کاغذ کی طرح معیاری کمپوزنگ کا اہتمام بھی کرنا چاہیے۔

قرآنی ومسنون دعائیں مع آسان ترجمہ
ڈاکٹر ممتاز عمر نے اس رسالے میں قرآن وسنت سے روزہ مرہ کی مختلف دعاؤں کو آسان ترجمہ کے ساتھ جمع کیا ہے۔ یہ رسالہ جیبی سائز کے 32 صفحات پر مشتمل ہے اور ملنے کا پتہ ہے:T-473، کورنگی نمبر2، کراچی۔

بحر الاذکار مع مجربات مولانا بجلی گھر
ضبط وترتیب: مفتی محمد قاسم بجلی گھر
صفحات:184 سائز: جیبی سائز سے بڑا ہے(اندازاً3x4/34)
ناشر: مدرسہ فاروقیہ، لالہ زار کالونی، علاقہ مولانابجلی گھر، لنڈی ارباب روڈ، پشاور، صوبہ خیبر پختوانخواہ، پاکستان

اس کاکتابچے میں صبح وشام کی مستند دعائیں ،اورادواذکار اور خطیب اسلام حضرت مولانا محمد امیر بجلی گھر رحمة الله علیہ کے اوراد ووظائف کو مرتب کیا گیا ہے۔ اس کے مرتب مولانا کے بیٹے مولانا مفتی محمد قاسم صاحب ہیں اور مولانا بجلی گھر صاحب  نے ان اوراد کے متعلق فرمایا ہے کہ: ” میں محمد امیر المعروف مولانا بجلی گھر اس کتاب کے تمام اوراد ووظائف کے پہلے اور دوسرے باب کی تمام مسلمانوں اور قارئین کو عام اجازت دیتا ہوں، البتہ تیسرے باب کے لیے مجھ سے یا میرے بیٹے مفتی محمد قاسم سلّمہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔“ لیکن کتابچے میں اوارد کو ابواب میں تقسیم کرکے ان کے درمیان امتیاز نہیں کیا گیا، لہٰذا آئندہ ایڈیشن میں ان میں امتیاز کر دینا چاہیے۔

یہ کتابچہ متوسط کاغذ پر کارڈ ٹائٹل کے ساتھ چھاپاگیا ہے۔

Flag Counter