مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
اسلامی آداب
مؤلف: محمد زبیر عبدالمجید
صفحات:396 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ دارالہدی، اردو بازار، کراچی۔
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ زیر نظر کتا ب زندگی کے مختلف شعبوں یعنی اسلامی آداب واحکام کے متعلق لکھی گئی ہے، جس میں گھر میں آنے جانے کے آداب، ملاقات کے آداب، گفتگو کے آداب، خط وکتابت کے آداب، کاروبار کے آداب، والدین کے حقوق وآداب، اولاد کے حقوق تربیت، عیادت کے آداب، مریض کے حقوق، میت وجنازے کے حقوق ومسائل وغیرہ بسط وتفصیل کے ساتھ ذکر کیے گئے ہیں تاکہ ان آداب، حقوق اور احکام و مسائل پر عمل کرکے دنیا وآخرت کی زندگی کو سنوار ا جاسکے۔ کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
والد کا پیغام اولاد کے نام
تالیف: مولانا عبدالقیوم حقانی
صفحات:256 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، خیبر پختونخواہ
یہ مولانا عبدالقیوم حقانی کی تازہ علمی کاوش ہے جو والدین واولاد کے حقوق وفرائض اور تعلیم وتربیت کے حوالے سے مرتب کی گئی ہے۔ مؤلف نے اس میں اپنی داستان حیات کی روشنی میں زندگی کے تقریباً ہر گوشے کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی اولاد کو دل نشین اور درد بھرے اسلوب میں نصیحت کی ہے، کتاب کے تعارف میں لکھا گیا ہے کہ:
”والد کا پیغام صرف والد کا پیغام ہی نہیں، آپ بیتی بھی ہے اورجگ بیتی بھی، تذکرہ وسوانح بھی ہے اور انقلاب انگیز تاریخ بھی ، مشاہدات بھی ہیں اور حکایات بھی، تفسیر وحدیث سے اقتباس بھی ہے او رکتبِ سیرت سے انتخاب بھی، منتخب او مؤثر کتابوں کا ذکر بھی ہے، اربابِ فضل وکمال سے انتساب بھی، امتحانات، آزمائشیں، ابتلاء ات کے مراحل، قناعت اور صبر واستقامت کے فضائل، نسلِ نو کی کام یابی کا لائحہ عمل، مساعی او رجدوجہد کے اہداف،رزق حلال اور حصول علم وکمال کے راہ نما اُصول، دعوت وخطاب، حکمت ودانائی اور عقل مندی وبینائی کے کہکشاں ، علم وادب کا حسین شہ کار، علم پرور، ایمان افروز اور ولولہ انگیز مضامین کا حسین مرقع…
روحانی بیماریوں کی نشان دہی اور علاج، فرقِ باطلہ کا تعاقب اور اجتناب، دعوتی، تبلیغی ، اصلاحی او رجہادی سرگرمیاں ، اصلاحِ انقلابِ اُمت کے مشن کا فروغ، تصوف وسلوک اور بیعت وطریقت کی برکتیں، مناظروں اور مجادلوں کی حقیقت اور احتراز کی نصیحت…
والدین، اولاد بالخصوص بزرگوں، خوردوں، نوجوانوں، بچوں، بچیوں اور عامة المسلمین کے لیے مفید ترین لائحہ عمل، اپنے طرز کی پہلی انوکھی اور البیلی کتاب…“کتاب کا انداز تحریر بے تکلف، سلیس ورواں، دلچسپ ودل نشیں اور از دل خیز دبردل ریزد کا مصداق ہے۔
امید ہے کہ کتاب کا مطالعہ والدین کے حقوق کی ادائیگی، اولاد کی تعلیم وتربیت اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مفید ثابت ہو گا اور کام یاب زندگی گزارنے میں بہترین معاون!
کتاب کا کاغذ درمیانہ اور جلد بندی مضبوط ہے۔
اہل دل کی باتیں
ترتیب: مولانا مجیب الله ندوی
صفحات:175 سائز:23x36=16
ناشر: دبیر احمد،25۔ای، رفاہ عام سوسائٹی، ملیر ہالٹ، کراچی
حضرت مولانا محمد احمد صاحب پرتاب گڑھی رحمة الله علیہ حضرت مولانا فضل الرحمن گنج مراد آبادی کے ایک ممتاز خلیفہ حضرت مولانا شاہ بدر علی سے مجاز بیعت وخلافت تھے۔ زیر نظر مجموعے میں مولانا مجیب الله ندوی نے حضرت پڑتاب گڑھی کے ملفوظات کو مرتب کرکے شائع کیا ہے جو پہلے ماہنامہ ”الفرقان“ میں قسط وار شائع ہوتے رہے اور پھر انہیں مرتب کرکے کتابی صورت میں پیش کیا گیا، حضرت شاہ حکیم محمد اختر صاحب نے حضرت مولانا پرتاب گڑھی کے جو ملفوظات جمع کیے تھے وہ بھی اس میں شامل کیے گئے ہیں۔ حضرت مولانا پرتاب گڑھی کو منظوم ومنثور دونوں کلاموں پر عبور حاصل تھا اور زیر نظر کتاب میں ان کے کلام منظوم کے بھی کئی نمونے پیش کیے گئے ہیں۔ مولانا مجیب الله ندوی نے ان کی وفات پر ”آہ! بزم علم ومعرفت کی پرسوز آواز خاموش ہو گئی“ کے عنوان سے مضمون لکھا تھا وہ بھی اس مجموعے میں شامل کیا گیا ہے ۔ یہ ملفوظات تکلف وتصنع سے خالی ہیں اور اپنے اندر بے پناہ تاثیر اور اثر انگیزی رکھتے ہیں، بادہٴ عشق ومحبت کی گرمی اور سرمستی ان میں نمایاں نظر آتی ہے۔ الله تعالیٰ مرتب وصاحب ملفوظات کے لیے اسکو ذریعہ نجات بنائے اور ہمیں ان سے استفادے کی توفیق عطا فرمائے۔
یہ کتاب کارڈ ٹائٹل کے ساتھ درمیانے کاغذ پر چھپی ہے۔
کتاب الزنا
مؤلف: مولانا محمد عابد قریشی
صفحات:488 سائز:23x36=16
ناشر: دارالاشاعت، اردو بازار، کراچی
یہ کتاب جامعہ دارالعلوم کراچی کے فاضل مولانا محمد عابد قریشی نے مرتب کی ہے اور اس میں اختصار وجامعیت کے ساتھ زنا کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو، دنیاوی سزا، اخروی عذاب، معاشرتی خرابیوں، برائیوں، نقصانات اور زنا کی طرف داعی اسباب وذرائع کی قباحت وشناعت ، ان سے بچنے کا طریقہ اور گناہوں سے توبہ کے احکام ومسائل بیان کیے گئے ہیں ۔ کتاب کو دو حصوں اور دس ابواب میں اس طرح تقسیم کیا گیا ہے کہ حصہ اول میں سات جب کہ حصہ دوم میں تین ابواب ذکر کیے گئے ہیں ۔ پہلے باب میں زنا کی حرمت کا بیان ، دوسرے میں زنا کی قباحتیں اور مفاسد، تیسرے میں زنا کے اقسام ومراتب، چوتھے میں زنا کے معاشی ومعاشرتی نقصانات، پانچویں باب میں زنا کے اسباب وذرائع، چھٹے میں زنا سے حفاظت کی تدابیر، ساتویں میں گناہوں سے توبہ کی ضرورت واہمیت ، آٹھویں میں زنا کی سزاؤں کا بیان، نویں میں حد قذف ولعان اور دسویں باب میں زنا پر مرتب ہونے والے احکام ومسائل وغیرہ بیان کیے گئے ہیں۔
اس طرح یہ کتاب زنا سے متعلق امور اور احکام ومسائل کے لیے ایک جامع مجموعہ بن گئی ہے او راس کا نام ”کتاب الزنا“ رکھا گیا۔ تاہم ”کتاب الزنا“ کے لفظ میں ایک قسم کا ثقل اور تنفر محسوس ہوتا ہے، لہٰذا کتاب کا نام ” کتاب الزنا“ کے بجائے” زنا کی شناعتیں اور احکام ومسائل “ رکھ دیا جائے تو زیادہ بہتر ہو گا۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔
دروس ترمذی
افادات: شیخ الحدیث مولانا سحبان محمود ضبط وتحریر: مولانا محمد اسحاق
صفحات:432 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبة الزھرہ،کراچی
شیخ الحدیث حضرت مولانا سحبان محمود صاحب ایک طویل عرصہ تک جامعہ دارالعلوم کراچی میں صحیح بخاری اور جامع ترمذی کا درس دیتے رہے، اس دوران کئی نامور علماء نے ان سے استفادہ کیا ہے، یہ ان کے جامع ترمذی کے دروس کی املائی تقریر ہے جسے دارالعلوم کراچی کے استاذ مولانا محمد اسحاق جہلمی نے 1388ھ میں قلم بند فرمایا تھا اور حضرت شیخ الحدیث نے اس پر نظر ثانی بھی فرمائی تھی، اب دارالعلوم کراچی کے متخصص فی الافتاء مولوی حمزہ بن عبدالرزاق نے اس پر ترتیب وتہذیب اور تخریج کا کام کیا ہے، چناں چہ یہ ان دروس کی جلد اول ہے جو ابواب الطہارة کی تشریح پر مشتمل ہے اور ہر باب کی احادیث کو ذکر کرکے جامع ومرتب انداز میں گفت گو بیان کی گئی ہے۔ شرح کی ثقاہت ومعیار کا اندازہ صاحب افادات کی علمی حیثیت سے لگایا جاسکتا ہے، یہ شرح علماء وطلباء دونوں کے لیے یکساں مفید ہے اور امید ہے کہ اہل علم حضرات اس سے ضرور استفادہ فرمائیں گے۔
کتاب کی طباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔