لیک ذوقِ سجدۂ پیش خدا
خوشتر آید از دو صد ملکت ترا
خدا کے حضور ایک سجدہ میں تم کو دو سو سلطنت سے زیادہ مزہ آئے گا، مگر شرط یہ ہے کہ تقویٰ ہو، اہل اللہ کی صحبت ہو۔
اکابر اولیاء اللہ کی احتیاط امارد سے
اب مولانا فرماتے ہیں ایک مرض اور ہے۔ بعض لوگوں کو بے داڑھی مونچھ والے لڑکوں کی طرف میلان ہوتا ہے لہٰذا ایسے لوگوں کو تو لڑکوں سے بہت بچنا چاہیے جبکہ ہمارے بزرگوں نے خود احتیاط کرکے ہمیں سبق سکھادیا۔
حضرت سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ عورت کے ساتھ دو شیطان ہوتے ہیں اور حسین لڑکوں کے ساتھ دس شیطان ہوتے ہیں۔ چنانچہ ایک بار حضرت حمام میں تھے کہ اچانک ایک اَمرد آگیا، آپ نے فرمایا اَخْرِ جُوْہُ اس کو جلدی نکالو، میں اس کے ساتھ دس شیطان دیکھ رہا ہوں۔ اور حکیم الامت کی کیا شان تھی۔ آج ہم لوگ حکیم الامت کے عاشق کہلاتے ہیں، ہم لوگوں کی زیادہ ذمہ داری ہے حضرت کی تعلیمات پر چلنے کی۔ مولانا شبیر علی صاحب نے ایک بار ایک لڑکے کو اوپر بھیج دیا جہاں حضرت تفسیر بیان القرآن لکھ رہے تھے، حضرت فوراً نیچے اُتر آئے، ایک لمحہ کی تنہائی کو گوارا نہیں فرمایا اور فرمایا کہ مولوی شبیر علی میری تنہائیوں میں ان لڑکوں کو نہ بھیجا کرو جن کے ابھی داڑھی مونچھ نہیں آئی، اور فرمایا کہ جو لوگ مجھے اپنا بڑا سمجھتے ہیں اور مجھ سے عقیدت رکھتے ہیں، میرے اس عمل سے سبق لیں۔ دیکھئے! ہمارے بزرگوں نے تو اتنی احتیاط کی ہے۔
علاج اَمرد پرستی
مولانا رومی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں اور میں مولانا رومی ہی کا طرزِ بیان اختیار کرنا چاہتا ہوں۔ فرماتے ہیں ؎
کود کے از حسن شد مولائے خلق