Deobandi Books

تکمیل معرفت

ہم نوٹ :

6 - 34
پیش لفظ
یہ وعظ جو پیش ناظرین ہے مرشدنا ومولانا عارف باللہ شاہ حکیم محمداختر صاحب دامت برکاتہم نے مجلس صیانۃ المسلمین کے سالانہ اجتماع کے تیسرے اور آخری دن کی بعد عصر کی آخری نشست میں مؤرخہ ۱۵ جمادی الاولیٰ  ۱۴۱۴؁ھ  مطابق ۳۱ اکتوبر  ۱۹۹۳؁ء بروز اتوار بوقت تقریباً پونے پانچ بجے شام جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ  لاہور کے صحن میں بیان فرمایا، جس میں حضرت والا دامت برکاتہم نے اپنے خاص عاشقانہ ودل آویز انداز اور درد بھرے الفاظ میں حصولِ نسبتِ خاصہ علیٰ سطح الولایہ کے لیے قلب کو غیر اللہ سے پاک کرنے کی ضرورت واہمیت کو واضح فرمایا جس کے بغیر اللہ تعالیٰ کی محبت ومعرفت کی تکمیل اور نسبت مع اللہ کا خواب دیکھنا ریت پرمحل بنانا ہے۔ جتنے معبودانِ باطل ہیں خواہ باہ کے ہوں خواہ جاہ کے یعنی خواہ بتان مجازی کا عشق ہو خواہ حبِّ جاہ وحبِّ مال وغیرہ ہوجب تک یہ الٰہِ باطلہ قلب سے نہیں نکالے جائیں گے حصولِ نسبت مع اللہ محال ہے۔ اِلَّااللہُ کی تجلی لَا اِلٰہَ کی تخلی پر موقوف ہے۔ اس بلیغ مضمون کو حضرت مرشدی دامت برکاتہم نے مختصر اور جامع انداز میں قرآن وحدیث کے دلائل اور مثنوی مولانا روم کی شرح اور اپنے دردِ عشق و زبانِ عشق سے بیان فرمایا جو سالکانِ طریق کے لیے مشعلِ راہ اور سلوک وتصوف کا نچوڑ ہے ۔اللہ تعالیٰ شرفِ قبول عطا فرماویں اور سالکین طریق کے لیے قیامت تک مشعلِ ہدایت بناکر حضرت والا دامت برکاتہم اور جملہ خدام ومعاونین کے لیے صدقہ جاریہ بنادیں۔آمین
اس وعظ کو برادرم سہیل احمد صاحب انجینئر نے ٹیپ سے نقل کیا اور احقر راقم الحروف نے ترتیب دیا اور گاہ گاہ حوالے بین القوسین درج کئے اور اس کانام ’’تکمیل معرفت‘‘ تجویز کیا گیا اور حضرت والا دامت فیوضہم کی نظر ثانی کے بعد آج مؤرخہ ۶ ذی القعدہ   ۱۴۱۴؁ھ مطابق    ۱۹ اپریل  ۱۹۹۴؁ء بروز دوشنبہ سپردِ طباعت کیا جارہا ہے۔
رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا اِنَّکَ اَنْتَ السَّمِیْعُ الْعَلِیْمُ
مرتب:
یکے از خدام حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم
Flag Counter