ملفوظات حکیم الامت جلد 30 - یونیکوڈ |
توکلا علی اللہ تعالیٰ اجازت دیتا ہوں اگر کوئی طالب حق درخواست کرے انکار نہ کریں اور اپنے خاص دوستوں کو اس کی اطلاع کردیں اور مجھ کو اپنا پتہ جس سے ڈال پہنچ سکے لکھ بھیجیں - میں اپنی یادواشت میں اس کو درج کروں گا - فقط اشرف علی اس پر اکتفا نہیں فرمایا بلکہ جناب مولوی شبیر علی صاحب کے ذریعہ سے دوسری اطلاع ارسال فرمائی اور تحریر فرمایا کہ ( یہ پرچہ مولوی فقیر محمد سرحدی کو دیدیا جاوے اگر موجود ہوں ورنہ تلف کردیا جاوے ) وھو ھٰذا از اشرف علی - مشفقم مولوی فقیر محمد سلمہ اللہ تعالیٰ السلام علیکم وحمتہ اللہ - بے ساختہ میرے قلب میں وارد ہوتا ہے کہ تم کو بیعت اور تلقین کی اجازت توکلا علی اللہ تعالیٰ دیدوں - اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ تم سے نفع پہنچاوے - سو اگر تم سے کوئی طالب بیعت اور تلقین کی درخواست کرے تو تم انکار نہ کرنا - ان شاء اللہ تعالیٰ جانبین میں برکت ہوگی اور اپنے خاص خیر خواہوں کو اس اجازت کی اطلاع کردینا اور اپنا پتا جس سے ڈال میں خط پہنچ سکے لکھ کر میرے پاس بھیج دینا میں اہل اجازت کے پتے اپنے پاس منضبط رکھتا ہوں اور موقع پر شائع کردیتا ہوں - والسلام از لکھنؤ امین آباد پارک نمبر 37 معرفت شیخ محمد حسن صاحب باقی خیریت ہے الحمد للہ صحت ہوگئی صرف ضعف کسی قدر ہے اللہ تعالیٰ دوستوں سے جلد ملادے - 9 رجب 1357 ھ ان شفقتوں ان نوازشوں اور ان توجہات کا تذکرہ ایسا نہیں جو کبھی ختم ہوسکے اگر خدا نے توفیق دی اور اس کی مدد شامل حال رہی تو اپنے دل کے ارمان نکالوں گا اور حضرت والا کے وہ اذکار وہ ارشادات وفیوض و برکات جو ابھی تک صفحہ کا غذ پر نہیں آسکے عالم کے سامنے پیش کروں گا وہ نکات وہ رموز وہ اسرار جب سے اب تک دنیا آگاہ نہیں ہر ایک پر ظاہر کردوں گا وہ کلمات اور وہ مقالات متبرکہ جن کو سن کر عرفاء کو حیرت علماء کو تحیر اور محققین کو تعجب ہو شائع کروں گا اللہ تبارک و تعالیٰ میرے ارادوں میرے مقاصد اور میری تمناؤں کو پورا فرمائے - ( آمین ) لاہور میں ورود مسعود غرض امر تسری سے لاہور تک مولوی فقیر محمد صاحب کے تذکرے کے علوہ برابر علوم ظاہری و باطنی کے ملفوظات کا سلسلہ جاری رہا اور مسلسل حقیقت و معرفت کا مینہ برستا گیا