Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الثانیہ 1433ھ

ہ رسالہ

18 - 18
 مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

قرآن میں کیا ہے ؟
مرتب: ابن غوری
صفحات، جلد اول:616، جلددوم:496 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

اس کتا ب میں قرآن مجید کے تیس پاروں کے مضامین کا خلاصہ پیش کیا گیا ہے ، مؤلف کتاب نے رمضان المبارک کے مہینے میں تراویح کے بعد نمازیوں کو سوا پارے کے مضامین کے خلاصہ کوسنانے کی ترتیب رکھی تھی اور پھر اسے مرتب کرکے کتابی شکل میں دو جلدوں میں شائع کیا ہے، جلد اول پہلی انتیس سورتوں کے مضامین پر مشتمل ہے اور جلد ثانی میں بقیہ سورتوں کے مضامین کا خلاصہ شامل کیاگیا ہے، اس طرح یہ کتاب مختصر وقت میں قرآن مجید کے مضامین اور پیغام کو سمجھنے اور تراویح میں نمازیوں کو تراویح میں پڑھے گئے قرآن مجید کے خلاصے کو بیان کرنے کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔ حضرت مولانا ابوالحسن ندوی رحمة الله علیہ نے اس پر تقریظ بھی لکھی ہے اور دیگر کئی علمائے کرام نے اپنے مثبت تأثرات سے کتاب کو زینت بخشی ہے۔ دارالعلوم نلگنڈا، اے پی کے ناظم مولانا سید احسان الدین قاسمی کتاب کے بارے میں لکھتے ہیں:

”ابن غوری صاحب زید مجدہ نے قرآن کریم کے افادات کو ”قرآن میں کیا ہے ؟ “ کے نام سے اردوداں حلقہ تک پہنچانے کی کام یاب کوشش کی ہے ۔ اس سلسلہ میں موصوف نے عصر حاضر کی دو مستند تفاسیر، تفسیر معارف القرآن او رتفسیر ماجدی کو اپنا ماخذ بنایا ہے او رنہایت گہرائی سے مطالعہ کرکے ان کا عطر کشید کیا ہے او ربڑے سلیقے سے اختصار وجامعیت کے ساتھ ہمارے سامنے پیشکیاہے ۔ سورت کے شروع میں سورت کے مرکزی مضامین کی طرف اشارہ کیا ہے پھر تمام موضوعات پر ترتیب وارعلاحدہ علاحدہ دل کش وجاذب نظر عنوانات کے تحت مسائل کا احاطہ کیا ہے ۔ آپ کو کتاب کی سطر سطر سے ادبی چاشنی ملے گی اور بیچ بیچ میں قرآن حکیم کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے بطور استدلال اس طرح لائے گئے ہیں کہ لگتا ہے جیسے نگینہ جڑ دیا ہے اور راست عربی کے ذریعے فہم قرآن کی دعوت دی ہے ۔ عبرت وموعظت کے پہلوؤں کو بھی خوب اجاگر کیا ہے، حسب موقع احکام ومسائل کے پہلو بہ پہلو اسرار وحکم پر بھی بہ قدر ضرورت روشنی ڈالی ہے ، عمل کی اسپرٹ پیدا کرنے کے لیے موقع بہ موقع روایات فضائل کے بیان کا بھی اہتمام کیا ہے، آیات وسور کے شان نزول کا تذکرہ بھی ہے۔ الغرض حتی الوسع اختصار کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ کتاب قرآنی تعلیمات کا ایک جامع مرقع اور حسین گل دستہ او رکم فرصت والوں کے لیے نعمت بے بہا ہے۔“

کتاب کی کمپوزنگ، سیٹنگ، جلدبندی اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

معارف ام القرآن
تالیف: مولانا محمد نعمان
صفحات:344 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ الیاس،Z-85، بہادر یا رجنگ سوسائٹی ، کراچی

اس کتاب میں تعوذ، تسمیہ اور سورہ فاتحہ سے متعلق مختلف علمی مباحث کو جمع کیا گیا ہے ۔ جن میں سے بیس مباحث تعوذ سے متعلق، تیس تسمیہ سے متعلق اور پچاس مباحث سورہ فاتحہ سے متعلق ہیں ، اس طرح یہ کل سو مباحث ہو جاتے ہیں ، جن میں تعوذ وتسمیہ اور سورہ فاتحہ کے صرفی، نحوی،لغوی، فقہی اور ان کے علاوہ مختلف گوشوں کو اجاگر کرنے کی سعی کی گئی ہے ۔ اپنے موضوع پر یہ ایک جامع اور عمدہ تالیف ہے اور اس سے زیادہ استفادہ اہل علم ہی کر سکتے ہیں کہ یہ مباحث بھی علمی ہیں اور پھر ان میں سے اکثر مباحث عربی عبارتوں پر مشتمل ہیں ۔ کتاب میں حوالہ دینے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ، اگر معروف طریقہ تحقیق کے مطابق حوالہ جات حواشی کی صورت میں لکھ دیے جائیں تو کتاب کی خوب صورتی میں اضافہ اور استفادے میں آسانی ہو گی۔ جامعہ فاروقیہ کراچی کے استاذ حدیث حضرت مولانا عبدالرزاق صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقریظ بھی اس میں شامل کی گئی ہے جو کتاب کی ثقاہت میں اضافے کا باعث ہے۔

کتاب کا ورق عمدہ، جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

حصن حصین مترجم
تالیف: علامہ شمس الدین ابوالخیر محمد بن محمد بن علی بن یوسف جزری
مترجمہ: ابوالعلاء مولانا محمد عبدالعلیم ندوی
صفحات:560 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، اردو بازار، کراچی

”حصن حصین“ ادعیہ واذکار پرمشتمل علامہ شمس الدین ابن الجزری رحمة الله علیہ کی مشہور ومعروف تالیف ہے اور دلائل الخیرات وحزب اعظم جیسی ادعیہ واذکار کی دیگر کتابوں کی طرح یہ کتاب بھی اکابر وبزرگوں کے معمولات کا حصہ رہی ہے۔”قول متین“ کے نام سے اس کا یہ اردو ترجمہ ابوالعلاء حضرت مولانا محمد عبدالعلیم ندوی رحمة الله علیہ نے کیا ہے ، جو تقریباً نصف صدی قبل شائع ہوا ہے اور مسلسل شائع ہوتا رہا ہے ، جس میں درج ذیل باتوں کا خیال رکھا گیا تھا:
1...ہر لفظ کا ترجمہ اس طرح کیا گیا ہے کہ لفظ کے معنی اور مراد دونوں واضح ہو جائیں اور زبان کا لطف بھی باقی رہے۔
2 ...مشکل الفاظ کی لغوی تحقیق بھی کی گئی ہے۔
3 ...ہر حدیث کی مختصر او رمعنی خیز تشریح کی گئی۔
4 ... جہاں کسی فقہی مسئلے کو بیان کرنا ضروری سمجھا وہ بیان کر دیا گیا۔
5 ... جہاں قرآنی آیت کا کوئی ٹکڑا تھا وہاں پوری آیت نقل کر دی۔
6 ... ضمناً”نماز، روزہ، حج وغیرہ“ کے آداب اور ان سے متعلق ضروری مسائل بھی بیان کر دیے ہیں۔

کتاب کا زیر نظر ایڈیشن مولانا محمد عبدالعلیم ندوی کے صاحبزادے ڈاکٹر عبدالمقیت شاکر علیمی کی ترتیب نو کے ساتھ شائع ہوا ہے ۔ انہوں نے بعض جگہ تشریحی نوٹس میں اضافے بھی کیے ہیں اور اس کے علاوہ دیگر کئی مفید باتوں کا خیال بھی رکھا ہے۔

کتاب میں بعض جگہ تشریحی نوٹس فقہی اعتبار سے نظر ثانی کے قابل ہیں ، مثلاً صفحہ269 میں کہا گیا ہے کہ ” قرآن مجید میں پندرہ آیتیں ایسی ہیں کہ انہیں پڑھ کر یاسن کر سجدہ کرنا واجب ہے “ جب کہ احناف کے ہاں قرآن مجید میں کل چودہ سجدے ہیں، پندرہ نہیں ، اگر اس میں مذہب احناف کو مدنظر نہیں رکھا گیا تب بھی وضاحت ضروری ہے کہ اردو زبان کے عمومی قارئین فقہ حنفی سے وابستہ ہیں او راس طرح کی تعبیر غلط فہمی کے امکان سے خالی نہیں۔ اسی طرح ایک او رجگہ صفحہ271 پر ڈاکٹر علیمی صاحب نے جلسہ کی دعا کے بعد لکھاہے کہ ” دو سجدوں کے درمیان بیٹھنا فرض ہے ، اس لیے اس دعا کا کم از کم پہلا حصہ ”اللھم اغفرلی وارحمنی“ ضرور پڑھ لے ، تاکہ فرض ادا ہو جائے۔“ یہ تشریحی نوٹ بھی فقہی اعتبار سے بظاہر صحیح نہیں ہے کیوں کہ دوسجدوں کے درمیان کا جلسہ او راس میں اطمینان کے ساتھ بیٹھنا واجب ہے ، فرض نہیں۔ بہرحال فقہی حوالے سے یہ کتاب نظرثانی کے قابل ہے اور اس میں قرآنی آیات کی لفظی واعرابی غلطیوں کی تصحیح بھی ضروری ہے۔

یہ کتاب مضبوط جلد بندی کے ساتھ درمیانی ورق پر چھپی ہے۔

قرآنی اعمال
زیر نظر رسالہ میں جناب ابراہیم یوسف باوا صاحب  نے قرآنی آیات کے فوائد و برکات او رمختلف امور میں ان کی تاثیرکے حوالے سے لکھا ہے۔ اس میں انہوں نے بعض مجربات اور پچاس اعمال قرآنی کو لکھا ہے جونعمتوں، برکتوں، او رکامیابیوں وکام رانیوں کے حصول اور مصائب وامراض کے دفعیے میں کار آمد ہیں۔ رسالے کے صفحات64 ہیں او رناشر کا پتہ ہے : ادارہ اشاعت الاسلام، مانچسٹر، یوکے۔
Flag Counter