اخبار جامعہ
ادارہ
حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب کی آمد
بروز جمعرات21 ربیع الثانی کو خطیب لال مسجد حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب جامعہ فاروقیہ کراچی تشریف لائے، چناں چہ جامعہ کے طلبہ کرام نے حضرت کا پُرتپاک استقبال کیا اور دیر تک مصافحوں کا سلسلہ چلتا رہا، اس موقع پر جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ کرام کی خوشی دیدنی تھی، بعدازیں مولانا عبدالعزیز صاحب مہمان خانے تشریف لے گئے او رجامعہ کے اساتذہ حدیث سے تبادلہ خیال فرمایا۔
شعبہ حفظ وناظرہ کی سرگرمیاں
24 ربیع الثانی، جامعہ فاروقیہ کراچی کی مجلس شوریٰ نے ”مکتب تعلیم القرآن“ کے مرتب کردہ ”تربیتی نصاب“ کو سراہتے ہوئے اس کورس کو جامعہ کے شعبہ حفظ وناظرہ کے نصاب میں داخل کر دیا ہے ، لہٰذا کچھ ماہ سے تربیتی نصاب کی کتاب درساً پڑھائی جارہی ہے۔
چناں چہ نصاب کی افادیت اور بچوں پر اُس کے اثرات کے حوالے سے شعبہ حفظ وناظرہ میں ایک تعلیمی تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں بچوں سے تربیتی نصاب کا باقاعدہ تقریری جائزہ ہوا۔
تقریب کے منتظم مولانا عمار خالد ( نگران شعبہ تحفیظ جامعہ)، منصف، مفتی عمر فاروق صاحب ( مدرس جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII) اور مولانا عبدالله صاحب ( نگران شعبہ حفظ وناظرہ رفاہ عام شاخ) جب کہ مہمان منتظم مفتی ابراہیم صاحب نگران ”مکتب تعلیم القرآن“ تھے۔
یہ مبارک تقریب جامعہ فاروقیہکے اساتذہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب اور حضرت مولانا عبدالرزاق صاحب کی زیر سرپرستی منعقد ہوئی اور آخر میں ان حضرات نے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔
شعبہ تحفیظ وفاق المدارس(کراچی) کی مشاورت
25 ربیع الثانی کو جامعہ فاروقیہ میں شعبہ تحفیظ وفاق المدارس کراچی کی ایک سالانہ مشاورت منعقد ہوئی،جس میں سال گذشتہ کی کار گزاری اور آئندہ امتحانات کے حوالے سے گفت گو اور تجاویزکا جائزہ لیا گیا۔ اس مشاورت میں کراچی کی سطح کے مسئولین شعبہ تحفیظ شریک ہوئے۔
مفتی محمد عثمان صاحب رشتہ ازدواج میں منسلک
29 ربیع الثانی، جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کے مدرس اور نگران شعبہ انتظامی امور مفتی محمد عثمان صاحب بروز جمعہ المبارک کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔
مہمانوں کی آمد
10 جمادی الاولیٰ1433ھ کو برما سے تشریف لانے والے معزز مہمان حضرات نے حضرت شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ ( صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان) اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی۔ ان حضرات میں برما کے مختلف علاقوں کے علماء کرام مشامل تھے۔ جن میں حضرت مولانا جمال الدین صاحب ، مفتی عارف محمود ی صاحب، مفتی جلال الدین صاحب، مفتی محمد علی قاسمی اور مولوی حافظ عثمان صاحب بھی تھے۔
اسی طرح11 جمادی الاولیٰ کو بھی دارالعلوم دیوبند، خانقاہ امدادیہ، تھانہ بھون اور ہندوستان کے دیگر علاقوں کے علماء کرام نے حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے ملاقات کی۔ معزز مہمانوں میں حضرت مولانا نجم الحسن صاحب زید مجدہ (ناظم اعلیٰ خانقاہ امدادیہ، تھانہ بھون) نے جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں طلبہ کرام میں بیان بھی فرمایا۔
12 جمادی الاولیٰ کو مفتی عبدالوحید صاحب (مہتمم ادارہ معارف القرآن) جامعہ فاروقیہ تشریف لائے ، حضرت شیخ الجامعہ زید مجدہ اور حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب سے دفتر اہتمام میں ملاقات کی۔
جامعہ فاروقیہ کراچی میں یک ماہی امتحانات
12 جمادی الاولیٰ بروز بدھ جامعہ فاروقیہ مرکز اور فیزII میں یک ماہی تقریری اور 13 جماد ی الاولیٰ بروز جمعرات کو تحریری امتحانات کا سلسلہ رہا۔
دعوت عقیقہ
جامعہ فاروقیہ کراچی کے مدرس اور رفیق شعبہ تصنیف مفتی عارف محمود کے ہاں صاحب زادے کی پیدائش ہوئی اور بروز اتوار 15 جمادی الاولیٰ کو ان کی طرف سے جامعہ کے تمام اساتذہ کرام کے لیے عقیقے کی دعوت طعام کا اہتمام کیا گیا اس کے علاوہ یہ بات یقینا ہمارے قارئین کے لیے خوش گوار ہوگی کہ جامعہ کے اساتذہ مولانا مبشر صاحب، مولانا محمد واحد صاحب او رمفتی عبدالله صاحب کے ہاں بھی بچوں کی پیدائش ہوئی ۔ الحمد رب العالمین جعلھم الله مبارکاً علی اَبوَیھم وعلی اُمَّةِ محمد صلى الله عليه وسلم․