مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
اسلام کا نظام سیاست وحکومت
تالیف: مولانا عبدالباقی حقانی
مترجم: (جلداول) مولانا سید الأمین انور حقانی ، (جلدثانی) مولانا شکیل احمد حقانی
صفحات: جلد اول:715، جلد ثانی:831 سائز:20x30=8
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ
مولانا عبدالباقی جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے فاضل، دارالعلوم چارسدہ کے سابق استاد اور طالبان دور حکومت میں افغانستان کے بعض علاقوں میں عہدہٴ قضاء پر فائز رہے ہیں۔ ”اسلام کا نظام سیاست وحکومت“ کے نام سے زیر نظر کتاب ان کی پشتو تالیف ” السیاسة والإدارة الشرعیہ فی ضوء ارشادات خیر البریة“ کا اردو ترجمہ ہے۔ کتاب کو دو جلدوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ پہلی جلد کا ترجمہ مولانا سید الأمین انور حقانی نے جب کہ دوسری جلد کا ترجمہ مولانا شکیل احمد حقانی نے کیا ہے۔ جلد اول میں سیاست اورخلافت کے متعلق نہایت وقیع اور تفصیلی گفت گو کی گئی ہے اور اس موضوع کا بڑی حد تک استقصاء کیا گیا ہے جب کہ جلد ثانی حکومت اور اسلامی اداروں کے نظم ونسق سے متعلق ہے اور یہ بھی اپنے موضوع پر نہایت جامع اور عمدہ مجموعہ ہے۔کتاب میں سیاست وحکومت سے متعلق قرآنی آیات ، احادیث مبارکہ، صحابہ وتابعین کے آثار اور قدیم وجدید علمی ذخیرے سے بھرپور استفادہ کیا گیا ہے۔ نظام خلافت کا نفاذ، اسلامی حکومت کے نظم ونسق کو چلانا اداروں کو مضبوط ومنظم کرنا او رانہیں اسلامی قوانین کے سانچے میں ڈھالنا اس کتاب کا بنیادی مقصد ہے اور اس سلسلے میں قدیم وجدید عربی کتابوں سے عبارت نقل کرکے اس کا اردو ترجمہ اور حاشیہ میں ان کے حوالے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ کتاب میں اکابر امت اور نامور علمی شخصیات کی تقاریظ بھی شامل کی گئی ہیں ۔یہ کتاب اسلامی سیاست وحکومت کے موضوع پر ذخیرہ کتب میں ایک عمدہ اضافہ ہے اور اس کے مطالعے سے اس موضوع کی قدیم وجدید عربی وغیر عربی کتب سے تعارف بھی ہو جاتا ہے ۔ الله تعالیٰ کی ذات عالی سے امید ہے کہ یہ کتاب اسلامی حکومت کے قیام اور سیاست وحکومت کے حوالے سے مسلمانوں کی تعمیر وترقی میں بھرپور معاون ثابت ہو گی۔
کتاب کے ترجمے کی زبان متأثر نظر آتی ہے او ر اس کی نوک پلک سنوارنے کے لیے نظرثانی کی گنجائش ہے۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
ھدایة الساري إلی دراسة البخاری
تالیف: مولانا امداد الحق
صفحات: جزء اول :381، جزء ثانی:300، سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، شاہ زیب سینٹر، نزد مقدس مسجد، اردو بازار، کراچی
یہ کتاب مولانا امداد الحق سلہٹی بنگلادیشی کی ” الفیض الساري فی شرح صحیح البخاری“ کے نام سے صحیح بخاری کی زیر تالیف عربی شرح کا مقدمہ ہے ، جو دو اجزاء پر مشتمل ہے ، جزء اول میں اسلام کے اصول ومبادی، حجیت حدیث ، منکرین حدیث کا رد، امام اعظم ابوحنیفہ کے فضائل ومناقب اور فقہ حنفی کی ترتیب وتدوین کے متعلق گفت گو کی گئی ہے جب کہ جزء ثانی میں امام بخاری کے حالات زندگی، صحیح بخار ی کا مقام ومرتبہ ، سندھ وبنگال میں علم حدیث کی آمد او رفن حدیث کے قواعد وضوابط کے متعلق تفصیلی گفت گو ہے ۔ مذکورہ عنوانات کو مباحث میں تقسیم کرکے ہر بحث کو” فائدے“ کا عنوان دیا گیا ہے ، اس طرح جزء اول کل تینتالیس اور جزء ثانی چھیالیس فوائد پر مشتمل ہے اور ہر ایک جز، کے آخر میں اس کے مضامین کی فہرست دی گئی ہے کتاب کی ابتداء میں دارالعلوم دیوبند اور بنگلادیش کے بعض علما وبزرگوں کی تقاریظ بھی شامل کی گئی ہیں اور بعض تقاریظ میں اس شرح کو بنگلادیش کے حوالے سے صحیح بخاری کی پہلی عربی شرح قرار دیا گیا ہے ۔ کتا ب میں کہیں کہیں حوالے موجود ہیں لیکن باقاعدہ حوالہ دینے کا اہتمام نہیں کیا گیا ، اگرحوالہ جات کا اہتمام کر لیا جائے تو اس سے کتاب کی ثقاہت بڑھ جائے گی۔ بہرحال یہ ایک قابل قدر علمی کاوش ہے اور اہل علم سے امید ہے کہ وہ اس کی قدر دانی کریں گے۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت متوسط درجے کی ہے۔
سوانح حیات حضرت مولانا سید احمد شاہ بخاری
تالیف: ملک عبدالقیوم اعوان
صفحات:392 سائز:23x36=16
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ
حضرت مولانا سید احمد شاہ بخاری دارالعلوم دیوبند کے بلند پایہٴ فضلاء میں سے تھے۔ تحریرو تقریر اور مناظرہ مختلف انداز واسلوب میں انہوں نے اہلسنت والجماعت کی ترجمانی کی، خصوصاً رافضیوں کی دسیسہ کاریوں کا علمی اسلوب میں بھرپور جواب دیا اور کئی مناظروں میں انہیں شکست فاش دی ۔ روافض کے رد میں ان کی تصانیف تحقیق فدک اور ”ثانی اثنین“ علمی حلقوں میں بہت مقبول ہوئیں۔” الفاروق“ کے نام سے ایک رسالے کا اجراء بھی کیا۔ تصوف میں پہلے انہوں نے حضرت خواجہ حسن سواگ رحمة الله علیہ سے بیعت کی اور ان کی وفات کے بعد امام الاولیاء، حضرت مولانا احمد علی لاہوری رحمة الله علیہ سیبیعت ہوئے او ران دونوں حضرات کی طرف سے آپ کو خلافت عطا کی گئی۔ مولانا محمد نافع زید مجدہ او رمولانامنظور احمد چنیوٹی رحمة الله علیہ کا شمار آپ کے شاگردوں میں ہوتا ہے ۔ زیر نظر کتاب آپ کی سوانح حیات ہے اور اس میں آپ کی زندگی کے حسین لمحوں اوردینی وملی خدمات کو اجاگر کرنے کی سعی کی گئی ہے ۔ کتاب کے مرتب ملک عبدالقیوم اعوان صاحب ہیں اور اس کی ترتیب واشاعت کاا ہتمام حضرت کے صاحبزادے مولانا سید محمد قاسم شاہ صاحب نے کیا ہے ۔ کتاب کی ابتداء میں مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب کا پیش لفظ اور آخر میں صاحب سوانح کے دارالعلوم دیوبند میں زمانہٴ طالب علمی کے قلمی خطوط کے عکس شامل کیے گئے ہیں۔ اکابر کی حیات وخدمات اور ان کے شب وروز کو محفوظ کرنے کے حوالے سے یہ ایک عمدہ کاوش ہے ، اس کا مطالعہ علماء طلبا اور سالکین کے لیے مفید وکار آمد ثابت ہو گا۔
کتاب کی کمپوزنگ میں سلیقہ مندی کی گنجائش موجود ہے کہ الفاظ کا فونٹ سائز بھی بڑا ہے، عنوانات میں کشش بھی نہیں ہے او رپھر اکثر عبارتوں کو اقتباس کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جس سے کتاب کے صفحات خالی خالی نظر آتے ہیں۔
کتاب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت متوسط درجے کی ہے۔
جدید عربی اور انگلش ایسے بولیے
تالیف : مولانا بدر الزمان قاسمی کیرانوی
صفحات:390 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبہ خدیجة الکبری، اردو بازار، کراچی
یہ کتاب جدید عربی او رانگلش سکھانے کے لیے تحریر کی گئی ہے ، اس میں اسلوب یہ اختیار کیا گیا ہے کہ زندگی کے مختلف شعبوں مثلاً ملاقات ، تعارف ، تعلیم ، ملازمت کے لیے انٹرویو، ہوائی جہاز کا سفر ، ریل کا سفر، ایک کاروباری ملاقات اور اس طرح کے مختلف عنوانات لے کر جدید عربی میں مکالمات پیش کیے گئے ہیں، اس کے بعد اردو وانگلش میں ان کا ترجمہ دیا گیا ہے ، یہ تقریباً کل ایک سو پچیس عنوانات ہیں جن کے تحت عربی اور انگلش میں مشق کرائی گئی ہے ۔ یہ کتاب ان لوگوں کے لیے تحریر کی گئی ہے جنہوں نے عربی اور انگلش کے قواعد کو پڑھا ہے لیکن انہیں گفت گو کرنے میں پریشانی ہوتی ہے ، اس کتاب کو بار بار پڑھنے او رمشق کرنے سے وہ ان دونوں زبانوں میں روانی سے گفت گو کر سکیں گے۔ جدید عربی بول چال سیکھنے کے لیے یہ کتاب نہایت کار آمد ہے ، مدارس کے طلبہ اور عربی زبان کے شائقین کے لیے بہت مفید ثابت ہو گی ، کتاب کی جلدی بندی مضبوط اور طباعت واشاعت میں سلیقہ مندی نمایاں ہے۔