Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ذوالحجہ 1432ھ

ہ رسالہ

15 - 16
اخبار جامعہ
ادارہ

متفقہ بیان
گذشتہ مہینے بعض مدارس کے طلبہ کو سرکاری اداروں کی جانب سے کوائف طلبی کے نام پر ہراساں کیا گیا۔ جس کی اطلاعات موصول ہوتے ہی وفاق المدارس کی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے حکومتی ذمہ داروں سے رابطہ کیا۔ چناں چہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اظہار لاعملی کے بعد حضرت شیخ الحدیث صدر وفاق المدارس مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدھم سمیت حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب ، مولانا قار ی محمد حنیف جالندھری صاحب اور مولانا انوار الحق صاحب ودیگر نے متفقہ بیان جاری کیا ، جس میں کہا گیا کہ مطلوبہ کوائف وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لے کر طلب کیے جائیں اور مدارس کو پریشان کرنے کا شرم ناک سلسلہ اگر بند نہ ہوا تو ہم راست اقدامات اٹھائیں گے۔

حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کی علالت
حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت شیخ زید مجدہ کے ساتھ ملتان کے سفر میں ہمراہ تھے واپسی کے بعد 23 شوال بروز جمعرات طبیعت ناساز ہوگئی اور یہ علالت کچھ دن تک رہی ، جس کی وجہ سے دو دن دفتر اہتمام بھی حاضر نہ ہو سکے۔

جامعہ میں مہمانوں کی آمد
25 شوال بروز ہفتہ جامعہ کے استاذ حضرت مولانا خلیل احمد صاحب کے بھائی مولانا بشیر احمد صاحب ( فاضل جامعہ اشرفیہ) جو عرب امارات میں رہائش پذیر ہیں جامعہ تشریف لائے اور حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ سے ملاقات کی۔

27 شوال بروز پیر مولانا حسین احمد صاحب ( فاضل جامعہ فاروقیہ کراچی) ناظم تعلیمات جامعہ عثمانیہ پشاور تشریف لائے اور مولانا عبیدالله خالد صاحب کی علالت کی بناء پر گھر پر حضرت سے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII
6ذوالقعدہ بروز بدھ حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب نے جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کا دورہ کیا، اس موقع پر حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، مفتی معاذ خالد صاحب ودیگر اساتذہ ہمراہ تھے۔

جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں گیس کی مین لائن کی تنصیب کا کام مکمل ہو جانے کے بعد اب میٹرفٹنگ کا کام بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

طلبہ کرام میں پندرہ روزہ بیان
5 ذوالقعدہ بروز منگل حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے طلبہ کرام میں اصلاحی بیان فرمایا جس میں حضرت نے متحدہ ہندوستان میں دینی نظام تعلیم کا مرکزی ڈھانچہ، اس کے دورس نتائج اور آج تک اس کے اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اکابر علمائے دیوبند کی خدمات، تقوی، اخلاص اور رسوخ فی العلم بھی بیان کا موضوع رہا۔

حضرت شیخ زید مجدہ کا اساتذہ میں بیان
9 ذوالقعدہ بروز ہفتہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہ نے جامعہ کے اساتدہ کرام میں اصلاحی بیان فرمایا جس میں حضرت نے مدرس کے اخلاص کی اہمیت ، فوائد او راثرات کے بارے میں گفتگو فرمائی۔

اجتماعی قربانی کے سلسلے میں اجلاس
10 ذوالقعدہ بروز اتوارجامعہ کی مشورہ گاہ میں اجتماعی قربانی کے سلسلے میں اجلاس ہوا، جس میں اساتذہ اور اہل محلہ شریک ہوئے۔

مولانا احسان الحق صاحب کی جامعہ آمد
12ذوالقعدہ بروز منگل مدرسہ عربیہ رائیونڈ کے استاذ حدیث اور رائے ونڈ مرکز کی مرکزی شوریٰ کے رکن حضرت مولانا احسان الحق صاحب جامعہ فاروقیہ تشریف لائے ۔ جامعہ کے اساتذہ نے حضرت کا پُرتپاک استقبال کیا او ربہت دیر تک دفتر اہتمام میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ او رمولانا عبیدالله خالد صاحب کے ساتھ خوش گوار ماحول میں محو گفتگو رہے مولانا احسان صاحب کے ساتھ اس موقع پر مولانا ضیاء الحق صاحب مولانا حسن ولی صاحب ، ڈاکٹر نوشاد صاحب او رمولانا سعد صاحب مدرسہ باب الاسلام کراچی بھی موجود تھے۔

دارالتصنیف ودارالافتاء کے امور سے متعلق اجلاس
12 ذوالقعدہ کو جامعہ کے دارالتصنیف کے رفقاء کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دارالتصنیف کے کتب خانے میں اضافہ، کشف الباری ، نفحات التنقیح، ترمذی شریف اور تفسیر کے تحقیقی، تخریجی کام کا جائزہ اور دیگر تصنیفی اورانتظامی امور کے حوالے سے طویل مشاورت ہوئی۔

13 ذوالقعدہ بروز بدھ دارالافتا جامعہ کے رفقاء کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دارالافتاء کے تعلیمی ،ادارتی اور تصنیفی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اس کے علاوہ مولانا عبیدالله خالد صاحب نے جامع مسجد رفاہ عام سوسائٹی میں حجاج کی تربیتی نشست میں بیان فرمایا۔

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی تبلیغی اجتماع میں شرکت
صدر وفاق المدارس شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ نے بھی تینوں دن کراچی کے تبلیغی اجتماع میں قیام فرمایا، دوران قیام حضرت کے ہمراہ مفتی حماد خالد صاحب اور مفتی نعمان احمد بھی تھے۔

حضرت شیخ زید مجدہ 13 اکتوبربعد نماز عشا ء جامعہ سے روانہ ہوئے، اجتماع گاہ پہنچنے پر کراچی شوریٰ کے اراکین سمیت علماء اور عوام کی بڑی تعداد نے حضرت کا پُر تباک استقبال کیا ، اس موقع حضرات علماء کی خوشی اور فرحت دیدنی تھی، دوران قیام حضرت مولانا احسان الحق صاحب اور شوریٰ کے اراکین وقفے وقفے سے حضرت کے پاس آکر مستفید ہوتے رہے ، اجتماع کے موقع پر حضرت سے ملاقات کے لیے آنے والوں میں حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب ، مفتی محمد نعیم صاحب، مولانا سلمان بنوری صاحب، بھائی یامین صاحب ، مفتی احمد ممتاز صاحب ، مفتی شاہد صاحب بھی تھے۔ لاہور شوریٰ کے اراکین نے حضرت کو ابراہیم مسجدآنے کی دعوت بھی دی ، اجتماع میں تین دن قیام کے بعد بروز اتوار اجتماعی دعا ختم ہونے کے ایک یا ڈیڑھ گھنٹے بعد حضرت شیخ زید مجدہ جامعہ واپس تشریف لائے۔

یادرہے کہ کراچی اجتماع میں جامعہ کی طرف سے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمد یوسف افشانی صاحب ، مفتی عبدالواحد صاحب، مفتی معاذ خالد صاحب، مفتی عصمت الله صاحب سمیت کئی اساتذہ جامعہ وقتاً فوقتاً شریک ہوتے رہے۔

یہ عظیم سہ روزہ اجتماع اورنگی ٹاؤن، گلشن بہار میں ہوا، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ،مملکت پاکستان کی موجودہ المناک صورت حال اور بالخصوص کراچی کی سنگین صورت حال میں اس طرح کے روحانی اجتماع یقینا ایک خوش نما سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں جو قوم کو راہ راست کے قریب کرنے کے لیے ایک موقع فراہم کرتے ہیں او راس کے روحانی او رمفید اثرات اجتماع گزر جانے کے بعد بھی ایک عرصے تک محسوس کیے جاتے ہیں۔
Flag Counter