Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی صفر المظفر 1431ھ

ہ رسالہ

11 - 19
***
تبصرہ کتب
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
اسلامی بینک کاری ایک حقیقت پسندانہ جائزہ
64 صفحات کے اس کتابچہ میں مولانا اعجاز احمد صمدانی صاحب نے، اسلامی بینک کاری پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات دیے ہیں، یہ کتابچہ تقربیاً تین سال پہلے لکھا گیا ہے ، اس کے بعد ، اس موضوع پر تفصیلی تحریریں آچکی ہیں، پاکستان کے جمہور علماء نے اسلامی بینک کاری اور مروّجہ اسلامی بینکوں کے طریقہ کار کے عدم جواز پر تفصیلی فتویٰ جاری کیاہے جسے باقاعدہ کتابی شکل میں علامہ بنوری ٹاؤن سے شائع کیا گیا ہے او رانہیں اس سلسلے میں تحفظات اور شبہات ہیں ، دوسری طرف بعض ممتاز علماء کرام اس کے جواز اور افادیت کے قائل ہیں ، دونوں طرف اکابر بھی ہیں اور دلائل بھی ! حقیقت یہ ہے کہ یہ مالیاتی نظام ابھی تدوین کے مرحلے میں ہے ، شاید آگے جاکر، اس کی متفقہ صورتیں، امت کے سامنے آجائیں ،یہ ایک علمی اور فقہی اختلاف ہے جو ہماری تاریخ کا حصہ ہے، یہ کتابچہ ادارہٴ اسلامیات لاہور نے معیاری طباعت اور اعلیٰ کاغذ کے ساتھ شائع کیا ہے۔
دینی اختلافات میں راہ اعتدال
94 صفحات کے ا س کتابچے میں دینی اختلافات کے سلسلے میں راہ اعتدال کی وضاحت کی گئی ہے، دینی اختلافات کی حقیقت کیا ہے ، اسلاف کا اس سلسلے میں کیا طرز عمل تھا اور خیر القرون کی ہستیاں ان اختلافات کو کس نظر سے دیکھتی تھیں ، دینی اختلاف کے باوجود ، اسلاف امت ، ایک دوسرے کے بارے میں کیا رائے رکھتے تھے ؟ ان سوالات کے جوابات دینے کی اس رسالے میں سعی کی گئی ہے ، یہ رسالہ مولانا محمد طیب یوسفی صاحب نے مرتب کیا ہے اور اسے مکتبة الشہید کراچی نے شائع کیا ہے۔
علامہ محمدیوسف بنوری اور خدمات حدیث
48 صفحات کے اس رسالے میں ہندوستان کے مشہور بزرگ عالم دین مولانا عبدالله صاحب کا پور دروی نے ، محدث العصر حضرت مولانا محمدیوسف بنوری رحمہ الله کی حدیثی خدمات کا جائز لیا ہے ، ابتدا میں حضرت کے مختصر حالات زندگی لکھے ہیں او راس کے بعد ، حضرت بنوری کی علم حدیث میں تصنیفی اور تدریسی خدمات اور تحریروں کا تعارف لکھا گیا ہے، بطور خاص حضرت کی مشہور تصنیف ”معارف السنن“ کا تفصیلی تعارف کرایا گیا ہے ، درحقیقت یہ ایک مقالہ ہے جو دو روزہ سیمینار میں پیش کیا گیا، یہ سیمینار صفر1428ھ کو جامعہ اسلامیہ، مظفر پور، اعظم گڑھ میں منعقد ہوا، یہ رسالہ مجلس معارف کا پودرا، ضلع بھروچ، گجرات نے شائع کیاہے۔
ملفوظات حضرت مولانا محمد الیاس
بانی تبلغی جماعت، حضرت مولانا محمد الیاس رحمہ الله کا نام محتاج تعارف نہیں، حضرت ہمارے اس دور کے ان بزرگوں اور علما میں سے تھے جن سے الله جل شانہ نے دین کی عظیم الشان خدمات لیں، بزرگوں کے ملفوظات بڑے اہم ہوتے ہیں ، ان میں ان کی زندگی کے تجربات ، ان کے علمی ارشادات اور ان کی عملی تربیت کے مشاہدات شامل ہوتے ہیں ، حضرت مولانا محمد منظور نعمانی رحمة الله علیہ نے حضرت کی صحبت سے فیض اٹھایا او رمختلف مواقع میں ان کے ساتھ رہے ، انہوں نے ان مختلف مجالس کے ملفوظات تحریر کیے جن کی تعداد 214 ہے ان میں حضرت نے دعوت وتبلیغ اور دوسرے دین کے شعبوں سے متعلق باتیں کی ہیں جوان کی محنتوں کا نچوڑ ہیں۔
136 صفحات کی یہ کتاب زمزم پبلشرز نے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ عمدہ کاغذ میں چھاپی ہے!
ہم داڑھی کیوں نہ رکھیں
داڑھی حضرات انبیاء کرام علیہم السلام کی متفقہ سنت ہے ، ایک مشت برابر داڑھی رکھنا صرف واجب نہیں بلکہ شعائر اسلام میں سے ہے ، داڑھی کو مٹھی سے کم کرنا یا منڈوانا ناجائز ہے اور اس کا مرتکب فاسق ہے، اگر کوئی عالم یا حافظ داڑھی کو مٹھی سے کم کرتاہو اس کی امامت مکروہ تحریمی ہے…56 صفحات کے اس رسالے میں عبدالسلام بیگ صاحب نے ، داڑھی کی ضرورت اور ہمیت بیان کی ہے ، رسالے پر مفتی حمید الله جان صاحب اور ڈاکٹر مفتی عبدالواحد صاحب کی تقریظات ہیں ، یہ رسالہ اُمامہ ٹرسٹ لاہور نے شائع کیا ہے۔
قبر کی زندگی
122صفحات کی اس کتاب کا سرورق پر تعارف یوں کرایا گیا ہے:
” اس رسالے میں قرآن وحدیث او راجماع سلف سے راحت وعذاب قبر اور حیات اموات فی القبر کو مدلل اور آسان طریقہ سے ثابت کیا گیا ہے اور مستدلات منکرین کا رد اور آیات قرآنیہ کا صحیح محمل او رمفہوم بیان کیا گیا ہے اور مخالفین کے سوالات کے مسکت جوابات دیے گئے ہیں “
یہ رسالہ مولانا محمد عبدالکریم نعمانی مدظلہم نے تحریر کیا ہے اور اسلامی کتب خانہ ، بنوری ٹاؤن نے اسے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے ، رسالے کی طباعت اور کاغذ دونوں درمیانے درجے کے ہیں۔
ذکر جلیل
اس کتابچے میں ، حضرت مولانا جلیل احمد خان صاحب شیروانی رحمہ الله کے حالات زندگی بیان کیے گئے ہیں، مولانا جلیل احمد خان، حکیم الامت حضرت تھانوی رحمہ الله کے خلیفہ اور مجلس صیانة المسلمین پاکستان کے بانی تھے، اس میں حضرت کی تعلیم وتربیت، حضرت تھانوی رحمہ الله سے تعلق اور استفادے کا تفصیلی ذکر کیا گیا ہے او ران کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی ہے 112 صفحات کی یہ کتاب مجلس صیانة المسلمین ( صدر دفتر جامعہ اشرفیہ، فیروز پور روڈ لاہور) نے معمولی کا غذ میں کارڈ ٹائٹل کے ساتھ چھاپی ہے۔

Flag Counter