Deobandi Books

الفاروق رمضان المبارک 1438ھ

ہ رسالہ

16 - 18
انجیر بیماریوں سے بچانے والا پھل

محترم عمران سجاد
	
انجیر ایک مشہور اور صحت بخش پھل ہے۔ یہ گولر کے پھل سے مشابہ ہوتا ہے۔ یہ بہت نازک ہوتا ہے، پکنے کے بعدد رخت سے اپنے آپ گر جاتا ہے۔ اس کی دو قسمیں ہیں ، جو ”بستانی“ اور ”خودرو“ کہلاتی ہیں۔

انجیر بواسیر کو ختم کرتا ہے۔ جوڑوں کے درد سے نجات پانے کے لیے انجیر کا کھانا مفید ہے۔ یہ گردے اور مثانے کی پتھریوں کو خارج کردیتا ہے۔ زہر کے اثرات کو دُور کرد یتا ہے۔ حلق،گردے اور مثانے کی سوزشوں کو ختم کرتا ہے۔ انجیر کے ساتھ اگر چندبادام بھی کھالیے جائیں تو پیٹ کی بیماریوں سے نجات مل جاتی ہے۔ انجیر غذائیت سے بھرپور پھل ہے۔ اس میں لحمیات (پروٹینز)، نشاستہ(کاربوہائڈریٹ)، سوڈیم، پوٹاشیئم، کیلشیئم، میگنیزیئم، فولاد، تانبا، فاسفورس، گندھک اور کلورین جیسے مفیدِ صحت اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس میں سوڈیم کم اور پوٹاشیئم زیادہ مقدار میں ہوتا ہے۔ ان اجزا کے علاوہ اس میں حیاتین الف اورج( وٹامنزبی اور ڈی) قلیل مقدار میں ہوتی ہیں۔ قبض او رکھانسی سے چھٹکارا پانے کے لیے انجیر مفید ہے۔

جو افراد مٹاپے کا شکار ہوں، انہیں تین انجیر روزانہ کھانے چاہییں، اس لیے کہ یہ جسم کی چربی کو گھلا دیتا ہے۔ انجیر قوتِ مدافعت میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ ورموں کو ختم کر دیتا ہے ۔ انجیر کو دودھ میں پکا کر گاڑھا کرکے اس کا ضماد (پیسٹ) پھوڑوں، پھنسیوں پر لگانے سے یہ جلد مندمل ہو جاتے ہیں۔ چیچک کے مرض سے نجات پانے کے لیے بھی انجیر کا کھانافائدہ مند ہے۔ انجیر کھانے سے چہرے پر نکھار آجاتا ہے۔ یہ کمر کے درد سے نجات دلاتا ہے۔ ہاضمے کے نظام کو درست کرتا او رخون کی نالیوں کو صاف کرتا ہے، اس لیے جوافراد دل کی تکلیف میں مبتلا ہوں، انہیں چاہیے کہ وہ انجیرکھائیں۔

ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی یہ مفید ہے۔ یہ جسم کے خراب کو لیسٹرول کو کم کردیتا ہے۔ ہڈیوں کو مضبوط کرتا ہے۔ انجیر میں مانع تکسیداجزا(Antioxidants) بھی پائے جاتے ہیں، جو بیماریوں سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انجیر پیاس بجھاتا اور آنتوں کو نرم کرتا ہے۔ یہ پیشاب آور پھل ہے۔ اسے نہار منھ کھانے سے آنتوں کی غلاظت خارج ہو جاتی ہے۔ انجیر سُستی او رکاہلی کو دُور کرکے جسم میں چُستی پیدا کرتا ہے او رجسمانی کم زوری کو دور کر دیتا ہے۔ انجیر بچوں کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے، اس لیے کہ اس میں ہاضم خمیر ( انزائمز) پائے جاتے ہیں ، جن سے بچوں کا ہاضمہ درست رہتا ہے۔ جو خواتین اور مرد خون کی کمی کے عارضے میں مبتلا ہوں، وہ روزانہ انجیر کھائیں، بہت فائدہ ہو گا، اس لیے کہ یہ خون بنانے والا پھل ہے۔ یہ جلد اور سانس کے امراض سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

انجیر کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے اسے پہلے خشک کر لیا جاتا ہے۔ پھر اسے چپٹا کرکے رسی میں پرو لیا جاتا ہے۔ اس طرح یہ طویل عرصے تک خراب نہیں ہوتا۔ انجیر کھانے سے بلڈپریشر بھی معمول پر آجاتا ہے۔ انجیر زیادہ مقدار میں نہیں کھانے چاہییں، کیوں کہ زیادہ مقدار میں کھانے سے اسہال کا خطرہ ہوتا ہے۔ انجیر بہت صحت بخش پھل ہے ، دوسرے پھلوں کی طرح اسے بھی روزانہ مناسب مقدار میں کھانا چاہیے، تاکہ ہم صحت مند اورتوانا رہیں۔

Flag Counter