Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الاول 1438ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

محبوب المشائخ حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی 
اشاعت خاص: ماہنامہ سلوک واحسان
مرتب: محمد یوسف مدنی
صفحات:564 سائز:20x30=8
ناشر: جامعہ معہد الخلیل الاسلامی، بہادر آباد، کراچی ،پاکستان

حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمة الله علیہ کا شمار ملک کے نامور علماء ومشائخ میں ہوتا تھا۔ آپ شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمة الله علیہ کے خاص خلفاء میں سے تھے۔ حضرت کی اجازت ومشورے سے آپ نے دینی تعلیم کا آغاز کیا اور جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں داخلہ لے کر حضرت بنوری رحمة الله علیہ سے شرف تلمذ حاصل کیا اور وہیں سے فارغ التحصیل ہوئے۔ دو سال جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں استاذ بھی رہے، بعد ازاں آپ نے ”معہد الخلیل الاسلامی“ کے نام سے ایک ادارے کی بنیاد رکھی جو آپ کی محنت وکاوشوں سے ملک کے نامور اداروں میں شمار ہونے لگا۔ رسمی تعلیم سے پہلے اور بعد میں تبلیغی جماعت اور اس کے بزرگوں سے بھی آپ کو خصوصی شغف وتعلق رہا اور ایک بڑے پیمانے پر آپ نے تبلیغ کے کام میں حصہ لیا۔ ماہنامہ ”سلوک واحسان“ جس کے آپ بانی بھی ہیں، کے جماد ی الثانیہ تا شعبان1435ھ کے شمارے میں آپ کی حیات وخدمات کے حوالے سے خاص نمبر شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس کے مندرجات کو درج ذیل بڑے عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ منظوم نذرانہٴ عقیدت” قدر جوہر “کے نام سے اکابر ومشائخ کے تأثرات، خود نوشت سوانح ”باتیں ان کی یاد رہیں گی۔“ کے عنوان سے اہل خانہ کے تأثرات” نقوش وتأثرات“ کے عنوان سے معاصرین ومتوسلین کے تأثرات، مختصر سیرت وسوانح سال بہ سال مع معمولات یومیہ، سلسلہٴ اصلاح وارشاد وخلفائے کرام، حضرت او رجامعہ معہد الخلیل، مکاتیب حضرت شیخ الحدیث بنام حضرت اقدس، حضرت والد کے چند مکتوبات، ماخوذ از رسائل وجرائد، ملفوظات حضرت والا، ہمارے مشفق ومحسن مربی، قیمتی نصائح برائے طلبہ وطالبات، چند تعزیتی خطوط اور عکس جمیل کے عنوان سے بعض تحریرات، اسناد اور مدرسہ ورہائش گاہ وغیرہ کی تصاویر شامل کی گئی ہیں۔

بزرگوں کی سیرت وسوانح کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ کرنے کے حوالے سے رسائل وجرائد کا خاص نمبرات کا اہتمام کرنا ایک اچھی روایت اور احسن عمل ہے۔ ماہنامہ” سلوک واحسان“ کی انتظامیہ اس پر مبارک باد کی مستحق ہے کہ انہوں نے الله تعالیٰ کے ایک نیک بندے کی حیات وخدمات کو خاص نمبر کی صورت میں محفوظ کر لیا ہے۔

کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب اور طباعت واشاعت خوب صورت ومعیاری ہے۔

نور الایضاح
تالیف: شیح حسن بن علی شرنبلالی 
صفحات:196 سائز:20x30=8
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

”نورالایضاح“ فقہ حنفی کی معروف کتاب اور گیارہویں صدی ہجری کے معروف حنفی فقیہ شیخ حسن بن علی شرنبلالی رحمة الله علیہ کی تالیف ہے، جس میں اسلام کے ارکان اربعہ یعنی صلاة، زکاة، صوم اور حج کے مسائل کومبتدی طالب علم کے لیے مرتب کیا گیا ہے۔ زیر نظر طبع میں حواشی وتعلیقات حضرت مولانا اعزاز علی رحمة الله علیہ کے ہیں، جس پر علامہ انور شاہ کشمیری رحمة الله علیہ کی تقریظ بھی ہے۔ مولانا اعزاز علی رحمة الله علیہ نے کتاب کی شرح سے پہلے دروس وغیرہ کے عنوان سے بعض مفید باتیں علم، فقہ اور کتاب سے متعلق ذکر کی ہیں، کتاب شروع کرنے سے پہلے طالب علم واستاذ دونوں کے لیے ان کا مطالعہ مفید رہے گا۔

یہ کتاب چوں کہ مبتدی طلبہ کے لیے مرتب کی گئی ہے، لہٰذا اس کی ترتیب وتالیف میں سہولت وآسانی کو پیش نظر رکھا گیا ہے، اس لیے بعض مدارس وجامعات میں اسے درجہ اولیٰ کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔ کتاب کے اس ایڈیشن میں متن پر مکمل اعراب کا اہتمام کیا گیا ہے اور حاشیہ میں نمبرات کو سرخ رنگ سے نشان زد کیا گیا ہے تاکہ استفادہ میں سہولت وآسانی ہو۔

کتاب کا کاغذ عمدہ اور طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔

تیسیر مصطلح الحدیث
تالیف: دکتور محمود طحان
صفحات:206 سائز:20x30=8
ناشر : مکتبة البشری، کراچی

جیسا کہ نام سے واضح ہے کہ زیر نظر کتاب میں علم اصول حدیث کی اصطلاحات کو آسان وعام فہم انداز میں پیش کیا گیا ہے، یہ کتاب ایک مقدمہ اور چار ابواب پر مشتمل ہے۔ مقدمہ میں علم مصطلح الحدیث کی مختصر تاریخ، مشہور تصنیفات اور ابتدائی تعریفات کو بیان کیا گیا ہے ، باب اول خبر کے عنوان سے ہے اور اس میں تین فصلیں قائم کی گئی ہیں، باب ثانی راوی، اس کے شرائط اور جرح وتعدیل سے متعلق ہے اور یہ بھی تین فصلوں پر مشتمل ہے، باب ثالث روایت کے اصول وآداب سے متعلق ہے اور اس میں دو فصلیں ہیں، جب کہ باب رابع اسناد او رمعرفت رواة سے متعلق ہے اور اس میں بھی دو فصلیں ہیں علمی مواد کے اعتبا سے زیادہ تر اعتماد حافظ ابن صلاح رحمة الله علیہ کی ”علوم حدیث“ علامہ نووی رحمة الله علیہ کی ” التقریب“ اور علامہ سیوطی رحمة الله علیہ کی ”التدریب“ پر کیا گیا ہے۔

یہ کتاب اپنے موضوع پر ایک عمدہ او رمقبول علمی کاوش ہے اور دور حاضر میں علم ”مصطلح الحدیث“ کے حوالے سے اس سے خوب استفادہ کیا جارہا ہے، اس کی اہمیت وافادیت کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ قریب ہی میں اسے وفاق المدارس بنات کے نصاب میں شامل کیا گیا ہے۔

کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔

Flag Counter