اخبار جامعہ
ادارہ
تعلیمی سال کا آغاز
07/شوال المکرم بروز پیر۔تمام اساتذہ کرام کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے سال کے جدیدو قدیم داخلوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
مہمانوں کی آمد
11/شوال المکرم بروز اتوار،جامعہ کے قدیم فاضل مولانا اللہ بخشصاحب (وندر بلوچستان) سے تشریف لائے۔
26/شوال المکرم بروز ہفتہ،مفتی محمد وجیہ صاحب رحمہ اللہ کے صاحبزادے مولانا محمد فقیہ صاحب حضرت مولانا عبیدالله خالددامت برکاتہم سے ملاقات کے لیے تشریف لائے۔
25/شوال المکر م بروز جمعہ،جامعہ کے فاضل مولانا ذوالفقار صاحب رنگونی (برما )سے تشریف لائے ۔
11/ذوالقعدہ بروزاتوار،وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ قاری محمد حنیف جالندھری صاحب حضرت شیخ زید مجدہ سے ملاقات کے لیے جامعہ تشریف لائے۔
اسباق کا آغاز
16/شوال المکرم بروز بدھ،جامعہ فاروقیہ کراچی (مقر ثانی) میں نئے تعلیمی سال کا آغاز حضرت زید مجدہ کی موجودگی میں حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم کے بیان سے ہوا،جب کہ حضرت زید مجدہ نے اپنی علالت اور پیرانہ سالی کے باوجود خصوصی طور پر شرکت فرمائی اور اپنی طویل دعاء سے اس تعلیمی آغاز کو بابرکت فرمایا ۔
23/شوال المکرم بروز بدھ،جامعہ فاروقیہ کراچی(مرکز) میں نئے تعلیمی سال کا آغاز حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم کے بیان سے ہوا جس میں حضرت زید مجدہ بھی تشریف لائے بیان کے اختتام پر حضرت زید مجدہ نے دعاء فرمائی۔
شاخ جامعہ دار القرآن(سیہون)
24/شوال المکرم بروز جمعرات، حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم جامعہ کی شاخ دار القراٰن( سیہون) تشریف لے گئے ، آپ کے ہمراہ استاد حدیث حضرت مولانا محمد انور صاحب ،ناظم تعلیمات حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، مولانا عبد الماجد صاحب،(مفتی )معاذ خالد شریک سفر رہے۔
سانحہٴ ارتحال
26/شوال المکرم بروز ہفتہ،جامعہ کے ہمدرد اور انتہائی مخلص ساتھی محترم جناب حاجی محمد انور مکاتی صاحب کا رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا۔ وصت کے مطابق محترم جناب حاجی محمد انورصاحب کی تدفین جامعہ فاروقیہ مقر ثانی کے قبرستان میں عمل میں آئی ۔مرحوم کی نماز جنازہ حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم نے پڑھائی۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم حاجی محمد انورصاحب کی مغفرت فرمائیں ان کے درجات بلند فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔
07/ذوالقعدہ بروز بدھ،جامعہ فاروقیہ کراچی کے ابتدائی زمانے میں حضرت شیخ زید مجدہ کے معاون محترم جناب مولانا سلطان صاحب (شیر شاہ کباڑ ی بازار)کا رضائے الٰہی سے انتقال ہوگیا۔ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب مع اہل خانہ تعزیت کے لیے تشریف لے گئے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ حضرت مولانا کی کامل مغفرت فرمائیں اور پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائیں۔
فضلائے جامعہ کا اجتماع
08/ذوالقعدہ بروز جمعرات،حضرت شیخ زید مجدہ کی دعاؤں سے اور حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم کی کوششوں سے الحمد للہ اندرون سندھ کے فضلاء جامعہ کا دوسرااجتماع سانگھڑ میں جامعہ کے فاضل مولانا ملک محمد اسحاق صاحب کے ادارے (جامعہ انوار القرآن واڈھکی، ضلع سانگھڑ) میں رکھا گیا جس میں قرب جوار کے قدیم و جدید فضلاء نے بھر پورانداز میں شرکت فرمائی جامعہ سے اس اجتماع میں شرکت کے لیے حضرت ناظم اعلیٰ دامت برکاتہم، استاد حدیث حضرت مولانا محمد انور صاحب، ناظم تعلیمات حضرت مولانا خلیل احمد صاحب، الفاروق سندھی کے ایڈیٹر مولانا محمدحسین شاہ سجاولی صاحب، مفتی احمد خان صاحب اور معاذ خالد شریک سفر رہے۔ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے انتہائی مفید اور مؤثر بیان فرمایا۔حضرت مولانا محمد انور صاحب، دامت برکاتہم نے دعاء فرمائی۔