Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ربیع الثانی 1435ھ

ہ رسالہ

1 - 15
آپ کا ہر لمحہ بہت قیمتی ہے

مولانا عبید اللہ خالد
	
دین کی بنیاد دو قسم کے بڑے احکام پر قائم ہے۔ ایک مسلمان کی زندگی میں یہ دو قسم کے کام ہی ہوتے ہیں جنہیں وہ اختیار کرتا ہے۔ پہلی قسم ان کاموں کی ہے جو کرنے کے ہیں ؛دوسری قسم کے کاموں سے اجتناب برتنا ہے ۔ اول قسم کے کام وہ ہیں جنہیں شریعت جائز یا حلال کہتی ہے ؛ دوسری قسم کے کاموں کو ناجائز یا حرام کہا جاتا ہے۔

بعض لوگ اس غلط فہمی میں پڑ جاتے ہیں کہ یہ کام نہ کرو ، وہ کام نہ کرو… تو بھلا پھر کیا کریں ؟ لیکن یہ نادانی درحقیقت شعور کی کمی کی وجہ سے ہے، کیوں کہ شریعت اسلامی میں جن کاموں سے منع کیا گیا ہے ، وہ تو چند ہیں ؛ جن کاموں کو کرنے کی اجازت دی گئی ہے، وہ لاتعداد ہیں۔

مزید یہ کہ انسان اپنی زندگی میں صبح سے رات تک جو کچھ کرتا ہے ، ان میں سے کسی کام سے الله نے نہیں روکا، بس طریقہ کار اور حکمت عملی بدلنے کو کہا گیا ہے ۔گویا یہ کس قدر محبت ورحمت کا معاملہ ہے کہ ہم جو کچھ اپنی زندگی میں اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے کرتے ہیں ،وہی دین بن سکتا ہے اور الله کی رحمت ومغفرت کا ذریعہ بھی ، شرط صرف اتنی سی ہے کہ وہ الله کی منشا کے مطابق ہو۔

الله کی منشا… سراسر شریعت ہے ۔ یہ شریعت ہی ہے جو مذکورہ بالا دو قسم کے کاموں کا علم دیتی ہے؛ کون سے کام کرنے ہیں، کون سے کام نہیں کرنے۔ نیزجو کام کرنے ہیں وہ کیسے کرنے ہیں ، اس کا پتا بھی اسلامی شریعت ہی سے چلتا ہے ۔ چنا ں چہ یہ کہہ دینا کہ کان جس طرح سے پکڑو، مقصد کان پکڑنا ہی ہے ، سرا سر جہالت ہے ۔ ایک کام جو آپ کو الله کی ناراضگی اور تباہی کی طرف لے جارہا ہو، محض طریقہ کار کی تبدیلی سے الله کی رضا اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی طرف لے جاسکتا ہے۔

اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اپنی زندگی کا ہر کام جو بظاہر ضروریات پوری کرنے کے لیے کرتے ہیں ،اس طریقہ کار کے مطابق انجام دیں جو شریعت نے ہمیں بتایا ہے۔ شریعت کا علم دین کے علم ہی سے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ اس لیے اپنی زندگی میں علما ء کرام کی صحبت اور راہ نمائی کو لازمی اختیار کرنا چاہیے۔

آج کا پیغام یہی ہے کہ آپ کی زندگی کا ہر لمحہ قیمتی ہے، اس لیے ہر لمحے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ ہر لمحہ الله تعالیٰ کی رضا اوررسول الله صلی الله علیہ وسلم کے طریقے کے مطابق گزاریے… اور یہ طریقہ آپ کو مدارس دینیہ سے دینی علوم حاصل کرنے والے مستند علما ء کرام ہی فراہم کر سکتے ہیں۔

Flag Counter