کسی کا کُرتا تھا تو لنگی نہیں تھی مگر جتنے اعضائے جسم چھپانا واجب تھے وہ چھپے ہوئے تھے۔ تو تین ڈیزائن ہوگئے۔ بکھرے بال، تیل کنگھی نہ ہونے سے، اور خشک کھال بوجۂ فاقہ و افلاس اور ایک لباس کہ اُن کے پاس اتنے پیسے نہیں تھے کہ کُرتا بھی ہو تو ازار بھی ہو۔ کسی کے پاس ازار تھا تو کُرتا نہیں تھا، کُرتا تھا تو ازار نہیں تھا لیکن اُن کی قیمت کیا ہے؟ بڑے بڑے مال والو! اور اپنے لباسوں اور مرسڈیز کاروں سے قیمت لگانے والو! اُن کا مقام اور اُن کی قیمت دیکھو کہ اللہ تعالیٰ اپنے پیغمبر صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کو حکم دے رہا ہے کہ آپ گھر سے بے گھر ہوکر آرام چھوڑ کر تکلیف اُٹھاکر صبر کرکے میرے اُن عاشقوں میں جاکر بیٹھیے اور اُن عاشقانِ خدا اور متلاشیانِ خدا کو ادائے عشق و محبت زبانِ نبوت سے سکھائیے۔ یہ میری تلاش میں ہیں، یہ یَبْتَغُوْنَ ہیں، یہ مجھ کو ڈھونڈ رہے ہیں، اُن کو جاکر اپنی زبانِ نبوت سے میرا پتا دیجیے کہ ہم کس کو ملتے ہیں اور ہم کو کون پاتا ہے؟ میرے ملنے کا یہ پتا میرا نبی جائے اور اُن کو بتائے۔
اللہ کے عاشقوں کی دو علامات
آپ صلی اللہ علیہ وسلم فوراً گھر سے نکلے اور جاکر مسجدِ نبوی میں تلاش کرنےلگے جہاں وہ صحابہ ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، آپ نے دریافت فرمایا: اے صحابہ! تم لوگ یہاں کیا کررہے ہو؟چوں کہ اللہ تعالیٰ نے اُن عاشقوں کی دو علامات وحئ الٰہی کے ذریعے سے بتادی تھیں، اس لیے اُن علامات کی آپ تفتیش کررہے تھے تاکہ اللہ تعالیٰ کی وحی کے مطابق اُن کے عاشق ہونے کی تصدیق ہوجائے۔ وہ دو علامات کیا تھیں؟ یَدۡعُوۡنَ رَبَّہُمۡ بِالۡغَدٰوۃِ وَالۡعَشِیِّ، اے نبی! میں آپ کو جن کے پاس بھیج رہا ہوں یہ غیر نہیں ہیں، میں آپ کو اپنے عاشقوں میں بھیج رہا ہوں، غیروں میں نہیں بھیج رہا ہوں لہٰذا مئے مرشد میں اور مئے حق میں آج آمیزش ہوگی، جس سے نشہ بڑھایا جائے گا؎
نشہ بڑھتا ہے شرابیں جو شرابوں میں ملیں
مئے مرشد کو مئے حق میں ملا لینے دو
یہ مئے پی رہے ہیں آپ جائیے اور اُن کو مئے مرشد دیجیے تاکہ اُن کی شراب دو آتشہ ہوکر اور زوردار ہوجائے۔