ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 91 مقالات حکمت متعلقہ حصہ دوم بسم اللہ الرحمن الرحیم ( 1 ) منکرات شرعیہ پر مشتمل امر کی اجازت نہیں : فرمایا توشہ شیخ ردولوی قدس اللہ سرہ کی اصل صرف اسی قدر ہے کہ اس قسم کے طعام کو حضرت شیخ نے پسند فرما کر فی سبیل اللہ دینے کو بتلایا تھا ۔ اب لوگوں نے کس قدر غلو کر لیا ہے کہ اس عمل میں معتقد تصرف شیخ کے ہو جاتے ہیں ۔ اسی طرح عرس اولیاء اللہ بزرگان دین نے نیک نیتی سے شروع کیا تھا ، اب وہ حالت کہاں ۔ وہ اغراض کہاں ۔ اب تو ناجائز اور منکرات شرعیہ کام ہونے لگے ۔ بھلا کیونکر کوئی عالم متدین ان ناجائز امور کی اجازت دے سکتا ہے ۔ ( 2 ) اہل جذب کی صحبت سے فائدہ نہیں ہوتا : فرمایا مجذوبوں کی خبریں آئندہ کے متعلق وہی ہوتی ہیں جو واقع ہونے والی ہیں ۔ اگر وہ خبر نہ بھی دیتے تب بھی وہ واقعہ ضرور ہوتا ۔ پھر خبر دینے سے کیا جدید بات پیدا ہو گئی ۔ لوگ اس کو کمال سمجھتے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی خبر سے ایسا ہوا ۔ حالانکہ یہ واقعہ بالیقین ہوتا ۔ ان کی خبر سے اوروں کو علم اس کا قبل سے ہو گیا ۔ اس کے سوا کوئی جدید بات پیدا نہیں ہوئی تو یہ کونسا فائدہ معتدبہ ہوا ۔ یہ تو دنیوی فائدہ میں کلام تھا ۔ باقی دینی فائدہ سو محققین نے کہا ہے کہ اہل جذب کی صحبت سے فائدہ نہیں ہوتا ۔ سالک کی صحبت سے البتہ فائدہ ہوتا ہے ۔