ملفوظات حکیم الامت جلد 12 - یونیکوڈ |
مقالات حکمت ( جلد اول )------------------------------------------------------------- 132 ( 82 ) نماز پڑھتے ہوئے دوسروں کی تکلیف کا خیال رکھا جائے : فرمایا کہ بعض لوگوں کی عادت ہوتی ہے کہ جب نماز پڑھتے ہیں تو ساری مسجد کو چھوڑ کر شرقی جانب صحن مسجد کے ختم پر نیت باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں ۔ ایسا کرنے سے دوسروں لوگوں کو اس طرح تکلیف ہوتی ہے کہ اگر وہ شمال سے جنوب کو یا بالعکس جانا چاہیں تو ان کی ختم نماز کا انتظار کریں یا پوری مسجد کا طواف کر کے جاویں ۔ ( 83 ) مولانا محمد یعقوب صاحب نہایت دور اندیش تھے : فرمایا کہ مولانا محمد یعقوب صاحب ایک ملحد کی نسبت فرماتے تھے کہ لوگ تمنا کرتے ہیں کہ وہ مر جاوے اور میں تمنا کرتا ہوں کہ وہ زندہ رہے ۔ وجہ یہ ہے کہ جب تک زندہ رہے اس وقت تک اگر دس محب اور بات بنانے والے ہیں تو پچاس آدمی اس کے عیب دیکھنے والے اور اترے پترے کھولنے والے بھی ہیں ۔ مر جائے گا تو محبین رہ جائیں گے اور ناقدین کی جماعت کم ہو جائے گی ۔ نتیجہ یہ ہو گا کہ ایک روز وہ محبین کی بدولت بزرگوں میں شمار ہونے لگے گا ۔ عیبوں پر پردہ پڑ جائے گا ۔ چنانچہ وہ شخص مرا اور بعد مرنے کے بعینہ یہی واقعہ ہوا جس کی پیشین گوئی فرمائی تھی ۔ ( 84 ) مقامات مطلوب ہیں : فرمایا کہ احوال کے مقابلے میں مقامات ہیں ( والمقامات مکاسب والاحوال مواھب ) اور وہ مطلوب ہیں اور مقامات اصطلاح صوفیہ میں اعمال تکلیفیھ متعلقہ بالقلب کو کہتے ہیں ۔ گویا جن امور باطنھ کا حکم قرآن و حدیث میں ہوا ہے جس کو علم المعاملہ کہتے ہیں ، وہی صوفیہ کی اصطلاح میں مقام ہے اور وہ موجب قرب ہے اور قابل توجہ و التفات ہے ۔ جس طرح کہ اعمال ظاہرہ بھی ۔