Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شوال المکرم 1434ھ

ہ رسالہ

18 - 18
مبصر کے قلم سے
ادارہ
فارقلیط(صلی الله علیہ وسلم)
جناب خالد محمود ( سابق یوئیلکندن) ایک نو مسلم نوجوان ہیں ، انہوں نے ایک عیسائی پادری شمعون ناصر کے خط کا جواب تحریر کیا، جو بعض دینی رسائل میں بھی شائع ہوا اور بعدازاں اس میں اضافے کرکے اسے ”اسلام، عیسائیت اور سیدنا عیسی علیہ السلام“ کے نام سے کتابی شکل میں شائع کیا گیا ، یہ کتاب جب سرحدی لوتھرن چرچ مردان کے بشپ پیٹر مجید کے پاس پہنچی تو اس نے اس کتاب کی اشاعت کے تقریباً دس سال بعد ایک خط جناب خالد محمود کے نام لکھا ، جو اسلام، پیغمبر اسلام، دورحاضر کے بعض نامور علمائے کرام، قانون توہین گفتگو رسالت اور پاکستان کے دینی مدارس پر بے جاو بے بنیاد الزامات، نامناسب ونازیبا طرز اور توہین آمیز اسلوب پر مشتمل تھا اور اس میں بائبل میں موجود لفظ ”فارقلیط“ جس سے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کی رسالت کی تصدیق ہوتی ہے کی حقیقت کا انکار کیا گیا تھا۔

زیر نظر کتابچے میں جناب خالد محمود صاحب نے ان کے بے بنیاد والزامات واشکالات کا جواب جذبات سے ہٹ کر متین وسنجیدہ ،مدلل وباحوالہ اورسلیس ورواں اسلوب میں دیا ہے اور انجیل میں موجود لفظً” فارقلیط“ کی حقیقت ومعنی پر خصوصی گفتگو کی ہے ، چناں چہ انہوں نے اس کتابچے کا نام ہی ”فارقلیط“ رکھا ہے ، جس کا ترجمہ عربی میں محمد یا احمد ہے ، جب کہ عیسائیوں نے اس لفظ میں لفظی ومعنوی تحریف کرکے اسے تبدیل کر دیا ہے۔ اس کتابچے کا انداز تحریر عام فہم، معقول ومدلل اور دلچسپ ودلنشین ہے اور مذکورہ پادری کے خط کے ایک ایک حصے کو نقل کرکے دلائل وحوالہ جات کی روشنی میں جاذب وپرکشش اسلوب میں جواب دیا گیا ہے ۔ ایک نو مسلم کی طرف سے لکھی گئی اس ایمان افروز تحریرکا قارئین کو ضرور مطالعہ کرنا چاہیے۔

یہ کتابچہ ستر صفحات پر مشتمل ہے او راعلیٰ کا غذ پر جلد بندی کے ساتھ مکتبہ سعد بن وقاص کراچی سے چھپا ہے۔

نماز اہل السنة والجماعة
تالیف: مولانا محمد الیاس گھمن
صفحات:198 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ اہل السنت والجماعت،87 جنوبی لاہور روڈ، سرگودھا

اس کتاب میں اہل السنت والجماعت احناف کی نماز کا طریقہ اوقات نماز ،اوقات مستحبہ واوقات ممنوعہ، اذان واقامت کے کلمات اور طریقہ، تعداد رکعات نماز، فرائض وواجبات، سنن ومستحبات وغیرہ او رنماز کی تمام انواع واقسام نماز وتر، نماز جمعہ، نماز تروایح، نماز جنازہ ، نماز عیدین اور نفلی نمازیں، نماز تہجد، نماز اشراق، نماز چاشت، نماز اوابین، صلاة التسبیح، صلاة الحاجہ، تحیة الوضوء، تحیة المسجد، صلاة استخارہ، صلاة التوبہ، صلاة سفر اور صلاة استسقاء کو قرآن وسنت کے دلائل کی روشنی میں بحوالہ بیان کیا گیا ہے۔ یہ کتاب معروف عالم دین مولانا محمد الیاس گھمن نے مرتب کی ہے او رکتاب کے سبب تالیف اور تعارف سے متعلق ان کی گزارشات کو معمولی ترمیم کے ساتھ یہاں پیش کیا جاتا ہے۔ چنا ں چہ وہ لکھتے ہیں:

”بعض لوگ اہل السنت والجماعت احناف کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ ان کی نماز دلائل شرعیہ کے مطابق نہیں ہے۔ اس منفی پروپیگنڈہ کو ختم کرنے کی ضرورت تھی۔ چناں چہ ملک وبیرون ملک سے احباب کا اصرار تھا کہ ایک ایسی کتاب لکھی جائے جس میں اہل السنت والجماعت احناف کی نماز کے ارکان وافعال پر دلائل ہوں۔ اس موضوع پر حضرات اکابر کی کتب موجود تھیں،جو اس موضوع پر کافی وافی ہیں ، مگر ان میں بعض کتب طویل اور بعض میں دلائل کے ساتھ ساتھ ان کے احکام وغیرہ سے بھی بحث تھی ۔ لہٰذا ہماری قائین سے درخواست ہے کہ کتاب کو پڑھتے وقت ہماری چند گزارشات کو مدنظر رکھیں۔
1... ”نماز اہل السنت والجماعت“ میں اہل السنت والجماعت احناف کی نماز پر دلائل کو مثبت اور عام فہم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
2... ”نماز اہل السنت والجماعت“ میں ہم نے احکام سے بحث کرنے کے بجائے صرف دلائل کو ذکر کیا ہے ۔
3... ”نماز اہل السنت والجماعت“ ہم نے کسی خاص فرقہ کو مدنظر رکھتے ہوئے تحریر نہیں کیا بلکہ اہل السنت والجماعت احناف کے طریقہ نماز کو دلائل شرعیہ کی روشنی میں بیان کیا ہے۔
4... ”نماز اہل السنت والجماعت“ محض اہل السنت والجماعت احناف کے طریقہ نماز کو بیان کرنے کے لیے لکھی گئی ہے۔ ہمارے دیگر حضرات مثلاً مالکیہ، شوافع اور حنابلہ کے طریقہ ہائے نماز ان کی کتب میں دلائل کے ساتھ موجود ہیں۔ وہ اپنے ائمہ کی تحقیق کے مطابق عمل کرتے رہیں۔“

اپنے موضوع پر یہ ایک عمدہ، قابل قدر اور لائق ستائش تالیفی کاوش ہے اور ابتلاء و آزمائش کے اس پرفتن دور میں بہت سے ذہنوں کی تشفی اور بعض آزاد منش لوگوں کی طرف سے اہل السنت والجماعت خصوصاً احناف کے خلاف پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے سدباب کے لیے ایک اہم پیشرفت ثابت ہو گی۔

کتاب کا کاغذ اعلیٰ ، طباعت واشاعت معیاری اور کمپوزنگ وسیٹنگ میں سلیقہ مندی نمایاں ہے۔ 
Flag Counter