Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شوال المکرم 1434ھ

ہ رسالہ

15 - 18
خلیفہٴ راشدسیدناعلی حیدر کرارؓ
مولانا محمد جہان یعقوب

آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کااسم گرامی علی،کنیت ابوالحسن وابوتراب، القاب اسداللہ الغالب،الحیدراورالمرتضیٰ ہیں،یہ تمام القاب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کوحضورسیدکونین صلی الله علیہ وسلم نے مختلف مواقع پر مرحمت فرمائے تھے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ولادت عام الفیل کے 7برس بعدہوئی،جب کہ بعثت نبوی صلی الله علیہ وسلم کادسواں سال تھا۔

آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کاتعلق قبیلہ قریش کے معززترین خاندان بنوہاشم سے تھا،آپ نہ صرف حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم کے چچازادبھائی، بلکہ آپ صلی الله علیہ وسلم کے پروردہ بھی تھے،بچپن میں ہی آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے والد ابوطالب نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کواپنے بھتیجے حضور سیدکونین صلی الله علیہ وسلم کے سپرد کردیاتھا۔

آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کاشمارسابقین اولین کی صف اول میں ہے ،اسلام قبول کرنے والے بچوں میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کاپہلانمبر ہے،جب کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عمر صرف8یا10برس تھی۔آپ کوہجرت کرنے کااعزازبھی حاصل ہے۔ہجرت مدینہ کے موقع پر آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ حضوراقدس صلی الله علیہ وسلم کے حسب ارشاد لوگوں کی امانتیں ان کے حوالے کرکے وسط ربیع الاول 13نبوی میں مدینہ منورہ پہنچے۔جب حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم نے مہاجرین وانصار کے درمیان موٴاخات قائم فرمائی تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو حضرت سہل بن حنیف انصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کادینی بھائی بنایاتھا۔

رجب 2ہجری میں سرورکونین صلی الله علیہ وسلم نے 21یا 24سال کی عمرمیں اپنی سب سے چھوٹی صاحب زادی حضرت سیدہ فاطمةالزہراء رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ساتھ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کانکاح کیا،اس وقت خاتون جنت رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی عمر 16یا19برس تھی۔

حضرت سیدناعلی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بہت بہادر،جری اور دلیر تھے۔ذیل میں آپ کے چیدہ چیدہ جہادی کارنامے ذکرکیے جاتے ہیں:

٭…غزوہ بدر(2ھ)میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قریش کے دوسرکردہ رہنماؤں ولیدبن عقبہ اورشیبہ بن ربیعہ کوقتل کیا۔

٭…غزوہ احد(3ھ)میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ لشکر اسلام کے میمنہ(دائیں حصے)کے امیرتھے،حضرت سیدنامصعب بن عمیررضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے بعدعلَم آپ کے ہاتھ میں آیا،کفار کے علم بردارابوسعیدبن طلحہ کی دعوت مبارزت کے نتیجے میں اس کابے جگری سے مقابلہ کیا اوراس کوواصل جہنم کرکے دم لیا۔اسی جنگ میں متعددمشرکین کے علاوہ کفار کے چوٹی کے رہنماابوالحکم کوبھی موت کے گھاٹ اتارا۔جب گھاٹی پر متعین تیراندازوں کی غلط فہمی سے جیتی ہوئی بازی ہارنے کاخطرہ پیداہواتوجوصحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم میدان میں ثابت قدم رہے ،ان میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی شامل تھے۔جب نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم زخمی ہوکر ایک گڑھے میں گرپڑے تھے،توحضوراقدس صلی الله علیہ وسلم کوسہارادینے والے آپ اورحضرت طلحہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے۔جنگ کے اختتام پر حضورنبی کریم صلی الله علیہ وسلم کے خون کوصاف کرنے کے لیے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ڈھال میں پانی بھرکرلاتے جاتے اورحضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا زخم کودھوتی جاتی تھیں۔

٭…غزوہ بنونضیر(4ھ)میں آپ کے ہاتھ میں لشکر اسلام کاعلم تھا۔

غزوہ خندق(5ھ)میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قبیلہ بنو عامر کے مشہورجنگ جو عمروبن عبدودکو،جو اکیلاایک ہزارسواروں کے برابر سمجھاجاتاتھا،قتل کیا۔اسی سال غزوہ خندق میں بدعہدی کرنے والوں کی سرکوبی کے لیے جو دستے بھیجے گئے،ان کے علم بردار بھی آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ تھے۔

٭…صلح حدیبیہ(6ھ)میں صلح نامہ لکھنے کاشرف بھی آپ کوحاصل ہوا۔آپ  نے گواہ کے طور پراس عہدنامے پردستخط بھی فرمائے۔

٭…غزوہ خیبر(7ھ)میں خیبر کے 12قلعوں میں سے ایک قلعہ حصن القموص کی فتح میں شدیددشواریاں پیش آئیں،بالآخریہ قلعہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھوں فتح ہوا،اسی معرکے میں مرحب نامی مشہورجنگ جو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ہاتھوں اپنے انجام بد سے دوچارہوکرجہنم واصل ہوا۔

٭…فتح مکہ (8ھ)میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بحکم نبی صلی الله علیہ وسلم ایک کافر کوقتل کیا۔اسی سال غزوہ حنین میں جب بنوہوازن کے یک دم حملہ آور ہونے سے بھگدڑمچ گئی تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ثابت قدم رہے اورجانثاری سے شجاعت کے جوہر دکھائے۔

٭…غزوہ تبوک(8ھ)میں حضوراقدس صلی الله علیہ وسلم نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کواپنے خانگی معاملات اورکچھ انتظامی امور کی نگرانی کے حوالے سے مدینہ منورہ میں قیام کرنے اور جنگ میں حصہ نہ لینے کاحکم دیا،جسے تعمیل حکم میں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قبول فرمالیا،ورنہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ذاتی خواہش جنگ میں بنفس نفیس شریک ہونے کی تھی۔اسی موقع پر آپ صلی الله علیہ وسلم نے یہ جملے ارشاد فرمائے:

”اے علی!کیاتم یہ پسندنہیں کرتے کہ تم میری طرف سے اسی مرتبے پر ہو،جس مرتبے پرحضرت موسیٰ علیہ السلام کی طرف سے حضرت ہارون علیہ السلام تھے،مگریہ کہ میرے بعدکوئی نبی نہیں۔ “

٭…حج(9ھ )میں چندخاص اعلانات کے لیے حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کوروانہ فرمایا،واضح رہے کہ یہ حج حضرت سیدناصدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی امارت میں ہواتھا۔

٭…حجةالوداع(10ھ)میں حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم نے 63اونٹ تواپنے دست مبارک سے ذبح فرمائے،جب کہ بقیہ اونٹ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ذبح فرمائے۔منیٰ میں آپ  نے حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم کے خطبات مجمعے تک پہنچانے کے لیے معبر کے فرائض بھی انجام دیے۔

٭…حضوراکرم صلی الله علیہ وسلم کی رحلت کے بعدخلیفہ اول بلافصل حضرت سیدناصدیق اکبرنے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کواموال خمس کی تقسیم کامتولی،اپنامشیر اوروزیرہی نہیں بنایا،بلکہ مرتدین کے سدباب کے لیے بھیجے جانے والے ایک دستے کاامیر بھی آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کومقررفرمایا۔

٭…حضرت سیدنافاروق اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو ان تمام عہدوں پربرقراررکھا اور مزید مناصب بھی عطا فرمائے، جن میں قاضی کامنصب بھی شامل تھا۔

٭…حضرت سیدناعثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے بھی آپ کوسابقہ مناصب پربرقراررکھا،حدودکے تمام فیصلے بھی حضرت علی کی عدالت میں ہوتے تھے۔جمع قرآن کاکام بھی آپ  کے مشورے سے ہوا۔

٭…حضرت سیدناعثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کے بعد35ھ صحابہ کرام کے اتفاق رائے سے چوتھے خلیفہ راشد مقررہوئے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے پیش رو خلفائے راشدین رضی اللہ تعالیٰ عنہم اجمعین کی پالیسیوں کوبرقراررکھا۔خلیفہ بننے کے تیسرے روز ہی سازشی سبائی ٹولے کوبلاکر فوری طور پرمدینہ چھوڑنے کاحکم دیا۔یوں ان کے ارادوں پر پانی پھرگیا،اسی روز سے وہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بھی دشمن بن گئے۔ان کی سازشوں کے نتیجے میں مسلمانوں کے درمیان جنگوں تک کی نوبت بھی آئی۔

جنگ نہروان میں خوارج کو شدید نقصان اٹھاناپڑا،اسی روز حرم مکہ میں ایک میٹنگ میں انہوں نے کبار صحابہ کرام  کے قتل کامنصوبہ تیار کیا۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے قتل کی ذمہ داری عبدالرحمن بن ملجم کوسونپی گئی۔منصوبے کے مطابق 17رمضان 40ھ میں نماز فجر کے موقع پر اس بدبخت نے آپ  کے سر کے اگلے حصے پروارکیا،آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ریش مبارک خون سے رنگین ہوگئی،آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ شدیدزخمی ہوگئے اور3دن بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔مدت خلافت 4سال9 ماہ ہے۔

آپ  کی تدفین کے موقع پر آپ کے بڑے صاحب زادے حضرت حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جوخطبہ دیا،اس میں ارشاد فرمایا:

”لوگو!کل تم سے ایک ایساشخص رخصت ہوگیا۔جس سے نہ اگلے علم میں پیش قدمی کرسکے،نہ پچھلے اس کی برابری کرسکیں گے۔رسول اللہ صلی الله علیہ وسلم اس کے ہاتھ میں اسلام کاجھنڈادیاکرتے تھے اور اس کے ہاتھ پرفتح نصیب ہوجاتی تھی۔اس نے چاندی سوناکچھ نہیں چھوڑا،صرف اپنے وظیفے میں سے 700درہم ورثاکے لیے چھوڑے ہیں۔“

قارئین کرام!یہ آپ  کے زہد کی ایک ادنیٰ مثال ہے۔دوسری طرف آپ  کی سخاوت بھی ضرب المثل کی حیثیت رکھتی ہے۔40ہزاردینارسالانہ تو صرف آپ  زکوٰةکی مدمیں اداکیاکرتے تھے۔اللہ تعالیٰ مسلمانان عالم کو اسداللہ الغالب حضرت سیدناعلی ابن ابی طالب رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطافرمائے۔(آمین )
Flag Counter