اخبار جامعہ
ادارہ
حضرت شیخ الحدیث صاحب زید مجدہ کا سفر ملتان
9 شعبان1434 بمطابق19 جون2013ء بروز بدھ حضرت شیخ الحدیث صدر وفاق المدارس العربیہ حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ مرکزی دفتر وفاق (ملتان) تشریف لے گئے، جہاں حضرت نے کل ملکی امتحانی پرچہ جات کی چیکنگ کے حوالے سے افتتاحی تقریب کی صدارت فرمائی بعد میں بھی کچھ روز حضرت ملتان ہی میں مقیم رہے اور چیکنگ کے سارے مراحل کی سرپرستی فرماتے رہے حضرت مولانا خلیل احمد صاحب ، ناظم تعلیمات جامعہ اس سفر میں حضرت شیخ کے ہمراہ تھے۔
نو مسلموں کا حضرت شیخ زید مجدہ کے ہاتھ پر قبول اسلام
دارالعلوم فاروقیہ ماتلی کے زیر اہتمام ایک بابرکت اور ایمان افروز تقریب میں حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی سرپرستی میں اندرون سندھ کے19 خاندانوں کے100 افراد کلمہ طیبہ پڑھ کر حلقہ بگوش اسلام ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق24 شعبان المعظم1434ھ بمطابق4 جولائی2013ء کو حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ صبح کے وقت حیدر آباد تشریف لے گئے جہاں پہلے سے موجود بیسوں علماء کرام او راہل تعلق حضرات استقبال کے لیے موجود تھے بعد ازیں یہ تمام حضرات ایک عظیم قافلے کی صورت میں ماتلی روانہ ہوئے ، جہاں مدرسہ بیت السلام، بیت السلام کالونی زیر نگرانی دارالعلوم فاروقیہ (مہتمم قاری عبدالمجید صاحب) میں پہلے سے سینکڑوں نو مسلم رہائشی حضرات نے حضرت شیخ اور قافلے کا استقبال کیا اور پھر سب حضرات مسجد میں جمع ہو گئے، جہاں ایک نو مسلم بچے نے پُرسوز انداز میں تلاوت کلام مجید اور جامعہ کے فاضل نے نعت پیش کی اور پھر اس مبارک محفل میں آئے ہوئے معزز ومکرم100 مہمان جو من الظلمات الی النور کی عملی تعبیر کی صورت میں وہاں تشریف لائے ہوئے تھے آگے بڑھے اور وہیں کے استاذ ونگران حضرت مولانا محمد راشد صاحب نے حضرت شیخ زید مجدہ کے حکم پر اُن تمام افراد کو کلمہ پڑھایا، بعد میں حضرت شیخ زید مجدہ نے مختصر بیان کے بعد دعا فرمائی۔
اس سفر میں حضرت شیخ زید مجدہ کے ہمراہ جامعہ سے مفتی معاذ خالد صاحب ، مولانا عرفان صاحب اور حضرت کے دیگر متعلقین بھی شامل تھے۔
یاد رہے کہ پچھلے کسی شمارے میں بیت السلام کالونی کا تعارف آیا تھا کہ یہ اندرون سندھ کے نو مسلم حضرات کے لیے چار ماہ بلاعوض ، کفالت اور تربیت کا مستند اور فعال ادارہ ہے جہاں سے اسلام کی روشنی حاصل کرنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
درجات قرآنیہ کی سالانہ تقریب
27 شعبان1434ھ بمطابق7 جولائی2013ء بروز اتوار کو جامعہ فاروقیہ کی مسجد میں درجات قرآنیہ اور تربیتی نصاب کی سالانہ آخری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں امتحانات میں پوزیشن یافتہ تمام درجات کے بچوں میں خصوصی انعامات شیلڈز اور کتب وغیرہ تقسیم کی گئیں، نظامت کے فرائض مفتی عمر فاروق صاحب مدرس ونگران حفظ فیزII نے انجام دیے جب کہ نگران مولانا عمار خالد صاحب ( مسئول وفاق شعبہ تحفیظ) تھے اور بیان مفتی محمد واحد صاحب نے فرمایا ، مدرسے کے بچوں ہی نے تقریب میں تلاوت ، نعت، مکالمے وغیرہ پیش کیے مولانا حبیب الله زکریا صاحب، مفتی سمیع الرحمن،مفتی محمد سلام صاحب او رمولانا خادم الرحمن صاحب نے بچوں میں انعامات تقسیم کیے۔ پروگرام کی ایک اہم بات یہ بھی رہی کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے معلمین حضرات کو بھی نقد، انعامات، شیلڈ اور قلم قرآن (ڈیجیٹل قرآن مجید) سے بھی نوازا گیا یہ انعامات مولانا عمار خالد صاحب کے ہاتھ سے دیے گئے ۔ انعام یافتہ معلمین کے نام یہ ہیں:
قاری فضل الرحیم صاحب ( اول)
قاری سعید صاحب ( دوم)
قاری عبدالغفور صاحب ( سوم)
حضرت شیخ زید مجدہ کا سفر ملتان اور نتائج کا اعلان
29 شعبان1434ھ کو حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ اور حضرت مولانا خلیل احمد صاحب (ناظم تعلیمات) مرکزی دفتر ملتان تشریف لے گئے، جہاں حضرت نے کل ملکی وفاقی نتائج کااعلان کیا۔
متعلم جامعہ کی پوزیشن
مشتاق خان (درجہ ثانویہ عامہ) نے وفاق کے سالانہ امتحان میں ملکی سطح پر سوم پوزیشن حاصل کی ۔
حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کی سفر سے واپسی
30 شعبان1434ھ بمطابق10 جولائی2013ء حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ کراچی دورے سے واپس تشریف لائے۔
ڈاکٹر محمد شریف صاحب کی وفات
جامعہ فاروقیہ کراچی اور حضرت کے خصوصی تعلق دار، اسامہ ہومیو کلینک کے بانی اور ڈاکٹر ارشد علی خان صاحب کے والد ڈاکٹر محمد شریف صاحب انتقال فرما گئے”انا لله وانا الیہ راجعون“․
ڈاکٹر صاحب دینی جذبے سے سرشار اور علم دوست شخصیت تھے۔ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب اور حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ الله پاک ان کی مغفرت فرما اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ (آمین)
جامعہ فاروقیہ میں رنگ وروغن
جامعہ فاروقیہ کراچی میں عمارتوں کا رنگ وروغن اپنے آخری مرحلے میں ہے اور مینار کے رنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں دورہ صرف نحو اورانگریزی شارٹ کورس اختتام پذیر ہوا دورہ صرف کے مدرس مولانا عثمان اکبر صاحب دورہ نحو کے استاذ مفتی عمرفاروق صاحب اور انگریزی شارٹ کورس کے ٹیچر جناب ماسٹر عثمان غنی صاحب تھے۔