Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شوال المکرم 1434ھ

ہ رسالہ

1 - 18
اولاد کی محبت پر ،الله کی محبت کو ترجیح دیجیے
عبید اللہ خالد
الله تعالیٰ کی عطا کردہ بڑی نعمتوں میں سے ایک نعمت اولاد ہے۔ اس نعمت کے حصول کے لیے انسان فکر مند اور پریشان رہتا ہے اور اگر لمبے عرصے تک کسی کے ہاں اولاد نہ ہو تو ہر طرح کے پاپڑ بیلنے کے لیے وہ تیار رہتا ہے یہ بہت عام سا مشاہدہ ہے ۔ اس نعمت کا احساس ان لوگوں کو خوب ہے جو اس سے محروم ہیں یا طویل عرصے کے انتظار کے بعد انہیں اولاد میسر آئی ہے۔

لیکن کیا والدین کے لیے ان کی اولاد واقعی نعمت اور رحمت ہوتی ہے ؟ قرآنی تعلیمات کے مطابق آپ کی اولاد آپ کے لیے امتحان ہوتی ہے ۔ امتحان اس بات کا کہ آپ اپنی اولاد کی محبت میں الله کی محبت کو تج نہیں دیتے… امتحان اس بات کا کہ اولاد کی ذمے داریاں ادا کرتے ہوئے الله کے احکام سے پہلوتہی تو نہیں برتتے… آزمائش یہ کہ دنیا کی زندگی کو آرام وآسائش سے مزین کرتے کرتے اپنی اولاد کو اخروی زندگی میں جہنم کا ایندھن تو بنا نہیں ڈالتے۔

غور کیجیے تو معلوم ہوتا ہے کہ آج عموماً اسی نہج پر والدین اپنی اولاد کی تعلیم اور تربیت کا اہتمام کرتے ہیں ۔ بلکہ یہ کہنے دیجیے کہ آج ہم اس حال کو پہنچ چکے ہیں کہ دنیاوی اور مادی فوائد کے حصول کے لیے ہم ایسے تعلیمی اداروں میں اپنی اولاد کو تعلیم دلاتے ہیں کہ جو اُن سے ان کا ایمان تک چھین ڈالتے ہیں اور اس کے لیے والدین بڑی بڑی فیسیں ادا کرتے ہیں۔ گویا ، اپنے بچوں کو کہ جن کی راحت اور آرام آپ کو سب سے زیادہ عزیز ہوتا ہے کہ خود کو دن رات سخت محنت کرکے مشقت کے ساتھ جو پیسہ کماتے ہیں اسے اپنی اولاد کو جہنم کے گڑھوں میں پھینکنے کے لیے استعمال کرتے ہیں چناں چہ جب اولاد بااختیار ہوتی ہے تو وہی اپنے والدین کی زندگی کو جہنم نما کر دیتی ہے ۔ جس اولاد کے لیے والدین اپنی راحت اور خوشیوں کو قربان کرتے ہیں تاکہ ان کی اولاد ان کے لیے آئندہ زندگی میں راحت رساں بن جائے، وہی اولاد ان کے دن رات کو دوزخ بنا ڈالتی ہے۔

ایسا صرف اور صرف اس لیے ہے کہ اولاد کی تعلیم اور تربیت کے دوران والدین اولاد کی محبت کو غالب رکھتے ہیں الله کی محبت پر اور اولاد کی تعلیم وتربیت کے دوران الله کے احکام کو توڑ کر الله کوناراض کرتے ہیں ، پھر ان کی اولاد اپنے ماں باپ کو تکلیف دیتی ہے۔

آپ یہ چاہتے ہیں کہ آپ کی اولاد آپ کی زندگی میں آپ کی راحت رسانی کا باعث ہو اور وہ دنیا میں اور آخرت میں کام یاب وکامران ہو تو اپنی اولاد کی تعلیم اور تربیت کے دوران الله کی محبت کو ترجیح دیجیے۔ آپ کی اولاد آپ سے محبت کرنے لگے گی۔
Flag Counter