Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق جمادی الثانیہ 1434ھ

ہ رسالہ

16 - 16
مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

والدین کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیے
جمع وترتیب: علماء بیت العلم
صفحات:200 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی
بیت العلم ٹرسٹ کے احباب نے مختلف موضوعات پر دینی واصلاحی کتابوں کی تالیف کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے ، زیر نظر کتاب بھی اس سلسلے کی کڑی ہے اور والدین کے حقوق وآداب سے متعلق تالیف کی گئی ہے ، اس کے مرتبین میں مولانا اختر علی ، مولانا سعید اور مولانا بشارت الہٰی کے نام ذکر کیے گئے ہیں او رکتاب کے اہم عنوانات درج ذیل ہیں ، والدین کا مقام قرآن کریم کی روشنی میں، والدین کا مقام احادیث کی روشنی میں ، والدین سے ملاقات کے آداب ، مثالی اولاد کے لیے چند بنیادی صفات والدین کی وفات کے بعد حسن سلوک۔

کتاب کا اسلوب سادہ، آسان اور عام فہم ہے اور اس میں حوالہ دینے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ، دور حاضر میں جب کہ والدین کے حقوق وآداب کی ادائیگی میں کوتاہی برتی جارہی ہے اور یہ سلسلہ روز افزوں بڑھتا جارہا ہے ، یہ کتاب معاشرے کی اصلاح اور دینی ودنیوی زندگی کی کام یابی وکامرانی کے لیے نہایت اہم اور سنگ میل ثابت ہو گی ۔

کتاب کا کاغذ متوسط اور کمپوزنگ میں سلیقے کی رعایت رکھی گئی ہے۔

دعوت وتبلیغ کے فضائل
تالیف: محمد حنیف عبدالمجید
صفحات:480 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبہ بیت العلم، اردو بازار ، کراچی
زیر نظر کتاب میں دعوت وتبلیغ کے فضائل ، اہمیت وافادیت ، آداب واصول اور ذمے داریوں پر گفت گو کی گئی ہے اور درج ذیل عنوانات کے تحت دعوت سے متعلق مضامین کو مرتب کیا گیا ہے ، دعوت إلی الله قرآنی آیات کی روشنی میں ، دعوت کے فضائل قرآنی واقعات کی روشنی میں، دعوت کے فضائل احادیث کی روشنی میں ، دعوت کی ابتداء کیسے کی جائے ، دعوت کی اہمیت سیرت نبویہ کی روشنی میں ، دعوت اور صحابیات رضی الله عنہن، خطوط کے ذریعے دعوت، دعوت وتبلیغ کی اہمیت وذمہ داری، دعوت وتبلیغ کے فضائل، دعوت وتبلیغ کا کام نہ کرنے کے نقصانات، عصر حاضر میں ہماری ذمے داریاں، دعوت وتبلیغ کے آداب واصول، دعوت وتبلیغ کی اہمیت بزرگان دین کے ارشادات کی روشنی میں۔

یہ کتاب دعوت و تبلیغ اورتبلیغی جماعت کے موضوع پر جامع اورتفصیلی کتاب ہے او را س میں تبلیغی جماعت کے فوائد وثمرات او راہمیت وافادیت کو خوب صورت انداز واسلوب میں اجاگر کرنے کی سعی کی گئی ہے ، اس کی جمع وترتیب میں تعاون کرنے والوں میں مولانا بشارت الہٰی ، مولانا وصی بٹ اور مولانا عصمت الله کے نام شامل ہیں ، الله تعالیٰ ان کی اس کاوش کو قبول ومنظور فرمائے اور امت کی دینی اصلاح وتربیت کا ذریعہ !

کتاب کی طباعت واشاعت او رکمپوزنگ وپروف ریڈنگ میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔

فضیلت علم
مرتب: حافظ محمد ابوبکر صدیق
صفحات:152 سائز:23x36=16
ناشر: جامعہ زکریا، رانا ٹاؤن، قائم پور، تحصیل حاصل پور ، ضلع بہاول پور
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ یہ کتاب علم دین کی فضیلت واہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے لکھی گئی ہے اور اسے جامعہ دارالعلوم کراچی کے متعلم حافظ ابوبکر صدیق نے مرتب کیا ہے او راس کی جمع وترتیب میں زیادہ استفادہ تفسیر رازی سے کیا گیا ہے ۔ چناں چہ کتاب میں امام رازی کا مختصر تعارف بھی شامل کیا گیا ہے او رکتاب کو مقدمہ اور چھ ابواب میں اس طرح تقسیم کیا گیا ہے کہ مقدمے میں علم کی تعریف اور فوائد ومقاصد پر روشنی ڈالی گئی ہے ، باب اول میں فضیلت علم سے متعلق قرآنی آیات کو جمع کیا گیا ہے ، باب دوم میں دیگر کتب سماویہ سے علم کی فضیلت پر مشتمل مواد اکٹھا کیا گیا ہے اور یہ حصہ تفسیر رازی سے ترجمہ کرکے نقل کیا گیا ہے ، باب سوم میں علم کی فضیلت سے متعلق احادیث نقل کی گئی ہیں ، باب چہارم میں صحابہ و تابعین کے آثار ہیں ، باب پنجم میں متفرق نکات جب کہ باب ششم میں علم کی اہمیت وافادیت سے متعلق اہل علم کے واقعات وحکایات جمع کی گئی ہیں اور ان سب ابواب کا بیشتر حصہ تفسیر رازی سے ترجمہ کرکے نقل کیا گیا ہے ۔ علم کی اہمیت وافادیت کو اجاگر کرنے کے لیے یہ ایک قابل ستائش کاوش ہے ۔

کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

زاد المتقین
مرتب: مفتی محمد احمد
صفحات:128 سائز:23x36=16
ناشر: دار العصر، کراچی
اس کتاب کو مبتدی طلبہ وطالبات کے لیے مرتب کیا گیا ہے اور اس میں اسماء حسنیٰ، چہل دعا، چہل حدیث ، آداب کا بیان ، مسائل ضروریہ، انوار الدعاء، منتخب جنت کی کنجی، منتخب تعلیم الاسلام کے عنوان سے سات ابواب قائم کیے گئے ہیں ۔

مؤلف نے تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے کہ :
اسماء الحسنی مشکوٰة شریف سے لیے گئے ہیں۔ منتخب جنت کی کنجی معروف جنت کی کنجی وآسان نماز قدرے حذف واضافہ کے ساتھ مرتب کی گئی ہے۔ چہل دعاء وانوار الدعاء کی ترتیب ، تخریج وانتخاب کے موقع پر مسنون دعائیں، پر نور دعائیں، مستند مجموعہ وظائف، حصن حصین، مناجات مقبول، الحزب الاعظم، رحمت دو عالم کی مستند دعائیں، عمل الیوم واللیلة اور الاذکار وغیرہ زیر نظر رہیں۔ چہل حدیث کے انتخاب میں زاد الطالبین، تعلیم وتربیت اور چہل حدیث از مفتی محمد شفیع رحمة الله علیہ زیر مطالعہ رہیں۔ منتخب تعلیم الاسلام، یہ تعلیم الاسلام حصہ اول مصنفہ مفتی کفایت الله رحمہ الله سے قدرے حذف کرکے شامل نصاب کیا گیا ہے۔آداب کا بیان، کے مراجع میں عمدة الفقہ، علیکم بسنتی، اسوہٴ رسول اکرم، تعلیم الایمان اور با ادب بانصیب داخل ہیں۔ مسائل ضروریہ میں آسان نماز،معروف جنت کی کنجی، زبدة الفقہ، وعلم الفقہ وغیرہ سے مدد لی گئی ہے۔

یہ کتاب معیاری کاغذ وطباعت کے ساتھ دارالعصر کراچی سے شائع کی گئی ہے۔

مجموعہ نفلی عبادات
تالیف: مفتی محمد انصر رؤف
صفحات:388 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبة الرؤف، سلانوالی، سرگودھا

اس کتاب میں نفلی عبادات کے فضائل اور احکام ومسائل کو قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کیا گیا ہے اور کتاب کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ حصہ اول سنن ونوافل نمازوں کے فضائل ومسائل او راحکام سے متعلق ہے، حصہ دوم میں پورے سال کی ان نفلی عبادات کو ذکر کیا گیا ہے ، جو دلائل صحیحہ سے ثابت ہیں او ران میں ضمناً انفاق فی سبیل الله، عمرہ اور ایصال ثواب کی حقیقت کو بھی واضح کیا گیا ہے جب کہ حصہ سوم میں قرآن مجید ، اذکار مسنونہ اور ادعیہ ماثورہ شامل کی گئی ہیں۔

کتاب میں اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ طوالت سے بچنے کے لیے احادیث کا صرف ترجمہ ذکر کیا گیا ہے اور دیگر عربی عبارات کو نقل کرنے سے بھی اجتناب کیا گیا ہے اور کتابوں کا حوالہ بمع جلد وصفحہ کے دیا گیا ہے، اگر کہیں مسئلے کی اہمیت کی وجہ سے عربی عبارات کی ضرورت پڑ سکتی تھی تو اس طرح کے مقامات کی عربی عبارات کو کتاب کے آخر میں ایک ساتھ دے دیا گیا ہے۔ کتاب میں مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا مفتی محمد طیب او رمولانا شبیر احمد کی تقاریظ شامل کی گئی ہیں ۔ نفلی عبادات کے فضائل ومسائل کو جاننے کے لیے یہ کتاب عوام وخواص سب کے لیے یکساں مفید ہے ، الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول ومنظور فرمائے اور انہیں اس کا اجر عطا فرمائے۔

کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے.
Flag Counter