Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رجب المرجب 1433ھ

ہ رسالہ

14 - 14
 مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

القرآن الکریم
قرآن مجید کے اس نسخے کی خصوصیت یہ ہے کہ اسے بڑے سائز کے کل اکسٹھ صفحات پر اس طرح شائع کیا گیا ہے کہ ہر صفحے میں سولہ سطروں کے نوصفحات کی تقطیع کی گئی ہے او راس طرح ایک پارہ چھوٹے سائز کے اٹھارہ او ربڑے سائز کے دو صفحات پر مشتمل ہے۔ البتہ آخری تین پارے چھ کے بجائے سات صفحات پر مشتمل ہیں۔اس قرآن مجید میں پورے پارے کو ایک نظر میں دیکھا جاسکتا ہے۔ آخر میں دعائے ختم القرآن اور ان بیس مقامات کی فہرست بھی دی گئی ہے جن میں زیر وزبر اور پیش کی غلطی سے گناہ کبیرہ اور کفرتک کی نوبت آجاتی ہے او ران کی تلاوت میں ازحد احتیاط ضروری ہے۔ قرآن مجید کے اس نسخے کا ٹائٹل کارڈ کا ہے ۔ مکتبہ اشرفیہ، کاسی روڈ، کوئٹہ سے اسے شائع کیا گیا ہے او راس کی طباعت واشاعت کااہتمام ابومحمد سید محمد سلیم رحیمی نے کیا ہے۔

آیات قرآنی میں تطبیق
تالیف: مفتی ذاکر حسین نعمانی
صفحات:480 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ بیت العلم، ST-9E، بلاک نمبر8، گلشن اقبال کراچی

قرآن مجید الله تعالیٰ کا کلام ہے او راس میں حقیقی تعارض کہیں بھی موجود نہیں ہے اگر کہیں بظاہر تعارض نظر آتا ہے تو وہ انسانی کم علمی وکم فہمی کی بناپر ہوتا ہے ، مفسرین نے اس طرح کی آیات کے درمیان توجیہ وتطبیق ذکر کرنے اور تعارض کو حل کرنے کی کوشش ہے۔ مولانا ذاکر حسن نعمانی نے اس کتاب میں تعارض کی ان صورتوں کو جمع کرکے مستند تفسیروں سے ان کے جوابات ذکر کیے ہیں او ران کو تعارض او رتطبیق کا عنوان دیاہے ۔ یہ کل دو سو بیس مقامات ہیں۔ یہ کتاب پہلے جامعہ عثمانیہ، پشاور کے شعبہٴ تصنیف نے شائع کی تھی، اب اسے جدید اسلوب میں مکتبہ بیت العلم ٹرسٹ کراچی نے شائع کیا ہے او راس میں علامات ترقیم، قرآنی آیات او راحادیث کے حوالہ جات اور عربی عبارات پر اعراب لگانے کا اہتمام بھی کیا ہے ۔ علوم قرآنی سے دلچسپی رکھنے والے حضرات خصوصاً علماء وطلباء کے لیے یہ کتاب ایک عمدہ تحفہ ہے اور اس میں قرآنی آیات کی تطبیق سے متعلق تمام مواد بحوالہ ایک ہی جگہ مل جاتا ہے۔

کتاب کا ٹائٹل جاذب نظر اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

اسباب نزول
تالیف: ڈاکٹر سید سعید الله (مازارہ)
صفحات:110 سائز:23x36=16

زیر نظر کتاب قرآن مجید کی آیات اور سورتوں کے اسباب نزول کے سلسلے میں لکھی گئی ہے او راسے تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، پہلے حصے میں سبب نزول کی معرفت سے متعلق پانچ مسائل، دوسرے حصے میں تفسیری اصطلاح”نزلت فی کذا“ کے استعمال کے مقامات اور تیسرے حصے میں اسباب نزول کے بیان کے مقامات کو ذکر کیا گیا ہے ۔ کتاب میں حوالہ دینے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے اور اس کے آخر میں نزول قرآن مجید کو بیان کیا گیا ہے ۔ کتاب کے درمیان میں تقریباً پچیس صفحات پر حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حالات بیان کیے گئے ہیں، جن کا موضوع کتاب سے بظاہر تعلق نظر نہیں آتا او ربادی النظر میں یہ کتاب کے حجم کو بڑھانے کی ایک سعی نظر آتی ہے ۔ کتاب پر ناشر کا پتہ اور طباعت واشاعت کے متعلق معلومات بھی درج نہیں ہیں اور بظاہر یہ لگتا ہے کہ پروف یا کتاب کی فوٹوکاپی کراکر اسے مجلد صورت میں شائع کیا گیا ہے۔ بہرحال اسباب نزول کے موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے کتاب کا مطالعہ فائدے سے خالی نہیں ہو گا۔

فقہی مقالات جلد پنجم
تالیف: مولانا مفتی محمد تقی عثمانی
صفحات:272 سائز:23x36=16
ناشر: میمن اسلامک پبلشرز، کراچی

”فقہی مقالات“ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے فقہ کے موضوع سے متعلق لکھے گئے علمی وتحقیقی مضامین ومقالات کو کتابی شکل میں پیش کرنے کا ایک مقبول اور مفید وکار آمد سلسلہ ہے۔ اس سے پہلے اس کی چار جلدیں آچکی ہیں او رچوتھی جلد آج سے تقریباً آٹھ سال پہلے سن2004ء میں شائع ہوئی تھی جب کہ ہمارے پیش نظر یہ اس کی پانچویں جلد ہے او ر ان سب جلدوں کو دارالعلوم کراچی کے استاد مولانا عبدالله میمن نے مرتب کیا ہے ۔ یہ جلد آٹھ مقالات پر مشتمل ہے، جن میں سے آخری دو مضامین کسی سائل کے جواب میں لکھے گئے فتاوی ہیں اور افادہ ٴ عام کی غرض سے انہیں مقالات کا حصہ بنایا گیا ہے ، مرتب کتاب اس جلد کے مقالات کا تعارف پیش کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

 یہ جلد مندرجہ ذیل مقالات پر مشتمل ہے:
٭   موجودہ عالمی معاشی بحران اور اسلامی تعلیمات:
”ورلڈا کنامک فورم“ جس کا مرکز”سوئزر لینڈ“ میں ہے ،ادارہ معیشت کے معاملات میں دنیا کا سب سے بڑا اور باوقار فکری ادارہ سمجھا جاتا ہے ، جنوری2010ء میں اس فورم کا اجلاس سوئزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہوا، جس کا موضوع”موجودہ معاشی بحران او راس کا حل “ تھا، اس اجلاس شرکت کے لیے او راپنا مقالہ پیش کرنے کے لیے حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم کو بھی دعوت دی گئی ، آنجناب نے اس موضوع پر ایک تفصیلی مقالہ انگریزی زبان میں تحریر فرمایا، بعد میں اس مقالہ کا اردو ترجمہ مولانا حسان کلیم صاحب سلمہ نے کر دیا، یہ ترجمہ ”ماہنامہ البلاغ“ میں کئی قسطوں میں شائع ہو چکا ہے۔
٭    ”اس عضو کی پیوندکاری، جس کو حد یا قصاص میں علیحدہ کر دیا گیا ہو “ یہ عربی مقالہ”زراعة عضو استوصل فی حد أو قصاص“ کا ترجمہ ہے ، یہ مقالہ ” اسلامی فقہ اکیڈمی“ جدہ کے چھٹے اجلاس منعقدہ14 تا20 مارچ1990ء جدہ میں پیش کیا گیا ۔ یہ مقالہ ”بحوث فی قضایا فقہیة معاصرة“ کی جلد اول میں شائع ہو چکا ہے۔
٭   ”کسی چیز کو ادھار خرید کر کم قیمت پر نقد فروخت کرنا“:
یہ عربی مقالہ”احکام التورق وتطبیقاتة المصرفیة“ کا ترجمہ ہے ، یہ مقالہ رابطہ عالم اسلامی کی ”المجمع الفقہی“ مکہ مکرمہ کے ساتویں اجلاس منعقدہ جنوری2003ء میں پیش کیا گیا ہے ، یہ مقالہ ”بحوث فی قضایا فقہیة معاصرة“ کی جلد ثانی میں شائع ہو چکا ہے ۔
٭   ”متبوتہ کے لیے نفقہ اور سکنی کا حکم“:
یہ مقالہ ”تکملة فتح الملہم شرح صحیح مسلم“ کا حصہ تھا، اس موضوع پر حضرت والا نے تفصیلی بحث فرمائی تھی ، افادہ عام کے لیے یہاں اس کا ترجمہ پیش کیا جارہا ہے۔
٭   ”اجتہاد او راس کی حقیقت“:
یہ ایک بصیرت افروز خطاب ہے، جو حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم نے جامعہ دارالعلوم کراچی میں درجہ تخصص فی الدعوة والارشاد کے طلباء کے سامنے کیا، جسے مولوی محمد زکریا خضداری سلمہ اور مولوی طاہر مسعود سلمہ نے قلم بند فرمایا، یہ خطاب” ماہنامہ البلاغ“ میں شائع ہو چکا ہے۔
٭    ”کیا حالات زمانہ بدلنے سے احکام میں تبدیلی آتی ہے؟“
یہ بھی ایک بصیرت افروز خطاب ہے ، جو حضرت مولانا محمد تقی عثمانی صاحب مدظلہم نے جامعہ دارالعلوم کراچی میں درجہ تخصص فی الدعوة والارشاد کے طلباء کے سامنے کیا، جسے مولوی محمد فراز سلمہ او رمولوی طاہر مسعود سلمہ نے قلم بند کیا۔ یہ مقالہ ”ماہنامہ البلاغ “ میں شائع ہوچکا ہے۔
٭   ”المرأة کالقاضی“:
کا مطلب… طلاق لے لو… عدد طلاق میں زوجین کے درمیان اختلاف کا حکم… یہ ایک تفصیلی فتوی او راس کا جواب ہے ، جو فتاوی عثمانی میں شائع ہو چکا ہے افادہ عام کے لیے اس کو مقالات کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔
٭    ”الہدیٰ انٹرنیشنل“ کے افکار وعقائد کا حکم:
یہ ایک تفصیلی فتوی اور اس کا جواب ہے ، جو ”فتاوی عثمانی“ میں شائع ہوچکا ہے، افادہ عام کے لیے مقالات کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔“

امید ہے کہ حضرت مفتی صاحب کی دیگر تصنیفات وتالیفات کی طرح ”فقہی مقالات“ کی یہ جلد بھی علمی حلقوں میں مقبول ہو نگی اور امت مسلمہ کی علمی وفقہی را ہ نمائی میں ممدو معاون ثابت ہو گی۔

کتاب کی کمپوزنگ، جلد بندی اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔

آسان فقہی مسائل
تالیف : مولانا عمر فاروق
صفحات:608 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی

یہ کتاب ایمانیات، طہارت، نماز، روزہ، تراویح، زکوٰة، نکاح، تجارت، حلال وحرام اور غرض دینی ضروریات سے متعلق عوام الناس کو پیش آنے والے ضروری اور اہم مسائل پر مشتمل ہے ، عوامی ضرورت کو مدّ نظر رکھتے ہوئے اسے عام فہم اور آسان اسلوب میں مرتب کیا گیا ہے او رممکنہ حد تک فقہی اصطلاحات کے استعمال سے بچنے کی کوشش کی گئی ہے ۔ مدرسہ عائشہ للبنات کراچی کے استاد مولانا عمر فاروق نے اسے مرتب کیا ہے ۔ کتاب کی تالیف وتدریس سے متعلق قارئین کو گزارشات پیش کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں:
٭    اس کتاب میں مشہور اور کثرت سے پیش آنے والے مسائل کو جمع کیا گیا ہے ، ان کے علاوہ پیش آنے والے مسائل میں معتمد مفتیانِ کرام سے راہ نمائی حاصل کی جائے۔
٭   یہ مسائل فقہ حنفی کے مطابق ہیں۔
٭    یہ مسائل مردوں سے متعلق ہیں، البتہ چند مسائل کسی مناسبت سے عورتوں کے بھی ذکر کیے گئے ہیں۔
٭    جن کتب اور فتاویٰ سے مسائل لیے گئے ہیں، ان کے مراجع بھی ذکر کر دیے گئے ہیں ، البتہ بعض وہ مسائل جو بدیہی ہیں یا علما سے براہِ راست پوچھے گئے ہیں ، وہ اس سے مستثنیٰ ہیں۔
٭    کسی بھی مسئلے میں کوئی اشکال ہو یا کسی عبارت کا مفہوم واضح نہ ہو تو علما کی طرف رجوع کر لیا جائے۔
٭    یہ کوئی مستقل تصنیف نہیں ، بلکہ مختلف کتب وفتاویٰ سے مسائل جمع کرکے ترتیب دیے گئے ہیں، ترتیب دینے میں آسان، عام فہم انداز اختیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
٭    جہاں ایک مسئلے سے متعلق ایک سے زیادہ قول ذکر کیے گئے ہیں ، وہاں ان تمام قولوں پر عمل کرنے کی گنجائش ہے ۔
٭    ان مسائل کو درساً پڑھانے والے علما کی خدمت میں درخواست ہے کہ جن مسائل کی عملی مشق کرائی جاسکتی ہو تو بہتر یہ ہے کہ ان کی عملی مشق کرائے جائے، مثلاً: وضو ، تیمم، موزوں پر مسح، نماز وغیرہ۔
٭   بعض مقامات پر ایک ہی مسئلے کی مختلف صورتوں کو مختلف کتابوں سے نقل کیا گیا ہے ۔
٭    بہتر یہ ہے کہ یہ مسائل کسی مستند عالم سے درساً پڑھ لیے جائیں۔
٭    کچھ مسائل میں دلائل کو بھی ذکر کیا گیا ہے جہاں بعض مسائل کا سمجھنا دلیل پر موقوف ہے۔
٭   فقہی اصطلاحات کے استعمال سے ممکنہ حد تک بچنے کی کوشش کی گئی ہے ، تاکہ عوام پر اصطلاحات سمجھنے کا بار نہ پڑے۔“

یہ کتاب اگرچہ شرعی مسائل میں عوامی راہ نمائی کے لیے لکھی گئی ہے لیکن عوام وخواص سب کے لیے مفید وکار آمد ہے اور اعلیٰ ورق پر معیاری طباعت کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔ 
Flag Counter