Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رجب المرجب 1433ھ

ہ رسالہ

13 - 14
اخبار جامعہ
ادارہ

حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کا سفر برما
19 جمادی الاولیٰ بروز بدھ11 اپریل2012ء حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب برما کے سفر پرروانہ ہوئے ، جمعیة علماء میانمار( برما) کی دعوت پر برما کا یہ سفر ہوا۔ رنگون ائیرپورٹ پر حضرت مولانا نور محمد صاحب مدظلہ، جناب مفتی جلال الدین قاسمی صاحب مدظلہ، مولانا اشرف علی صاحب، مولانا سفیان صاحب، حاجی محمد عثمان صاحب، حاجی جلال الدین صاحب، حاجی شریف صاحب (گولف والے) اور دیگر معززین نے گرم جوش استقبال کیا، جمعیة علماء میانمار کی زیر سرپرستی پورے ملک میں مکاتب قرآنیہ کا جال بچھا ہوا ہے ۔ جمعیة نے ان مکاتب قرآنیہ کے اساتذہ کی تربیت کے لیے دس روزہ تربیتی نشستوں کاانتظام کیا ہوا تھا،حضرت زید مجدہ نے پورے دس روز ان اساتذہ سے تربیتی اور فکری گفتگو فرمائی۔ الله تعالیٰ اس کاوش اور کوشش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور پورے ملک میانمار کے لیے ہدایت کا ذریعہ فرمائے۔ قیام رنگون کے زمانے میں جامعہ اسعدیہ اور دارالعلوم تامبوے کے علاوہ دیگر مدارس او رمکاتب کے دورے اور علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی خوب رہا۔ رنگون اور مولمین کے تبلیغی مراکز میں شب جمعہ کے بیانات بھی ہوئے۔جناب مفتی محمد سورتی صاحب مدظلہ ان کے والد مکرم الحاج محمدیعقوب سورتی صاحب اور ان کے بھائی مولانا ابراہیم سورتی صاحب کی دعوت پر ان کی قیام گاہ پر بھی حاضری ہوئی۔ مولمین کے سفر میں حضرت مولانا شمس الضحیٰ صاحب دامت برکاتہم اور جمعیة علماء کی خصوصی کوششوں سے پورے مولمین کے علماء ، اہل مدارس اور طلباء کرام سے ظہر تا عصر ایک خصوصی نشست ہوئی۔ مولمین کے ممتاز عالم دین حضرت مولانا محمد جعفر صاحب مدظلہ کے مدرسے میں بھی جانا ہوا، جہاں حضرت مولانا بہت ہی خصوصی او رامتیازی انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں، مفتی جلال الدین قاسمی صاحب کے مدرسہ مظفر العلوم بھی جانا ہوا، جمعیة علماء برما کے مرکزی دفتر میں بھی حضرت الحاج مولانا محمدیوسف صاحب مدظلہ، نائب صدر جمعیة علماء میانمار کی خصوصی دعوت پر ذمہ داروں سے فکری نشست ہوئی۔ پورے سفر میں مفتی جلال الدین قاسمی صاحب، حاجی محمد عثمان صاحب، حاجی جلال الدین صاحب، مولانا اشرف علی صاحب او رمولانا سفیان صاحب ہمہ وقت ساتھ رہے۔ دوران سفر جامعہ فاروقیہ کراچی کے فضلاء کرام مفتی ابراہیم صاحب، مفتی ذوالفقار صاحب، مفتی احمد صاحب، مفتی زین العابدین صاحب مفتی انعام الحسن صاحب اور دیگر سے مسلسل ملاقاتیں رہیں، قیام حاجی محمد عثمان صاحب کے مکان پر تھا جنہوں نے ہر طرح کی راحت رسانی میں کوئی دقیقہ فردگذاشت نہیں فرمایا الله تعالیٰ حاجی صاحب موصوف کو اپنی شایان شان بہترین جزائے خیر عطا فرمائیں اور یوں یہ مبارک سفر بہت سی خوش گوار یادیں اور باتیں اپنے اندر سموئے ہوئے 30 جمادی الاولیٰ1433ھ کو اختتام پذیر ہوا۔

جامعہ میں سالانہ اردو ، عربی تقریری مقابلے اور مقابلہ خوشخطی
جامعہ فاروقیہ کراچی میں تعلیمی امور کے ساتھ ساتھ تحریر ، تقریر، خوشخطی سمیت کئی اہم شعبوں میں بھی طلبہ کرام کی راہ نمائی اور حوصلہ افزا سرپرستی کی جاتی ہے۔ چناں چہ18 اپریل بروز بدھ مطابق26 جمادی الاولیٰ کو جامعہ میں اردو اور عربی زبان میں تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ دونوں کا موضوع ” عصبیت او راس کے نقصانات“ رکھا گیا تھا۔ تمام شرکاء نے بہترین اور مدلّل انداز میں متعلقہ موضوع پر علمی مواد سامعین کے سامنے پیش کیا۔ عربی مقابلے میں درج ذیل طلبہ کرام نے پوزیشنیں حاصل کیں۔
محمد زبیر ، سادسہ نظامی، اول۔ اویس احمد، سادسہ معہد، دوم حبیب الله، سادسہ معہد، سوم۔
اردو کے مقابلے میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کرام۔
زید الرحمن سادسہ نظامی، اول۔ زاہد الرحمن ثانیہ نظامی، دوم۔ محمد اعظم ثالثہ نظامی، سوم۔

اسی طرح جامعہ میں اس مرتبہ خوشخطی کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا چناں چہ اس مقابلہ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کرام درج ذیل ہیں۔
محمد ندیم درجہ دورہ حدیث، اول۔ محمد عمران درجہ دورہ حدیث ،دوم۔ احتشام الحق درجہ سابعہ، سوم۔

حضرت شیخ الجامعہ زید مجدہم کی طیارہ حادثہ پر تعزیت
28 جمادی الاولیٰ کو حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہم جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن تشریف لے گئے۔ اور ارباب جامعہ سے جامعہ کے ناظم تعلیمات حضرت مولانا عطاء الرحمن صاحب قدس الله سرہ کی شہادت پر تعزیت اور ان کے لیے دعائے مغفرت فرمائی اس موقع پر حضرت کے ساتھ مولانا محمد انور صاحب ، مولانا خلیل احمد صاحب اور مولانا عمار خالد صاحب بھی موجود تھے۔ اسی طرح یہ حضرات واپسی میں جامعہ امام ابوحنیفہ مکہ مسجد بھی تشریف لے گئے۔ ” حضرت مولانا محمدیوسف کشمیری صاحب سے اُن کے بھائی جناب محمد یونس صاحب کی شہادت پر تعزیت فرمائی۔

یاد رہے کہ مذکورہ دونوں حضرات 27 جمادی الاولیٰ بروز جمعہ بھوجا ائیر لائن کے افسوس ناک حادثے میں شہید ہو گئے تھے۔ اس حادثے کاشکار ہونے والے 127 افراد میں میں حضرت مولانا عطاء الرحمن صاحب کی ہمشیرہ، معاون خاص مولانا عرفان میمن، جامع مسجد صدیق اکبر گلشن اقبال کے خطیب مولاناگل زمان مع والدہ محترمہ، جامعہ بنوریہ سائٹ کے فاضل مولانا عثمان رشید اور قاری محمد عبدالرحمن اور حضرت مولانا محمدیوسف کشمیر ی کے بھائی محترم محمدیونس بھی شامل تھے۔

53 سالہ حضرت مولانا عطا ء الرحمن صاحب کا آبائی علاقہ مردان تھا دارالعلوم شیر گڑھ میں ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ بقیہ تعلیم جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں مکمل کی فراغت اور تخصص کے بعد جامعہ ہی میں تدریس شروع کی اور گزشتہ دس سال سے ناظم تعلیمات کے عہدے پربھی فائز رہے اس کے علاوہ صدر کی جامع مسجد صالح، جہانگیر پارک میں مولانا امام اور خطیب بھی تھے اور وفاق المدارس کی نصابی کمیٹی کے رکن بھی۔ الله پاک حضرت مولانا سمیت تمام مرحومین کی مغفرت کاملہ فرمائے۔ آمین

جامعہ فاروقیہ فیزII میں عربی تقریری مقابلہ
یکم جمادی الثانیہ جامعہ فاروقیہ فیزII میں بھی عصبیت او راس کے نقصانات کے عنوان پر عربی زبان میں تقریری مقابلہ منعقد ہوا۔
جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کرام کے نام درج ذیل ہیں:
شفیق الرحمن، درجہ ثالثہ، پہلی پوزیشن۔ کامران خان، درجہ رابعہ، دوسری پوزیشن۔ محمد انس، درجہ ثانیہ، تیسری پوزیشن۔ محمدہمایوں، اعدادیہ اول، (اعزازی پوزیشن)۔

جامعہ فاروقیہ مرکزکی جانب سے اس تقریب میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب زید مجدہ، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، حضرت مولانا محمد انور صاحب، مولانا نور البشر صاحب،مولاناعبدالغنی صاحب، مولانا زر محمد صاحب اور مولانا عزیز الرحمن صاحب بھی شریک رہے۔

باہر سے تشریف لانے والے مہمانان گرامی میں مولانا ڈاکٹر عطاء الرحمن صاحب، مولانا عمر صادق صاحب، ممبر صوبائی اسمبلی، مولانا عبدالعزیز صاحب جامعہ عثمانیہ اور مولانا کفایت الله صاحب مدینة العلوم حب بھی شامل تھے۔

حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا سفر ملتان
2 جمادی الثانیہ24 اپریل حضرت شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ وفاق المدارس کی مرکزی مجلس عاملہ وشوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لیے ملتان روانہ ہوئے اجلاس بروز بدھ3 جمادی الثانیہ کو وفاق المدارس کے مرکزی دفتر میں شروع ہوا جس کی صدرات حضرت صدر وفاق شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان زید مجدہ نے فرمائی اس اجلاس میں مدارس کے تعلیمی اور نصابی امور میں مزید پیش رفت کے ساتھ ساتھ ” وفاق المدارس العربیہ“ کے نام میں کچھ ترمیم اور نئیمجوزہ نام” وفاق المدارس والجامعات الاسلامیہ“ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ حضرت کے ہمراہ مولانا خلیل احمد صاحب نے سفر کیا، نیز مسئول شعبہ تحفیظ کراچی مولانا عمارخالد صاحب نے بھی شعبہ تحفیظ کے حوالے سے مسئولین کے اجلاس میں شرکت کی۔

مقابلہ قرأت میں جامعہ کے طالب علم کی پوزیشن
کراچیDCO انتظامیہ کی جانب سے ضلع ملیر میں آل کراچی بین المدارس والجامعات مقابلہ قرأت کا اہتمام کیاگیا۔ جس میں جامعہ فاروقیہ کراچی کے طالب علم ” عطاء الحق“ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر DCO انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ ضلعی مقابلوں کے فاتحین کے درمیان صوبائی اور پھر ملکی سطح پر بھی مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

ختم نبوت کانفرنس میں حضرت شیخ الجامعہ کی شرکت
صوبہ سندھ ضلع ماتلی کے علاقے سنگرچانگ میں 12 جمادی الثانیہ بروز جمعہ کو ایک عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان زید مجدہ نے فرمائی۔ جلسے کے اختتام پر حضرت شیخ زید مجدہ جامعہ صدیق اکبر، ٹنڈوالہ یار تشریف لے گئے۔ اندرون سندھ موجود حضرت شیخ زید مجدہ کے تلامذہ نے بھی بڑی تعداد میں حضرت سے ملاقات کی، حضرت کے ہمراہ حضرت مولانا عبدالمجید دین پوری صاحب، نگران شعبہ تخصص فی الفقہ جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن، حاجی خان محمد صاحب، حاجی انیس صاحب، مفتی معاذ خالد صاحب اور مولانا ولی الرحمن صاحب شریک جلسہ تھے۔ 
Flag Counter