Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی جمادی الثانیہ 1431ھ

ہ رسالہ

8 - 16
***
اخبار جامعہ
مفتی معاذ خالد
اساتذہ کرام کا عمومی اجلاس
21ربیع الثانی بمطابق7 اپریل2010ء جامعہ کے تمام اساتذہ کا ایک عمومی اجلاس حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب ، ناظم اعلیٰ جامعہ کی سربراہی میں منعقد ہوا، کئی اہم امور پر حضرات اساتذہ نے غوروخوض فرمایا اور اپنی اپنی آراء پیش فرمائیں، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب مدظلہ کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
نتائج کا اعلان
21ربیع الثانی بمطابق7 اپریل2010ء بعد نماز ظہر حضرت مولانا عبدالغنی صاحب مدظلہ، ناظم تعلیمات جامعہ نے امتحانات نصف سنوی کے نتائج کا طلبہ کرام کے اجتماع عام میں اعلان فرمایا۔
مہمانوں کی آمد
22 ربیع الثانی بمطابق8 اپریل2010ء جامعہ بنوریہ العالمیہ کے مہتمم حضرت مولانا مفتی محمد نعیم صاحب مدظلہ جامعہ تشریف لائے ،حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ سے ملاقات کی اور بعض اہم امور پر مشاورت فرمائی۔
مشیر وزیراعلیٰ سندھ جناب مفتی فیروز الدین صاحب ضروری مشاورت کے لیے جامعہ تشریف لائے، ناظم اعلیٰ جامعہ حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ سے ملاقات کی اور کئی اہم امور پر تبادلہٴ خیال فرمایا۔
حضرت شیخ الجامعہ زید مجدہ کا سفر
24 ربیع الثانی بمطابق10 اپریل2010ء بروز ہفتہ حضرت شیخ زید مجدہ ، وفاق المدارس العربیہ، پاکستان کی مجلس عاملہ اور مجلس شوریٰ کے اجلاس میں شرکت کے لیے صبح سات بجے بذریعہ جہاز ملتان روانہ ہوئے۔
صبح10 بجے حضرت شیخ زید مجدہ صدر وفاق کی صدارت میں مجلس عاملہ کا اجلاس شروع ہوا، پورے ملک سے ارکان عاملہ نے بھرپور شرکت فرمائی ، اجلاس میں ایجنڈے میں درج تمام نکات پر تفصیلی غور وخوض ہوا، مجلس عاملہ کا یہ اہم اجلاس نماز ظہر پر بخیر وخوبی اختتام پذیر ہو گیا۔
25 ربیع الثانی بمطابق11اپریل2010ء بروز اتوار صبح نو بجے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس شوریٰ کا اجلاس حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی زیر صدارت شروع ہوا، مجلس شوریٰ کے اس اجلاس کے ایجنڈے میں کئی نکات تھے مگر سب سے اہم صدر وفاق اور ناظم اعلیٰ وفاق کا انتخاب تھا، چناں چہ جب انتخاب کا مرحلہ آیا تو پورے ہاؤس نے متفقہ طور پر نہایت پرجوش اور پُروقار انداز میں حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کو صدر وفاق اور مولانا قاری محمد حنیف جالندھری مدظلہ کو ناظم اعلیٰ وفاق منتخب کر لیا۔
25 ربیع الثانی بمطابق11 اپریل 2010ء بروز اتوار ہی عصر کی نماز کے بعد حضرت شیخ زید مجدہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب مدظلہ کے طلب کردہ علماء کے اجلاس میں شرکت کے لیے بذریعہ کار لاہور روانہ ہوئے۔
اس سفر میں حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی مدظلہ، حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب مدظلہ اور قاری محمد حنیف جالندھری مدظلہ کے علاوہ دیگر علماء کرام بھی ہم سفر رہے، عشاء کے بعد بخیر وعافیت لاہور پہنچے اور رات کا قیام جامعة الخیر جوہر ٹاؤن، لاہور میں حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی میزبانی میں فرمایا۔
26ربیع الثانی بمطابق12 اپریل2010ء بروز پیر ناشتہ کے بعد حضرت شیخ زید مجدہ اور حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب مدظلہ نے جامعة الخیر، جوہر ٹاؤن، لاہور کے اساتذہ وطلبہ سے خطاب فرمایا، اس جلسہ سے فراغت پر حضرت مولانا عبدالغفور صاحب سروہی مدظلہ امام وخطیب جامع مسجد شیخہ سالم، ماڈل ٹاؤن ،لاہور کی پرخلوص دعوت پر حضرت شیخ زید مجدہ مولاناعبدالغفور صاحب مدظلہ کے مکان پر تشریف لے گئے اور بقیہ قیام لاہور مولانا ہی کے ہاں فرمایا۔
26 ربیع الثانی بمطابق12 اپریل2010ء بروز پیر بعد نماز عصر حضرت صدروفاق زید مجدہ جامعہ اشرفیہ، تشریف لے گئے اور عشاء تک ملک کے منتخب او رممتاز علماء کے خصوصی اجلاس میں شرکت فرمائی، اجلاس سے فراغت پر مولانا عبدالغفور صاحب کے ہاں واپسی ہوئی۔
27 ربیع الثانی بمطابق13 اپریل2010ء بروز منگل بعد نماز فجر حضرت مولانا وکیل احمد شیروانی مدظلہ اور مولانا افتخار زمان مدظلہ فاضل جامعہ فاروقیہ کراچی، حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ سے ملاقات کے لیے تشریف لائے، ناشتہ سے فارغ ہو کر حضرت شیخ زید مجدہ حضرت مولانا وکیل احمد شیروانی مدظلہ کے مدرسہ تشریف لے گئے اور اساتذہ وقرب وجوار کے جمع ہوجانے والے علماء کرام سے گفتگو فرمائی، بعد عصر جامعہ اشرفیہ لاہور تشریف لے گئے اورخصوصی اجلاس میں شرکت فرمائی، رات تاخیر سے قیام گاہ واپسی ہوئی۔
28ربیع الثانی بمطابق14اپریل2010ء بروز بدھ جامعہ فاروقیہ کراچی کے سال میں نکلے ہوئے فضلاء حضرت شیخ زید مجدہ سے ملاقات کے لیے آتے رہے، عصر کی نماز کے بعد حضرت زید مجدہ تبلیغی مرکز رائے ونڈ تشریف لے گئے جہاں اپنے شاگرد خاص حضرت مولاناجمشید صاحب مدظلہ سے ملاقات فرمائی ، اس موقع پر حضرت مولانا نذرالرحمن صاحب مدظلہ، حضرت مولانا احسان الحق صاحب مدظلہ، حضرت مولانا خورشید صاحب اور حاجی عبدالوہاب صاحب مدظلہ سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، حضرت مولانا جمشید صاحب مدظلہ اور دیگر علماء کرام نے حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کا والہانہ استقبال فرمایا اور پُرتکلف اکرام فرمایا، رائے ونڈ مرکز میں جامعہ فاروقیہ کے سال میں چلنے والے فضلاء کرام اور پورے ملک کے مدارس کے فضلاء کا ایک انبوہ کثیر حضرت شیخ زید مجدہ کے اردگرد جمع ہو گیا ، حضرت نے سب کے لیے دعا فرمائی، عشاء کے بعد لاہور قیام گاہ پرواپسی ہوگئی۔
29ربیع الثانی بمطابق15 اپریل2010ء بروز جمعرات صبح دس بجے حضرت شیخ زید مجدہ جامعہ اشرفیہ، لاہور، علماء کرام کے اجتماع عام میں شرکت کے لیے تشریف لے گئے، آپ ہی نے اجلاس کی صدارت فرمائی، دوپہر میں اجلاس کے وقفے کے دوران جناب حافظ عمار یاسر صاحب کے بے حد اصرار پر ان کی رہائش گاہ تشریف لے گئے ظہر کی نماز، دوپہر کا کھانا، قیلولہ فرماکر اور یہیں عصر کی نماز پڑھ کر جامعہ اشرفیہ تشریف لائے اور رات گئے تک جاری رہنے والے علماء کے اس اختتامی اجلاس میں شرکت فرمائی، یہ اجلاس بھی حضرت شیخ زید مجدہ کی زیر صدارت ہوا او رحضرت ہی کے اختتامی کلمات اور دعا پر یہ ملک گیر اجتماع اختتام پذیر ہوا۔
یکم جمادی الاولیٰ بمطابق16 اپریل2010ء بروز جمعہ حضرت شیخ زید مجدہ نے نماز جمعہجامع مسجد شیخہ سالم میں ادا فرمائی ، اس سفر میں حضرت شیخ زید مجدہ نے ارادہ فرما لیا تھا کہ حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب دامت برکاتہم کی زیارت اور عیادت کے لیے کندیاں شریف تشریف لے جائیں گے۔ چناں چہ دوپہر کے کھانے سے فراغت کے بعد جامعة الخیر جو ہر ٹاؤن تشریف لے گئے یہاں حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری مدظلہ اور جناب حافظ عماریاسر صاحب ، خانقاہ سراجیہ، کندیاں شریف، حضرت خواجہٴ خواجگان مولانا خان محمد صاحب دامت برکاتھم کی زیارت وعیادت کے لیے جانے کے لیے تیار تھے۔ حضرت مولانا عبدالغفور صاحب مدظلہ رخصت کرنے تشریف لائے ہوئے تھے، عصر سے قبل کندیاں شریف کے لیے براستہ سرگودھا روانگی ہوئی، راستہ میں عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھتے ہوئے تقریباً نو بجے شب خانقاہ سراجیہ، کندیاں شریف آمد ہوئی اور رات کا کھانا اور قیام خانقاہ ہی میں ہوا۔
2 جمادی الاولیٰ بمطابق17 اپریل2010ء بروز ہفتہ ناشتہ کے بعد خواجہٴ خواجگان حضرت مولانا خان محمد صاحب دامت برکاتہم سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات ہوئی، حضرت کا فی علیل ہیں ، ضعف اور نقاہت بھی بہت زیادہ ہے مگر الحمدلله حضرت سے مصافحہ ہوا، حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری مدظلہ نے مختصراً عاملہ، شوریٰ اور لاہور کے اجتماع کی مختصر کارگزاری اور ملک بھر کے علماء کی طرف سے پھر، باصرار حضرت شیخ زید مجدہ کے لیے صدارت وفاق اور قاری صاحب کے لیے نظامت علیا کا تذکرہ بھی کیا، حضرت خواجہ صاحب دامت برکاتہم نے دعا فرمائی اور اس طرح یہ روح پر ور ملاقات اپنے اختتام کو پہنچی۔
تقریباً گیارہ بجے دن تلہ گنگ کے لیے روانگی ہوئی دوپہر کے وقت مدرسہ ظہور الاسلام تلہ گنگ آمد ہوئی، حضرت مولانا اخلاق صاحب مدظلہ اور دیگر اساتذہ وطلبہ نے استقبال کیا، حضرت اپنے ضعف اور تھکاوٹ کی بنا پر گاڑی ہی میں رہے، حضرت مولانا قاری محمدحنیف جالندھری مدظلہ نے اساتذہ وطلبہ سے مختصر اور جامع خطاب فرمایا، تلہ گنگ میں جناب حافظ عمار یاسر صاحب کے ہاں قیام رہا ، حافظ عمار صاحب نے خدمت کے ان انمول مواقع سے خوب خوب استفادہ فرمایا۔
3 جمادی الاولیٰ بمطابق18 اپریل2010 بروز اتوار صبح دس بجے حضرت شیخ زید مجدہ مدرسہ ظہور الاسلام، تلہ گنگ تشریف لائے اور بخاری شریف کا درس دیا اور دعا فرمائی۔
درس بخاری شریف سے فراغت پر اسلام آباد روانگی ہوئی ، حافظ عمار یاسر صاحب ہمراہ رہے، تقریباً ڈیڑھ بجے دن ائیرپورٹ پہنچے، یہاں پہلے سے سینیٹر مولانا عطاء الله شہاب صاحب فاضل جامعہ فاروقیہ کراچی، اور مولانا حبیب الرحمن صاحب فاضل جامعہ وسابق استاد جامعہ موجود تھے کچھ دیر بعد مولانا عبدالغفور صاحب سروہی ، لاہور والے بھی تشریف لے آئے، مولانا حبیب الرحمن صاحب اور مولانا عطا ء الله شہاب صاحب حضرت کو وی آئی پی لاؤنج میں لے آئے، ظہر کی نماز لاؤنج ہی میں ادا کی، مختصر ناشتہ حضرت کی خدمت میں پیش کیا گیا، جہاز کی کراچی روانگی کا اعلان ہو جانے کی بنا پر یہ سب حضرات حضرت سے رخصت ہوئے اور ٹھیک تین بجے جہاز نے کراچی کے لیے اڑان بھری اور ٹھیک پانچ بجے شام کراچی آمد ہوئی،ائیرپورٹ پر حضرت شیخ زید مجدہ کے پوتے معاذ خالد او ر عمار خالد آئے ہوئے تھے۔ اس طرح حضرت کا یہ سفر اختتام کو پہنچا۔ اس پورے سفر میں حضرت کے صاحبزادے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب حضرت کے ہمراہ رہے۔
تقریری مقابلہ
3 جمادی الاولیٰ بمطابق18 اپریل2010ء بروز اتوار جامعہ فاروقیہ کراچی مرکز میں طلبہ کے درمیان اردو وعربی میں تقریری مقابلے ہوئے اردو تقریری مقابلے کا عنوان” علماء احناف کی حدیثی خدمات“ تھا اور عربی تقریری مقابلے کا عنوان ”علماء الأحناف وخدماتھم تجاہ الحدیث“ تھا۔
اردو تقریری مقابلہ ظہر تا مغرب جاری رہا جب کہ عربی مقابلہ مغرب تار ات گئے جاری رہا، عربی پروگرام میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد سے ڈاکٹر حسن محمد عبدالباقی اور ڈاکٹر مجیب مدعو تھے،اس موقع پر انتظامیہ جامعہ نے معززین شہر اور متعلقین جامعہ کو بھی دعوت دی تھی، چناں چہ معززین اور متعلقین نے بھی شرکت فرمائی اور ناظم اعلیٰ جامعہ حضرت مولانا محمد عادل خان صاحب کو اس پُروقار پروگرام پر مبارک دی۔
اس پروگرام میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا گیا جو اساتذہ کرام کے ذریعے تقسیم کیے گئے۔
واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح
7جمادی الاولیٰ بمطابق22 اپریل2010ء بروز جمعرات جامعہ فاروقیہ فیزII میں حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ نے پانی صاف کرنے کے نظام کا افتتاح فرمایا۔
یاد رہے کہ چند ماہ قبل ناظم اعلیٰ جامعہ حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کی طویل مساعی کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ فیزII میں گہری بورنگ کے ذریعے پانی دستیاب ہوا تھا، مگر پانی کا ذائقہ اوربُو ٹھیک نہ تھی اور وہ قابل استعمال نہیں تھا، حضرت ناظم اعلیٰ مدظلہ کئی ماہ سے اس کوشش میں تھے کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے پانی کو قابل استعمال بنا لیا جائے، چناں چہ حضرت ناظم اعلیٰ مدظلہ کی مساعی بارآور ہوئیں اور الله تعالیٰ نے اس کا انتظام فرمادیا، حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ نے اس کا افتتاح اور دعا فرمائی، اس مبارک موقعہ پر حضرت مولانا محمد انور صاحب مدظلہ استاد حدیث جامعہ اور جناب عارف جمیل صاحب (لاہور) بھی موجود تھے۔
جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کے لیے گیس کی منظوری
14 اپریل2010ء کوحضرت ناظم اعلیٰ جامعہ مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب کی دیرینہ کوششوں کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ فیزII کے لیے گیس کنکشن کی منظور ہوگئی۔ فالحمدلله علی ذالک
جناب مطیع الله آغا صاحب ، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے اس سلسلے میں جوکوششیں فرمائیں، الله تعالیٰ انہیں بے حد جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
جامعہ کے مخلص کرم فرما کو صدمہ
جامعہ فاروقیہ کراچی کے نہایت مخلص اور کرم فرما محترم جناب ڈاکٹر ارشد صاحب کی رفیقہٴ حیات کا انتقال ہو گیا انالله وانا الیہ راجعون، نماز جنازہ حضرت شیخ الحدیث مدظلہم نے پڑھائی، الله تعالیٰ مرحومہ کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور تمام متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
جامعہ فاروقیہ کراچی کے ایک اور ہمدرد اور کرم فرما جناب محمد حنیف صاحب کا دبئی میں طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا، الله تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، درجات بلند فرمائے، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور متعلقین وپسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ پاکستان کا اجلاس
18 جمادی الاولیٰ بمطابق3 مئی2010ء جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII میں حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی زیر صدارت اتخاد تنظیمات مدارس دینیہ کا نمائندہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں دینی مدارس کے پانچوں بورڈں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی جانب سے شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب مدظلہ، حضرت مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی صاحب ، صدر دارالعلوم کراچی، حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب، رابطة المدارس کی جانب سے قاری ضمیر اختر منصوری صاحب، سید محمود فاروقی صاحب، تنظیم المدارس کی جانب سے مفتی منیب الرحمن صاحب ، مولانا غلام محمد سیالوی صاحب، صاحبزادہ عبدالمصطفیٰ ہزاروی صاحب، وفاق المدارس سلفیہ کی جانب سے سینیٹر پروفیسر ساجد میر صاحب ، مولانا یسٰین صاحب، مولانا محمد یونس اور وفاق المدارس الشیعہ کی جانب سے قاضی نیاز حسین نقوی اور علامہ افضل حیدر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ غیر ملکی طلبہ کے ویزوں کے سلسلے میں حکومت سے دو ٹوک بات کرے گا۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ صوبہ پنجاب اورخیبرپختونخوا کے اسکولوں کے نصاب سے عربی ، اسلامیات لازمی اور قرآنی آیات کو نکال کر اختیاری بنانے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کو مضبوط اور مزید فعال بنانے کے لیے قاری محمد حنیف جالندھری اور مفتی منیب الرحمن کودستور کا مسودّہ بنا کر آئندہ دو ہفتوں میں پیش کرنے کا کہا گیا ۔ اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ دینی مدارس کی خود مختاری اور آزادی کو ہر صورت برقرار رکھیں گے اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات میں اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ دینی مدارس کی خود مختاری اور آزادی پر کوئی زدنہ آئے۔ جب کہ تنظیم المدارس کے سربراہ اور رؤیت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے اجلاس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ دینی مدارس کے تحفظ اور بقا کی جدوجہد کر رہا ہے۔

Flag Counter