کیا فرماتے ہیں علمائے دین؟
دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی
موبائل اکاؤنٹ کھلوانا
سوال… کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ موبائل اکاؤنٹ کھولنا کیسا ہے؟ اس کی وضاحت یوں ہے کہ مختلف نیٹ ورک والے مختلف سہولیات دیتے ہیں، اگر آپ Jazz کی سم پر اکاؤنٹ کھولتے ہیں تو آپ کو پیسے مفت میں اگلے بندے کے اکاؤنٹ سے وصول ہو سکتے ہیں اور جب آپ وہ پیسے نکلوائیں گے تو بیس روپے اس کے چارجز ہوں گے جب کہ موبائل اکاؤنٹ کے بغیر ساٹھ روپے چارجز ہوتے ہیں اور موبائل اکاؤنٹ میں پیسے نکلوانے کے بیس روپے چارجزیہ فی1000 روپے پر ہیں،2000 پر چالیس روپے ہوں گے، لیکن اگر آپ نے ATM کارڈ بنایا تو جتنے مرضی پیسے آپ نکلوا لیں تو خالی 20 روپے ہی لیں گے اور اگر آپ کے اکاؤنٹ کے اندر ایک دن سے زیادہ عرصہ تک 1000 روپے رہیں تو آپ کو فی 1000 روپے پر روزانہ پچیس منٹ ملیں گے یہ سب باتیں شرعی طور پر جائز ہیں یا ناجائز؟
جواب…واضح رہے کہ موبائل اکاؤنٹ کھلوانے میں فی نفسہ حرج نہیں ہے البتہ موبائل اکاؤنٹ میں مخصوص مقدار میں رقم جمع ہونے پر جو فری منٹس اور میسجز وغیرہ دیے جاتے ہیں، چوں کہ یہ ان کے پاس قرض رکھی ہوئی رقم پر نفع وصول کرنا ہے، جو کہ ناجائز اور حرام ہے، اس لیے ضروری ہے کہ کمپنی کی ہیلپ لائن پر فون کرکے ان فری منٹس اور میسجز وغیرہ کو بند کروا دیا جائے، اگر بند نہ ہو سکتے ہوں تو ان سے بالکل استفادہ نہ کیا جائے، باقی ان کے پاس رکھی ہوئی رقم نکلواتے وقت وہ جو چارجز کاٹتے ہیں وہ ان کی اجرت ہے، ان کے لیے لینا جائز ہے۔
قرض کے بدلے میں رہن کی چیز سے نفع اٹھانے کا حکم
سوال… کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک شخص نے دوسرے شخص سے چار لاکھ روپے قرض لیے اور اپنا مکان اسے رہنے کے لیے دیا کہ جب رقم لوٹاؤں گا تو مکان بھی لے لوں گا، یہ معاملہ کرنا جائز ہے یا نہیں؟ اگر ناجائز ہے تواس کی درست صورت کوئی بن سکتی ہے یا نہیں؟
جواب…صورت مسئولہ میں مذکورہ معاملہ جائز نہیں ہے، کیوں کہ قرض دینے والا قرض کے بدلے میں نفع حاصل کر رہا ہے (اگرچہ قرض لینے والے کی رضا مندی سے ہے) اور قرض کے بدلے نفع حاصل کرنا حرام ہے۔
اس معاملے کی درست صورت یہ ہو سکتی ہے کہ قرض دینے والے کو مکان بازاری اجرت کے مطابق کرایہ پر دے دیں اور اس مکان میں سکونت کی مدت ، ادائیگی قرض کے ساتھ مشروط نہ کریں الغرض! مکان والے معاملے کا کوئی اثر نفع کی صورت میں قرض والے معاملے پر مرتب نہ ہو۔
قبرپر سورہ بقرہ کا پہلا اور آخری رکوع پڑھ کر دعا کرنا
سوال…کیا فرماتے ہیں علمائے کرام او رمفتیان عظام درج ذیل مسائل کے سلسلے میں کہ میت کو دفن کرنے کے بعد اس کی قبر پر سورة البقرة کے پہلے رکوع اور آخری رکوع کے بعد دعا کرنا جائز ہے؟ جب کہ لوگوں نے اس کو ضروری سمجھا ہے۔
جواب… میت کو دفن کرنے کے بعداس کے سر کی جانب کھڑے ہو کر ”سورہ بقرہ“ کا پہلا رکوع اور پاؤں کی طرف کھڑے ہو کر ”سورہ بقرہ“ کا آخری رکوع پڑھنا حدیث سے ثابت ہے ،اسی طرح میت کو دفنانے کے بعد اس کے لیے دعائے استغفار اور ثابت قدمی کی دعا کرنا بھی حدیث سے ثابت ہے، البتہ ان کوو اجب یا فرض کا درجہ دینا درست نہیں۔
کسی بزرگ کی قبر سے پتھر اور ڈھیلے لے کر مریض کے بدن پر ملنا وغیرہ
سوال… کیا فرماتے ہیں مفتیان عظام اس مسئلے کے بارے میں کہ کسی بزرگ کی قبر سے پتھر اور ڈھیلے لے کر مریض کو پلانا کہ اس سے شفا ملتی ہے ،یا جب بچہ زیادہ روتا ہو تو اس پر پتھر وغیرہ ملتے ہیں ،یا مخصوص قسم کے دانے وغیرہ بچے کے گلے میں ڈالتے ہیں کہ نظر بد نہ لگے از روئے شرع اس کی کیا حیثیت ہے؟
جواب…کسی بزرگ کی قبر سے پتھر یا ڈھیلے کر مریض کو پلانا یا جب بچہ زیادہ روتا ہو تو اس پر ملنا جائز نہیں، کیوں کہ اگر قبر وقف کی زمین میں ہے تو اس سے پتھر اور ڈھیلے اٹھانا ہی جائز نہیں او راگر قبر مملوکہ زمین میں ہے تو مالک کی اجازت سے پتھر یا ڈھیلے اٹھانا فی نفسہ جائز ہے لیکن کسی مریض کو پلانا یا زیادہ رونے والے بچے پر ملنا جائز نہیں، کیوں کہ فسادِ عقیدہ کا خطرہ ہے۔
اور نظر بد سے بچنے کے لیے بچے کے گلے میں مخصوص قسم کے دانے وغیرہ ڈالنا ایک تجرباتی عمل ہے کوئی شرعی عمل نہیں، اگر تجربہ سے اس کا مفید ہونا ثابت ہو تو اس کی گنجائش ہے، بشرطیکہ اس کو مؤثر نہ سمجھا جائے ور نہ اس سے اجتناب کیا جائے۔
قیمت کی کمی کے مطالبے پر دکاندار کا سامان کی مقدار میں کمی کرنا کیسا ہے؟
سوال… کیا فرماتے علمائے کرام اگر ایک شخص دکان دار ہے اور وہ کوئی چیز بیچتا ہے ، مثلاً تیل بیچتا ہے اور وہ کہتا ہے ایک کلو تیل140 روپے کا ہے اور یہ بھی واضح کرتا ہے کہ اس سے کم میں بالکل گنجائش نہیں ہے، لیکن مشتری کے اصرار پر وہ 130 روپے کر دیتا ہے، لیکن اس کمی کی مقدار وہ تیل میں کمی کر لیتا ہے، جب کہ مشتری یہی سمجھ رہا ہے کہ بائع نے مجھے 130 روپے کا ایک کلو تیل دیا ہے۔
اب پوچھنا یہ ہے کہ بائع نے اس طریقے سے جو مقدار تیل سے کم کی ہے اس مقدار کا کم کرنا اس کے لیے کیسا ہے ؟
جواب…مذکورہ صورت میں بائع کا تیل ایک کلو سے کم دینا دھوکہ ہے، اس لیے کہ مشتری کا خیال یہی ہے کہ مجھے پورا ایک کلو تیل دیاجارہا ہے، جب کہ بائع اس کو ایک کلو سے کم دے رہا ہے، البتہ اگر بائع بتا دے کہ میں آپ کو دس روپے کا تیل کم دے رہا ہوں تو پھر کچھ مضائقہ نہیں ہے، وگرنہ یہ دس روپے کا سامان اس کا اپنے لیے رکھنا ناجائز ہے۔
دیت کی مقدار
سوال…کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے کہ شریعت مقدسہ میں قتل شبہ عمد اور قتل خطا میں جو خون کی دیت سو اونٹ یا اس کی قیمت یا دس ہزار چاندی یا اس کی قیمت یاایک ہزار دینار سونا یا اس کی قیمت مقتول کی وارثین کو دینا ہو گا۔
اب پوچھنا یہ ہے کہ آج کل موجودہ زمانے میں جو کہ دس ہزار درہم چاندی ہے اس کی قیمت کتنی بنتی ہے اور ایک ہزار دینار سونے کی قیمت کتنی بنتی ہے؟۔
جواب… مروجہ اوزان کے اعتبار سے ایک ہزار دینار کا وزن 4.374 کلو گرام، یعنی:375 تولہ سونا، اور دس ہزار دراہم کا وزن30.618 کلو گرام، یعنی:2625 تولہ چاندی بنتا ہے، آئے روز قیمت کی کمی بیشی کی وجہ سے قیمت کی حتمی تعیین نہیں ہو سکتی، جس دن ضرورت ہو اسی دن صرافہ مارکیٹ سے فی تولہ سونے اور چاندی کی قیمت معلوم کرکے حساب لگالیا جائے۔
خطبہ جمعہ کے دوران چندہ کرنا
سوال… کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے متعلق کہ جامع مسجد میں خطبہ کے دوران مسجد کے لیے چندہ کیا جاتا ہے اور اسی دوران لوگوں کی توجہ خطبے کے بجائے چندہ کی طرف ہوتی ہے، حالاں کہ حدیث شریف میں تو خطبہ کے دوران بات کرنے والے کو منع کرنے سے بھی منع فرمایا گیا ہے۔
جواب… واضح رہے کہ خطبہ کے دوران خطبہ سننے کے علاوہ کوئی دوسرا کام کرنا جائز نہیں، خواہ چندہ کرنا ہو، یا دینا ہو، یا کوئی اور کام ہو، لہٰذا مسجد کی انتظامیہ کو چاہیے کہ خطبہ شروع ہونے سے پہلے پہلے یا نماز کے بعد چندہ کرنے کی ترتیب بنا لے۔ اور خطبہ کے دوران چندہ کرنے سے بچا جائے۔