Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق ذوالقعدہ 1437ھ

ہ رسالہ

16 - 16
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

سیرت سید الکونین خاتم النبیین وخلفائے راشدین
تالیف: شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی
صفحات:90 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبة البشری، کراچی ، پاکستان

یہ کتاب شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا کاندھلوی کی تالیف ہے، اس میں حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم اور خلفائے راشدین کی سیرت وسوانح کو جامع اور مختصر انداز میں تحریر کیا گیا ہے۔ حضور اکرم صلی الله علیہ وسلم کا نام ونسب، بچپن، قبل از نبوت کے حالات زندگی، بعد از نبوت کے مکی حالات زندگی اور آخر میں مدنی حالات زندگی کو بیان کیا گیا ہے، اسی طرح خلفائے راشدین میں سے ہر ایک کے حالات کو بھی مختصر انداز میں تحریر کر دیا گیا ہے، اس طرح اس کتاب میں ان حضرات کی حیات وسوانح کا بہترین انداز میں مختصر وجامع تذکرہ آ گیا ہے۔ کتاب کا ٹائٹل کارڈ کا ہے اور مکتبة البشری کراچی سے عمدہ کاغذ کے ساتھ خوب صورت ومعیاری انداز میں شائع کی گئی ہے۔

رسول اکرم صلی الله علیہ وسلم کا طریقہٴ نماز
تالیف: مولانا مفتی جمیل احمد نذیری
صفحات:348 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبة البشری، کراچی ، پاکستان

زیر نظر کتاب میں طریقہٴ نماز ومسائل نماز کو کتب فقہ شامی، عالمگیری وہدایہ کے بجائے صرف آیات قرآنی، احادیث نبویہ اور آثار صحابہ کے حوالہ سے لکھا گیا ہے اور تمام مشہور اختلافی مسائل قراء ت خلف الامام، رفع یدین، مسئلہ آمین ، دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھانا، ہاتھ ناف کے نیچے باندھنا، رکعات تراویح اور وتر وغیرہ پر خاص طور سے مکمل ومفصل بحث کی گئی ہے اور ثابت کیا گیا ہے کہ فقہ حنفی کا ہر مسئلہ قرآن وحدیث کے بیش قیمت دلائل سے مزین اور ہر مسلک کے مقابلہ میں منہج نبوی اور مزاج صحابہ سے قریب تر ہے۔

یہ کتاب جامعہ عربیہ احیاء العلوم مبارک پور ہندوستان کے استاد مولانا مفتی جمیل احمد نذیری نے مرتب کی ہے اور وہ فرماتے ہیں کہ :

”اس کتاب میں،میں نے نفسِ مسئلہ بیان کرنے کے لیے، اگر اُس سے متعلق قرآن کی آیت موجود ہے تو سب سے پہلے وہی پیش کی ہے، کیوں کہ فقہ حنفی کے اصول میں ہے کہ استخراج واستنباطِ مسائل کے سلسلے میں قرآن، حدیث پر مقدم ہے، حدیث کا نمبر قرآن کے بعد ہے، نہ کہ قرآن سے پہلے، لیکن اگر اُس سے متعلق کوئی آیت موجود نہیں تو ظاہر ہے کہ اب حدیثِ صحیح کو ہی مستدل بنایا جائے گا۔ او راگر کسی مسئلے میں احادیث متعارض ہوں تو دین کے ناقلینِ اول صحابہٴ کرام رضو ان الله علیہم اجمعین کے اقوال وافعال کسی ایک کے لیے وجہ ترجیح بنیں گے۔

فقہ حنفی کے یہ وہ بلند پایہ اصول ہیں کہ کوئی متعصب سے متعصب شخص بھی اُن سے انکار کی جرا ء ت یا اُن سے اچھے اصول پیش کرنے کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔

نفسِ مسئلہ کے لیے فقہ حنفی کی کسی کتاب کا حوالہ نہیں دیا گیا۔ البتہ بعض موقعوں پر مالکی، شافعی، حنبلی مسالک کی کتابوں سے شواہد ونظائر ضرور پیش کیے گئے ہیں، تاکہ مزید تاکید وتقویت کا سبب ہو۔

فقہائے احناف کا حوالہ ان ہی جگہوں پر دیا گیا ہے جہاں معاندین نے اُن کی طرف غلط مسائل منسوب کیے ہیں۔ لہٰذا اصل حقیقت کی نقاب کشائی کے ساتھ معاندین کی کارروائیوں سے قارئین کو آگاہ کیا گیا۔

متفق مسائل کے لیے آیات واحادیث کے ایک دوحوالوں پر اکتفا کیا گیا۔ البتہ مختلف فیہ مسائل اور وہ بھی جو زیادہ اختلافی ہیں۔ مثلاً: قراء ت خلف الامام، رفع یدین، آمین بالجہر یا بالسر، رکعاتِ تراویح وغیرہ مسائل پر زیادہ سے زیادہ حوالے پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔“

کتاب کا ٹائٹل کارڈ کا ہے اور طباعت واشاعت میں معیار وسلیقے کا خیال رکھا گیا ہے۔

تذکرة العلماء المصنفین وتالیفاتہم  یعنی الطرق الواضحة إلی الکتب النافعة
تالیف: مولانا ابراہیم محمد
صفحات:146 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار،کراچی

زیر نظر کتاب میں مولانا ابراہیم محمد فاضل جامعة العلوم الاسلامیہ، علامہ بنوری ٹاؤن اور استاذ حدیث مدرسہ انعامیہ جنوبی افریقہ نے درسی کتب کے علاوہ دیگر مفید اور مشہورکتب کا موضوع کی ترتیب سے مختصر تعارف پیش کیا ہے، جس میں مختلف ثقہ اہل علم نے ان کتابوں کی تعریف وتعارف میں جو کلمات تحریر فرمائے ہیں، ان کو نقل کیا گیا ہے، اس طرح اس کتاب میں تفسیر، حدیث، فقہ، عقائد، تاریخ اور لغت وادب وغیرہ مختلف علوم وفنون کی بہت سی کتابوں کا تذکرہ آگیا ہے۔

کتاب کے صفحہ نمبر62 پر علامہ شرف الدین طیبی رحمة الله علیہ کی ”مشکاة شریف“ کی مشہور شرح کے تعارف میں لکھا گیا ہے کہ ”الکاشف عن حقائق السنن في شرح مصابیح السنة“، حالاں کہ یہ کتاب ”مصابیح السنة“ کی نہیں، بلکہ ”مشکاة شریف“ کی شرح ہے، اس کی تصحیح کر لی جائے او رکتاب پر ایک مرتبہ نظر ثانی کرکے یہ دیکھ لیا جائے کہ کسی اور جگہ کہیں اس طرح کی کوئی غلطی تو سرزد نہیں ہوئی ہے۔یہ کتاب کارڈ ٹائٹل کے ساتھ معیاری کاغذ وطباعت میں شائع کی گئی ہے۔

Flag Counter