Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رمضان المبارک 1437ھ

ہ رسالہ

10 - 17
رمضان المبارک میں آپ کا نظام الاوقات کیا ہو؟

مولانا محمدحذیفہ وستانوی
	
تکبیر اولی… یومیہ5 …کل150:
پہلا یہ کہ تکبیر اولیٰ کا اہتمام کیا جائے یعنی نمازوں کو صفِ اول میں اور تکبیر اولیٰ کے ساتھ پڑھا جائے۔ حدیث پاک ہے کہ : جس شخص نے چالیس دن تک تکبیر اولیٰ کے ساتھ نماز ادا کی، تو اس کے لیے دو براء تیں لکھی جاتی ہیں، اول جہنم سے خلاصی اور دوسرے نفاق سے خلاصی۔ (ترمذی شریف)

دو قرآن پاک…2پارہ یومیہ… کل دو قرآن:
دوسرے یہ کہ کم سے کم دو قرآن پاک رمضان المبارک میں ختم کریں۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ قرآن پاک کی تلاوت کیا کرو، کیوں کہ وہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے لیے شفیع بن کر آئے گا۔ (مسلم شریف)

ایک پارہ حفظ… یومیہ5 آیتیں حفظ… کل ایک پارہ:
تیسرے یہ کہ قرآن پاک کا کم سے کم ایک پارہ حفظ ہو، جیسا کہ حدیث پاک میں آیا ہے کہ جس دل میں قرآن پاک کا کوئی حصہ موجود نہ ہو، وہ ویرانے گھر کی طرح ہے۔ ( بخاری شریف)

نماز تراویح…20 رکعت… کل600 رکعت:
چوتھے یہ کہ نمازِ تروایح کا اہتمام کیا جائے: حدیث پاک میں حضرت نبی پاک صلی الله علیہ و سلم کا ارشاد ہے کہ جس نے رمضان مبارک میں ایمان کے ساتھ ثواب کی نیت سے قیام کیا( یعنی تراویح پڑھی) تو اس کے اگلے پچھلے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ ( بخاری شریف)

صلہ رحمی… یومیہ2 رشتہ داروں سے ملاقات… کل60:
پانچویں یہ کہ قریبی رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی کریں کم سے کم ہفتہ میں ایک دن اس کے لیے خاص کر دیں ۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ رشتہ داری عرش الہٰی کے ساتھ لٹک کر کہتی ہے کہ جس نے مجھے جوڑا الله اس کو جوڑے اور جس نے مجھے کاٹا الله تعالیٰ اس کو کاٹے۔ ( مسلم شریف)

صدقہ کا اہتمام… ہفتہ میں 4 یوم…کل16:
چھٹے یہ کہ الله تعالیٰ کے راستے میں صدقہ کرے کم سے کم ہفتے میں ایک بار۔ حدیث پاک میں ہے کہ حضور اقدس صلی الله علیہ وسلم سب سے زیادہ سخی تھے او ررمضانِ مبارک میں آپ صلی الله علیہ وسلم کی سخاوت اور زیادہ ہوتی تھی۔ (بخاری شریف)

افطار … ایک…کل30:
ساتویں یہ کہ روزے دار کو افطار کرائے۔ ہر روز کرائے تو بہت اچھا ہے۔ آپ صلی الله علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس نے روزہ دار کو افطار کرایا اس کو روزہ دار کے برابر ثواب ملے گا اور روزہ دار کے ثواب سے کچھ بھی کم نہیں کیا جائے گا۔ ( ترمذی شریف)

جنازہ میں شرکت… آٹھویں یہ کہ جناز ے کی نماز میں شریک ہو یا پھر جنازے کے ساتھ چلے، اگر کسی کا انتقال ہو جائے تو ۔ آپ صلی الله علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس نے جنازے کی نماز پڑھی اور تدفین میں شریک نہیں ہوا تو اس کو ایک قیراط ثواب ملے گا اور تدفین میں شریک ہوا اس کو دو قیراط ثواب ملے گا۔ قیراط کی کم سے کم مقدار احد پہاڑ کے برابر ہے۔ (مسلم شریف)

پورے ماہ میں ایک عمرہ… نویں یہ کہ اگر ہو سکے تو ایک مرتبہ عمرہ کرے: حدیث شریف میں آیا ہے کہ رمضان المبارک میں عمرہ کرنا حج کے برابر ہے۔ ( بخاری شریف)

اسلامی بیانات سننے کا اہتمام… یومیہ ایک گھنٹہ… کل30 گھنٹے:
یومیہ ایک مریض کی عیادت کا اہتمام کریں اور ایک اسلامی بیان سننے کا اہتمام کریں۔

اسلامی کتابوں کا مطالعہ…یومیہ15 منٹ… کل7:30 گھنٹہ:
ہر دن تقریباً پندرہ منٹ اسلامی کتب کا مطالعہ کریں۔

دعوت الی الله… یومیہ ایک فرد… کل30:
کم سے کم ایک آدمی کو روزانہ الله تعالیٰ کے دین کی طرف بلائیں۔ حدیث شریف میں آیا ہے کہ اگر الله تعالیٰ تیری وجہ سے ایک آدمی کو بھی ہدایت دے دے تو تیرے لیے سرخ اونٹوں سے زیادہ بہتر ہے۔ ( مسلم شریف)

ہر جمعرات یا جمعہ کو اعتکاف…کل4:
فجر کی نماز سے لے کر اشراق کی نماز تک اعتکاف کرے ہر جمعرات کو یا پھر ہرجمعہ کو ۔ حدیث شریف میں حضرت نبی پاک صلی الله علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جس شخص نے فجر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھی او رپھر ذکر الہٰی میں مشغول ہو گیا، یہاں تک کہ سورج طلوع ہو گیا پھر اس نے دو رکعت نماز پڑھی تو اسے ایک مکمل حج اور عمرے کا ثواب ملے گا۔ ( ترمذی شریف)

چاشت کی نماز…یومیہ ایک… کل30:
چاشت کی نماز کی پابندی کریں۔ حدیث شریف میں حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ مجھ کو میرے خلیل حضرت نبی پاک صلی الله علیہ وسلم نے تین چیزوں کی وصیت فرمائی۔ ہر ماہ تین روزے رکھنے کی، چاشت کی نماز پڑھنے کی اور سونے سے پہلے وتر کی نماز ادا کرنے کی۔ ( بخاری شریف)

وتر کی نماز… وتر کی نماز کا اہتمام کیا جائے۔ حضرت ابوہریرہ رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ مجھ کو حضرت نبی پاک صلی الله علیہ و سلم نے سونے سے پہلے نماز وتر ادا کرنے کی وصیت فرمائی ۔ (ترمذی شریف)

نماز کے بعد ذکر الله… یومیہ500… کل15000:
ہر نماز کے بعد ذکر کا اہتمام کیا جائے خاص کر تسبیح فاطمہ کا اہتمام کیا جائے۔ الله تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ الله تعالیٰ کا کثرت سے ذکر کرنے والے مردوں اور عورتوں کے لیے الله تعالیٰ کی مغفرت اور اجر عظیم کا وعدہ ہے۔ (القرآن)

دعاؤں کا اہتمام… مجموعی طور سے30 منٹ یومیہ… کل15 گھنٹے:
ہر روز دعاؤں کا خاص اہتمام کیا جائے۔ الله تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جو مجھ سے دعا مانگتا ہے میں اس کی دعا قبول کرتا ہوں۔ (القرآن)

زکوٰة… اگر مال نصاب کو پہنچتا ہو تو مال کی زکوٰة ادا کریں۔ الله تعالیٰ کا ارشاد ہے۔ کہ نماز قائم کرو اور زکوٰة ادا کرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو یعنی جماعت کے ساتھ نماز ادا کیا کرو۔ ( سورہ بقرہ آیت:43)

تہجد کی نماز… کل30:
قیام لیل یعنی تہجد کی نماز کا اہتمام کیا جائے۔ الله تعالیٰ کا ارشاد ہے﴿تَتَجَافَی جُنُوبُہُمْ عَنِ الْمَضَاجِعِ یَدْعُونَ رَبَّہُمْ خَوْفاً وَطَمَعاً وَمِمَّا رَزَقْنَاہُمْ یُنفِقُونَ﴾ ان کے پہلو بستروں سے دور رہتے ہیں اور وہ خوف اور امید کے ساتھ اپنے رب کو پکارتے ہیں اور جو ہم نے ان کو دے رکھا ہے اس کو راہِ خدا میں خرچ کرتے ہیں۔

آخری عشرہ کا اعتکاف… آخری عشرہ کے اعتکاف کا اہتمام کیا جائے۔ حدیث پاک میں ہے کہ حضو راکرم صلی الله علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے۔ ( بخاری شریف)

شب قدر کی تلاش… شب قدر کی تلاش کا اہتمام کرنا آخری عشرہ کی طاق راتوں میں۔ حدیث پاک میں آپ صلی الله علیہ و سلم  کا ارشاد ہے کہ شب قدر کو رمضان مبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں تلاش کرو۔ ( بخاری شریف)

صدقہٴ فطر… رمضان المبارک میں صدقہٴ فطر ادا کیا جائے۔ حدیث شریف میں حضرت ابن عمر رضی الله عنہما روایت فرماتے ہیں کہ حضوراقدس صلی الله علیہ و سلم نے صدقہ فطر کو واجب قرار دیا ہے۔(بخاری ومسلم شریف)

اس سے یہ فائدہ ہو گا کہ رمضان میں جو کچھ کوتاہی ہوئی ہو گی اس کی تلافی ہو جائے گی اور تنگ دست مسلمانوں کی مدد ہو جائے گی اور وہ بھی خوش وخرم ہو کر عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں گے۔ الله تبارک وتعالی ان معمولات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین!

Flag Counter