Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق شوال المکرم 1436ھ

ہ رسالہ

15 - 15
مبصر کے قلم

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

اسلامی معاشرے کے لازمی خدوخال
افادات: حضرت مولانا سمیع الحق صاحب
جمع وترتیب: مفتی عبدالمنعم حقانی
صفحات:600 سائز:20x26=8
ناشر: القاسم اکیڈمی، جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، کے، پی، کے، پاکستان

یہ حضرت مولانا سمیع الحق صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے جامع ترمذی، ابواب البروالصلہ کے دروس کا مجموعہ ہے، جسے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک کے شعبہ دارالافتاء کے رفیق مولانا مفتی عبدالمنعم حقانی نے کتابی صورت میں مرتب کرکے”اسلامی معاشرے کے لازمی خدوخال“ کے نام سے پیش کیا ہے۔ عرض مرتب میں وہ لکھتے ہیں:

”ابواب البر والصلة بھی تعلیماتِ نبوی کے اسی سلسلة الذہب کی ایک کڑی ہے جو کہ انسانوں کے آپس میں ایک دوسرے کے حقوق، رہن سہن او رمعاشرت کے آداب او راخلاقِ حسنہ کی ابحاث پر مشتمل ہے۔ استاذی المحترم، شیخ المکرم ،شیخ الحدیث ،حضرت مولانا سمیع الحق صاحب مدظلہ نے جامع السنن للترمذی کے درس کے دوران اِن مباحث کو خصوصیت اوراہتمام سے پڑھایا۔آپ کے دروس ریکارڈ سے نقل کرتارہا، جواب ایک عظیم اور ضخیم کتاب کی صورت میں مرتب ہو کر منظر عام پر آرہے ہیں… بہرحال پیش نظر افادات ،جن میں والدین کے حقوق، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی، پڑوسیوں کے حقوقِ ہمسائیگی، بڑوں کا ادب واحترام، چھوٹوں پر رحمت وشفقت، بہنوں اور بیٹیوں کی تعلیم وتربیت، بیوی اور بچوں کی پرورش اور سرپرستی، یتیموں اور بیواؤں کی خبر گیری، ضعیفوں اور بے کسوں کے ساتھ ہمدردی، غلاموں اور خادموں سے لطف اور نرمی، مریضوں کی عیادت، مصیبت زدہ کی مدد اور ان سے تعاون، عام لوگوں کے ساتھ رحم دلی، آپس میں محبت او راخوت، نیز سلام کو عام کرنا، مسلمان بھائی سے خندہ پیشانی کے ساتھ ملنا، عفوو درگزر سے کام لینا، عہد کی پابندی کرنا، سخاوت او رمہمان نوازی اپنانا، اعتدال اور میانہ روی اختیار کرنا، سچ بولنے کی عادت بنانا، الغرض ہر قسم کی خوش اخلاقی اور حسنِ معاشرت کی تعلیم دی گئی ہے او ران اوصاف حسنہ کے فضائل اوران پر مرتب اجر وثواب کے تذکرے کیے گئے ہیں۔

اس کے برعکس ماں باپ کے عقوق اور نافرمانی، قطع رحمی اور بے تعلقی، ظلم او ربے انصافی، دھوکہ وفریب، خیانت اور بددیانتی، جھوٹ اور بد گوئی، غیبت اور الزام تراشی، بغض وحسد ، بخل اور حرص، تکبر اور غرور… غرض ہر قسم کی بدمعاشی او راخلاقی برائی بیان کی گئی ہے او ران بد اعمالیوں کے دُنیوی اور اُخروی نقصانات سمجھانے پر زور دیا گیا ہے۔ اگر مسلمان ان اخلاق وآداب کو سیکھ کر ان پر عمل کرلے تو اس کی زندگی حیاتِ طیبہ بن جائے گی اور دُنیوی زندگی ہی میں جنت کا لطف ومزہ محسوس کرے گا۔ گھر میں تلخی وپریشانی ختم ہو جائے گی اور پورے مسلم معاشرہ میں کوئی بھی اس کا دشمن نہ رہے گا اور وہ ہر کسی کو محبوب ہو گا۔ اگر اس کو کوئی تکلیف او رمصیبت پہنچے تو اس مصیبت پر ثواب کی اُمید اور صبر پر دی گئی بشارتیں اس پر وہ تکلیف آسان بنا دیں گی اوراگر اسے کوئی خوشی، دولت اور عزت مل جائے تو وہ اسے الله تعالیٰ کا انعام سمجھ کر شکر گزار بن جائے گا او رتکبر وغرور کی لعنت سے محفوظ رہے گا اور اس طرح وہ دنیا وآخرت کی کام یابی اور سرفرازی سے ہم کنار ہو جائے گا۔“

درس حدیث کے درمیان احادیث کی شرح وتوضیح سے متعلق جن مباحث مثلاً سند پر کلام اور احادیث میں تطبیق وغیرہ امور کی ضرورت پڑ سکتی ہے ان کو بھی بیان کیا گیا ہے ۔ حضرت مولانا سمیع الحق صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے اس انداز میں درسی مجموعے اس سے پہلے بھی شائع ہو چکے ہیں، جو ان کی وسعت مطالعہ ،رسوخ فی العلم، سہل ودل نشین انداز تدریس، محدثانہ ومحققانہ ذوق، اعتدال پسندی، وسعت علمی، معاشرتی وملکی اور عالمی حالات پر ان کی گہری نظر کا پتہ دیتے ہیں۔ ا لله تعالیٰ کی ان اس علمی، دعوتی اور اصلاحی کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرما کر ذریعہٴ اصلاح بنائے۔

یہ کتاب معیاری طباعت واشاعت، دیدہ زیب گیٹ اپ، مضبوط جلدبندی اور لیمینشن کے ساتھ شائع ہوئی ہے۔

پیام سیرت عصر حاضر کے پس منظر میں
مؤلف: مولانا خالد سیف الله رحمانی
صفحات:308 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی

یہ مولانا خالد سیف الله رحمانی صاحب کے سیرت کے موضوع پر روزنامہ”منصف“ حیدر آباد کے خصوصی کالم شمع فروزاں اور بعض دیگر اخبار ورسائل میں لکھے گئے مختلف مضامین کا مجموعہ ہے جسے” المعہد العالمی الاسلامی“ حیدر آباد کے شعبہ تحقیق ودراسہ سے وابستہ مولانا جمیل اختر ندوی نے اخبار وجرائد سے تلاش کرکے مرتب کیا ہے۔ مولانا رحمانی صاحب اس مجموعہ کے بارے میں لکھتے ہیں:

”اس مجموعہ کو ہم نے چار ابواب پر تقسیم کیا ہے، پہلے باب میں تمہیدی مضامین ہیں کہ سیرت کے مطالعہ کا طریقہ کیا ہونا چاہیے؟ اسوہٴ نبوی کی انسان کو کیوں ضرورت ہے؟ اور پیشوایان مذاہب میں صرف رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی ذات ہی کیوں اُسوہ اور نمونہ بننے کی صلاحیت رکھتی ہے؟

دوسرے باب میں آپ ا کی زندگی کے مختصر حالات تحریر کیے گئے ہیں، اس باب کی دو خصوصیات ہیں، ایک اختصار، دوسرے تعداد اور ناموں کی صراحت، یہ ایسا مضمون ہے کہ اگر اسکول اور کالج کے طلبہ اسے پڑھ لیں تو اختصار کے باوجود حضور ا کی پوری شخصی زندگی ایک نظر میں ان کے سامنے آجائے گی، جس کی اس وقت بہت ضرورت ہے، کیوں کہ دینی تعلیم سے دوری کی وجہ سے نئی نسل سیرتِ نبوی کی بنیادی باتوں سے بھی بے خبر ہے، اس مختصر تحریر میں اس بات کی بھی کوشش کی گئی ہے کہ حیات طیبہ سے متعلق معاندین کی طرف سے جن گوشوں کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کی جاتی ہیں، مثبت انداز میں ان کا جواب ہو جائے۔

تیسرا باب گویا کتاب کا عطر اور نچوڑ ہے اور وہ یہ ہے کہ سیرت کے مختلف واقعات کو اجمالی طور پر ذکر کرتے ہوئے اس سے ہماری عملی زندگی کے لیے جو سبق ملتا ہے ، اس کو نماماں کیا جائے، اصل میں سیرت کا مقصود یہی ہے اور اس نقطہٴ نظر سے سیرت نبوی کا مطالعہ کرنا چاہیے، لیکن عام طور پر اس کی طرف بہت کم توجہ دی جاتی ہے ، یہ حصہ انشاء الله موجودہ حالات کے لیے سیرت نبوی سے حاصل ہونے والی راہ نمائی کوو اضح کرے گا۔

چوتھا اور آخری باب رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے اُمت پر حقوق اور آپ صلی الله علیہ وسلم پر ایمان کی نسبت سے ہماری ذمہ داریوں کے متعلق ہے، اس میں جہاں آپ صلی الله علیہ وسلم کے حقوق کو واضح کیا گیا ہے، وہیں ختم نبوت سے متعلق مضامین بھی شامل کیے گئے ہیں۔“

مولانا خالد سیف الله رحمانی کے دیگر علمی وقلمی مجموعوں کی طرح اس کتاب کے مضامین کا انداز واسلوب بھی تحقیقی، معلوماتی، خوب صورت، جاذبِ ، سہل اوردل نشین ہے۔ یہ کتاب پاکستان میں زمزم پبلشرز کراچی سے معیاری کاغذوطباعت کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔

ہمدردی کیجیے
یہ ہمدردی سے متعلق بچوں کی اخلاقی وتربیتی سیریز کا ایک مجموعہ ہے، جسے مدرسہ عربیہ رائیونڈ کے فاضل مولانا شہزاد علی نے ترتیب دیا ہے، اس میں ہمدردی سے متعلق واقعات، احادیث، ہمدردی کی چند صورتیں اور ہمدردی کے بارے میں تابعین کے اقوال آسان وسہل اسلوب میں پیش کیے گئے ہیں۔ بچوں کی اخلاقی تربیت کے حوالے سے یہ ایک عمدہ کاوش ہے اور اس کاوش کو بچوں کے اسلام کے مدیر جناب اشتیاق احمد نے پسند کیا ہے، یہ کتابچہ بڑے سائز کے80 صفحات پر مشتمل ہے۔مکتبہ بیت العلم کراچی سے اعلیٰ ورق اور معیاری طباعت کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔

اجازت لیجیے
بچوں کے اخلاقی وتربیتی سیریز کا یہ مجموعہ مدرسہ بیت العلوم کراچی کے فاضل محمد نعمان اقبال نے مرتب کیا ہے اور مدیر بچوں کا اسلام جناب اشتیاق احمد نے اسے پسند کیا ہے۔ اس میں اجازت سے متعلق واقعات، مسائل ، آداب اور فوائد وثمرات کو آسان ودلچسپ انداز میں بیان کیا گیا ہے تاکہ بچے اسے پڑھ کر اجازت لینے کے اوقات ، آداب ، اہمیت وافادیت کو ذہن نشین کرکے اس پر عمل کر سکیں۔

یہ کتابچہ بڑے سائز کے80 صفحات پر معیاری کاغذ وطباعت کے ساتھ مکتبہ بیت العلم، اردو بازار، کراچی سے شائع کیا گیا ہے۔
Flag Counter