کعب احبار اور اسرائیلیات
ترجمہ:مولانا محمد بلال بربری
اہل علم خصوصا تفاسیر قرآن سے شغف رکھنے والوں کے لیے کعب احبار کوئی غیر معروف نام نہیں، اسرائیلیات کی روایت کے باب میں کعب احبار کا تذکرہ تقریبا تمام تفاسیر میں کہیں نہ کہیں ضرور موجودہوتاہے۔کعب احبار کے متعلق صحابہ کرام کے مختلف رویوں کی بنا پر کعب احبار کی شخصیت اور ان کی ثقاہت اہل علم کے زیر بحث رہتی ہے۔ علامہ کوثری نے کعب احبار کے متعلق اسی قسم کے ایک سوال کے جواب میں ایک مضمون تحریر کیا تھا، جو اپنی جامعیت کے ساتھ ساتھ اپنی افادیت میں بھی بھرپور ہے، اس مضمون میں ”اسرائیلیات “کے باب میں ایک فیصلہ کن موقف بیان کیا گیا ہے۔اس عربی مضمون کا ترجمہ اردو دان و اردو خواں طبقے کے فائدے کے لیے پیش خدمت ہے۔(از مترجم)
قریبی علاقوں کے کچھ فضلاء اہل علم کی خواہش تھی کہ میں مندرجہ ذیل سوال کے جواب کے بارے میں اپنی رائے پیش کروں، چناں چہ اس موضوع کے متعلق میں نے اپنی بساط کے مطابق کچھ تحریر کیا۔ ذیل میں سوال کی عبارت اور پھر اس کے متعلق میرا جواب حاضر خدمت ہے:
سوال… جنت و جہنم کے متعلق اہل اسلام کے افکار و نظریات پرکعب احبار (یہودی یا مسلمان) کی ذکر کردہ روایات کا کس قدر اثر ہے؟ مثلا قصہ اسراء و معراج کے بارے میں مولائے مسلمانان ابن عباس سے کعب احبار کی ذکر کردہ روایت، جس کا ہماری قوم میں خوب شہرہ ہے، اور ”التفسیر الحدیث“ (جلد ثانی)میں بھی موجود ہے؟
جواب… اب میرا جواب ملاحظہ کیجیے: سائل نے ”التفسیر الحدیث “ سے اپنی مراد واضح نہیں کی اور نہ ہی اس قصے ہی کو بتایا ہے جو قوم میں مشہور ہے کہ اس کے متعلق کسی طور پر کھل کر بات کی جا سکے، اگر سائل کی مراد اس قصے سے وہ طویل قصہ ہے جس کو ابن جریر وغیرہ مفسرین نے سورہ اسراء کی تفسیر میں ذکر کیا ہے، تو اس کی سند میں نہ تو کعب ہیں اور نہ ہی ابن عباس ،بلکہ اس روایت میں ابو جعفر عیسی بن ماہان رازی ہیں، جو اپنے ضعف حافظہ کی وجہ سے معروف ہیں، اسی طرح اس روایت میں ابو ہارون عمارہ بن جوین اور خالد بن یزید بن ابو مالک ہیں اور یہ دونوں متہم بالکذب ہیں، ظاہر ہے کہ ان روات کی روایت حجت نہیں ہو سکتی ، خاص طور پر اس طویل قصے جیسی روایات میں ۔
اس طویل قصے کا کعب سے دور دور کا بھی کوئی تعلق نہیں، مزید یہ کہ جنت و جہنم دونوں ایسے موضوعات ہیں جن کے ذکر سے موجودہ تورات کے نسخے ،جو آج یہود کے پاس ہیں،خالی ہیں، حتی کہ ان دونوں کے ذکر سے تورات کا خالی ہونا تورات کے محرف ہونے پر واضح دلائل میں سے شمار کیا جاتا ہے، اس لیے کہ یہ تورات جنت وجہنم کے اس اہم موضوع سے خالی ہے، جو انبیائے کرام کی دعوت کے خاص پہلو ”ایمان بالبعث بعد الموت “(موت کے بعد دوبارہ جی اٹھنے کے عقیدے پر ایمان) سے متعلق ہے۔ لہذا یہ تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ کعب جنت و جہنم کے متعلق قصے کتب یہود سے نقل کرتے ہوں، بلکہ ”تلمود “ میں تو تناسخ (آواگون) کے متعلق بھی نص موجود ہے، جو تمام انبیائے کرام کی دعوت کے سراسر منافی عقیدہ ہے۔
روٴیت باری تعالی اور کعب و ابن عباس کا مکالمہ
البتہ معراج کی رات روٴیت باری تعالی کے بارے میں جو گفتگو کعب اور ابن عباس کے درمیان ہوئی ہے، وہ امام ترمذی نے اپنی جامع میں سورة النجم کی تفسیر کے ذیل میں روایت کی ہے، لیکن اس کی سند میں مجالد بن سعید موجود ہیں، جو حافظے کے کمزور اور مختلط ہیں۔ اس روایت میں جو شعبی کے الفاظ ہیں وہ اس روایت کے اتصال کا فائدہ نہیں دیتے اورکچھ احادیث صحاح بھی اس روایت کے معارض مروی ہیں۔
کعب کا تعارف
یہ کعب جو موضوع بحث ہیں، انہیں ”کعب احبار“اور ”کعب حبر “ کہا جاتا ہے، یہ ”ابن مانع حمیری “ہیں، یہود کے سرکردہ اہل علم میں سے تھے اور کتب یہود کے بارے میں سب سے وسیع اطلاع رکھتے تھے۔ مخضرمین میں سے تھے، جنہوں نے زمانہ جاہلیت اور زمانہ اسلام دونوں پائے۔ یمن میں پیدا ہوئے اور وہیں رہائش پذیر رہے، تا آنکہ وہاں سے ہجرت فرمائی اور سن 12 ہجری حضرت عمر فاروق کے دور میں اسلام لائے۔ابن سعد نے اہل شام کے تابعین میں آپ کو طبقہ اولی میں ذکر کیا ہے اور مزید کہتے ہیں کہ :”آپ دین یہود پر تھے، پھر اسلام لائے اور مدینہ منورہ ہجرت فرمائی، شام کی طرف روانہ ہوگئے اور تاحیات حمص ہی میں رہے۔ سن 32 ہجری حضرت عثمان کے دور خلافت میں آپ کی وفات ہوئی۔… سن وفات کے بارے میں ایک سے زائد قول ہیں۔
ابن حبان ”الثقات“ میں فرماتے ہیں: آپ نے سن34ہجری میں وفات پائی اور ایک قول کے مطابق سن 33 ہجری میں وفات پائی۔104 سال زندگی پائی۔ ابن سعد نے ابن مسیب کی روایت نقل کی ہے کہ ابن عباس نے کعب سے فرمایا : آپ کو عہد نبوی اور عہد صدیقی میں اسلام لانے سے کیا چیز مانع تھی کہ آپ عہد فاروقی میں اسلام لائے؟ تو کعب نے جواب میں کہا: میرے والد نے میرے لیے تورات کے منتخبات سے ایک کتاب تیار کی تھی اور کہا تھا کہ : ”بس، اس پر عمل کرو“۔ اور باقی تمام کتب کو مہربند کردیا تھااور مجھ سے باپ بیٹے کا عہد لیا تھا کہ میں ان کتب سے مہر کو نہ توڑوں، جب میں نے اسلام کے غلبے کو دیکھا تو میں نے سوچا کہ شاید میرے والد نے مجھ سے ان کتب میں کوئی علم چھپا کر رکھا ہے۔ چناں چہ میں نے اس مہر کو کھولا تو اس میں آپ صلى الله عليه وسلم اور آپ صلى الله عليه وسلم کی امت کا تذکرہ موجود تھا، چناں چہ میں مسلمان ہو کر آگیا…۔
اس قصے کی سند میں حماد بن سلمہ ہیں، جو مختلط تھے اور جن کی روایت سے امام بخاری و امام مسلم دونوں پرہیز کرتے ہیں۔البتہ حماد بن سلمہ کی دوسری روایات جو ثابت سے ہیں وہ چوں کہ مرض اختلاط کے بعد بھی ویسی ہی تھیں جیسی مرض اختلاط سے پہلے تھیں ، اس لیے وہ روایات بخاری ومسلم نے ذکر کی ہیں۔ نیز اس روایت میں علی بن زید بن جدعان بھی ہیں جنہیں کئی اہل علم نے ضعیف قرار دیا ہے۔
کعب کی ثقاہت وعدم ثقاہت
جمہور اہل علم نے کعب کی توثیق کی ہے، یہی وجہ ہے کہ ضعفاء ومتروکین کی کتب میں آپ کو ان کا تذکرہ نہیں ملے گا۔امام ذہبی نے انہیں طبقات الحفاظ میں ذکر کیا ہے اور ان کا مختصر سا تعارف ذکر کیا ہے۔ابن عساکر نے تاریخ دمشق میں آپ کاکھل کر تعارف پیش کیا ہے۔ابو نعیم نے حلیة الاولیاء میں کعب کے قصص، آپ کے مواعظ، آپ کی مجالس، آپ کی حضرت عمر کو نصائح اور جنت و جہنم کے متعلق آپ کی روایات کو طویل سندکے ساتھ مفصل تذکرہ کیا ہے، جس سند میں فرات بن سائب بھی ہیں ، البتہ ابو نعیم نے ان کا ماخذ ذکر نہیں کیا۔ابن حجر نے ”الاصابة“ اور” تہذیب التہذیب“ میں آپ کا تعارف پیش کیا ہے۔ بہرحال نقاد محدثین آپ کی ثقاہت پر متفق ہیں، لیکن امام بخاری نے اپنی صحیح کی کتاب الاعتصام میں حضرت معاویہ کا مقولہ نقل کیا ہے کہ حضرت معاویہ نے کعب کا ذکر کرتے ہوئے فرما یا :ہم اس کے جھوٹ کا امتحان لیتے ہیں…۔ ”الاصابہ “ میں حضرت حذیفہ سے کعب کی تکذیب مروی ہے۔اسی طرح ابن عباس نے بھی کعبکو جھوٹ کی طرف منسوب کیا ہے۔
ملاعلی قاری موضوعات کبری (صفحہ100 ، طبع ہند )میں فرماتے ہیں: حضرت عمر نے جب مسجد اقصی کی تعمیر کا ارادہ فرمایا تو لوگوں سے مشورہ کیا کہ مسجد کی تعمیر” صخرہ “ کے آگے کی جائے یا پیچھے؟ کعب نے حضرت عمر سے کہا: امیر الموٴمنین! صخرہ کی پچھلی جانب تعمیر کیجیے۔ تو حضرت عمر نے فرمایا: اے یہودی عور ت کے بیٹے! تجھ میں یہودیت سرایت کی ہوئی ہے، میں اس مسجد کو صخرہ کی اگلی جانب تعمیر کروں گا، تاکہ نمازی اس صخرہ کا استقبال نہ کریں، چناں چہ حضرت عمر نے اس کو اسی طرح تعمیر کیا جس طرح اب تک موجود ہے…
یہ حضرت عمر کی فکر و نظر تھی کہ وہ کعب کو کسی طور یہ موقع نہ دینا چاہتے تھے کہ وہ مسلمانوں کی مسجد میں یہودکے قبلے کی طرف رخ کرسکے۔
کعب نے حضرت عمر کی جانب سے اپنے اوپر لگنے والی تہمت کو دل میں رکھا تھا، حتی کہ حضرت عمر کے خلاف سازشیوں کے ساتھ بھی کعب کے تعلقات دیکھے گئے تھے۔اس کے ساتھ ساتھ کعب ، اہل کتاب کی کتب سے نقل کردہ روایت باور کر واکر، حضرت عمر سے یہ بھی کہا کرتے تھے کہ وہ عنقریب قتل کیے جائیں گے، حالاں کہ حضرت عمر اور اہل کتاب کی سابقہ کتب کا کیا تعلق!!! اگر شریعت اسلامیہ میں متہم بالظن کو پکڑنے کی گنجائش ہوتی تو حضرت عمر کے قتل کے معاملے میں شرعی عدالت حضرت کعب سے بھی تفتیش کرتی۔حضرت ابوذر کوحضرت معاویہ کی شکایت کی بنا پر دمشق سے مدینہ منورہ بھیج دیاجانا، کعب کا حضرت عثمان کی مجلس میں حضرت ابوذر کی مال جمع کرنے اور ذخیرہ کرنے سے ممانعت کے بارے میں رائے کی تردید اور حضرت ابو ذر کا کعب سے یوں خطاب فرمانا: اے یہودی عورت کے بیٹے! یہ تیرے مسائل میں سے نہیں ہے (کہ تو اس پر گفتگو کرے)، یہ واقعات کتب تاریخ میں معروف ہیں۔اسی طرح یہ بھی ثابت ہے کہ عوف بن مالک نے کعب کو قصہ گوئی سے منع کیا تھا، یہاں تک کہ حضرت معاویہ نے انہیں اس کی اجازت مرحمت فرمائی۔
مذکورہ بحث کا نتیجہ
ماقبل کی تفصیل سے واضح ہوا کہ حضرت عمر، حضرت حذیفہ، حضرت ابوذر، حضرت ابن عباس، حضرت عوف بن مالک اور حضرت معاویہ کعب پر کلی اطمینان نہیں رکھتے تھے، جب کہ حضرت ابن عمر، حضرت ابن عباس اور حضرت ابوہریرہ نے کعب سے کچھ روایات بھی نقل کی ہیں، اس لیے کہ تمام اسرائیلیات ایک فیصلہ کن قاعدے کے تحت آتی ہیں کہ ان میں سے جس روایت کی شریعت اسلامیہ تصدیق کرے اس کی تصدیق کی جائے اور شریعت اسلامیہ جس روایت کی تکذیب کرے اس کی تکذیب کی جائے اور اس کے علاوہ دیگر روایات کی تصدیق و تکذیب کے بارے میں توقف کیا جائے۔ صحیح بخاری کی ایک روایت ہے: ”اہل کتاب کی نہ تصدیق کرو اور نہ ہی تکذیب اور یوں کہو کہ ہم اللہ پر ایمان لائے اور اس پر جو ہماری طرف نازل ہوا، اور جو تمہاری طرف نازل ہوا، ہمارا ور تمہارا الہ و معبود ایک ہی ہے اور ہم اسی کے تابع دار ہیں“۔
یہی وہ درست راہ ہے جس پر اسرائیلیات کے کسی خطرے کا خوف نہیں ہے، اس لیے کہ جنہوں نے اسرائیلیات ذکر کیں انہوں نے اسی نظریے کے ساتھ ذکر کیں کہ یہ اسرائیلیات اس خالص اور سچی کسوٹی پر پرکھی جاسکتی ہیں۔ چناں چہ نہ کعب اور نہ ہی اسرائیلیات کا کوئی اور راوی ہی اسلامی افکار، نظریات اور تعلیمات پرکسی بھی طرح اثر انداز ہو سکتا ہے ، جب تک کہ ان کی روایات اس دقیق معیار پر جانچی جاتی رہیں گی۔ اسی بنا پر آپ نے بہت کئی مفسرین کو دیکھا ہوگا کہ وہ ہر نفع بخش روایت کو نقل ضرور کرتے ہیں، تاکہ ان مفسرین کے زمانے میں مروج یہودوغیرہ اہل کتاب سے منقول معارف وروایات کی روشنی میں قرآن کریم کی ذکر کردہ اخبار وقصص کے بعض پہلو واضح ہو جائیں، ساتھ ہی یہ مفسرین ان روایات کی چھان بعد میں آنے والے نقاد کے حوالے کرتے ہیں۔اس طرح اسرائیلیات کے ذکر کرنے کا مقصد ان کے پیش نظر یہ ہوتا ہے کہ کم از کم یہ معارف بعد میں آنے والوں تک پہنچ ضرور جائیں، اس لیے کہ یہ احتمال تو بجا طور پر موجود ہوتا ہے کہ ان اسرائیلیات سے قرآن کریم کے اجمالی بیانات کی وضاحت میں مدد لی جاسکے۔مفسرین کی یہ غرض نہیں ہوا کرتی کہ ان روایات کو مسلمانوں کی نظر میں حقائق و عقائد کا درجہ دے دیا جائے، جن کے صحیح ہونے کا عقیدہ رکھا جانا اور کسی چھان بین کے بغیر ان روایات کو ان کی کمزوریوں کے باوجود قبول کر لیا جائے۔چناں چہ اسرائیلیات کی تدوین کرنے والوں پر ،جب تک کہ ان کا مقصد یہی ہو ، کسی قسم کی ملامت وتنقید نہیں کی جاسکتی۔
سلیمان بن عبد القوی طوفی نے اپنی کتاب ”الاکسیر فی قواعد التفسیر“ میں مفسرین کے اپنی تفاسیر کو اسرائیلیات سے بھر دینے کے بارے میں اعتذار پیش کرتے ہوئے ان کا مقصد یہی بیان کیا ہے۔ ”الاکسیر فی قواعد التفسیر“ مکتبہ قرا حسام الدین، جو آستانہ میں واقع ہے ، محفوظ ہے۔انہوں نے مفسرین کے اس طریق کار کی مثال روات حدیث کے طریق کار سے دی ہے کہ جس طرح انہوں نے شروع شروع میں تمام روایات کے بلا کم و کاست نقل کردینے کا اہتمام کیا اور ان روایات کے صحیح وضعیف ہونے کا معاملہ آنے والے ناقدین پر چھوڑ دیا، یہی طرز عمل ان مفسرین نے بھی اختیار کیا ہے۔یہ عذر واقعی عمدہ ہے۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ باطل اسرائیلیات سے صرف وہی شخص دھوکہ کھاسکتا ہے جو کثیر پہلو مباحث میں بھی اہل علم کی طرف رجوع کیے بغیر ہر ایک سے روایات لے لینے کا عادی ہو۔ مزید یہ کہ اہل علم کی ایک کثیر تعداد نے ان کھوٹی روایات کی ،جو امت کو کسی طرح نقصان پہنچاتیں، جانچ کا خصوصی اہتمام فرمایا ہے، چناں چہ انہوں نے تفسیر کوباطل اسرائیلیات سے خالی کرنے کی خدمت بھی انجام دی ہے، جیسا کہ شیخ عبد الحق بن عطیہ نے اپنی تفسیر ”المحرر الوجیز فی تفسیر کتاب اللہ العزیز“ میں کیا۔ نتیجہ یہ کہ اسرائیلیات اور اسی قسم کی ساری خرافات اسلامی تعلیمات پر کسی طرح اثر انداز نہیں ہو سکتی ہیں۔البتہ ان سے بعض عوام اور وہ حضرات جو اپنے آپ کو اہل علم سمجھتے ہیں اور اہم مسائل و معاملات میں بھی علما اور مستند مآخذ کی طرف رجوع کرنے سے اپنے آپ کو مستغنی خیال کرتے ہیں، ضرور متاثر ہو سکتے ہیں۔اللہ ہی سیدھی راہ دکھلانے والے ہیں۔