Deobandi Books

امید مغفرت و رحمت

ہم نوٹ :

21 - 26
تلاش کرتی ہے کہ اے فرشتو! میرا بندہ مجھ سے بہت دور ہوگیا،تم جاکے پھر اس کے دل میں توفیق ڈالو کہ توبہ کرکے پھر میرے پاس آجائے لہٰذا جو لوگ روتے ہیں کہ اللہ! ہمیں اپنی حفاظت میں رکھنا، ہمیں ضایع نہ ہونے دینا، خاتمہ ہمارا ایمان پر کرنا اور ہمارے گناہوں کو معاف کردیجیے، ایسے رونے والے بندے ضایع نہیں ہوتے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ان کا خاتمہ خراب نہیں ہوگا، جس کا خاتمہ خراب ہوتا ہے اس کو رونے کی توفیق نہیں ملتی۔اسی لیے محدثین نے لکھا ہے کہ ابلیس کو کبھی اپنے گناہ پر ندامت نہیں ہوئی، اس ظالم نے ہمیشہ اَنْظِرْنِیْ کہا کہ مجھے مہلت دیجیے، میں آپ کے بندوں کو گمراہ کروں گا۔ بزرگانِ دین فرماتے ہیں کہ یہ ظالم اگر اُنْظُرْ اِلَیَّ کہہ دیتا کہ مجھ پر ایک نظر ڈال دیجیے تو معاف ہوجاتا ،لیکن      اُنْظُرْ اِلَیَّ نہیں کہا اَنْظِرْنِیْ کہتا رہا کہ مہلت دیجیے تاکہ میں آپ کے بندوں کو بہکاتا رہوں، اس کو اُنْظُرْ اِلَیَّ کی توفیق نہیں ہوئی کیوں کہ یہ مردود تھا۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی نظر عنایت مانگنے کی توفیق نہیں ہوئی،اللہ تعالیٰ جس کو مقبول رکھتا ہے اس کو نظر عنایت مانگنے کی توفیق دیتا ہے کہ اللہ تعالیٰ غلطی ہوگئی، نالائق ہوں مگر آپ کا ہوں،آپ ہی ہمارے واحد خدا ہیں،آپ کا دروازہ چھوڑ کر کہاں جاؤں کہ کوئی دوسرا خدا نہیں ہے۔ اگر گناہ گاروں کا الگ خدا ہوتا، نیک بندوں کا الگ خدا ہوتا تو وہاں چلا جاتا لیکن آپ ہی ایک خدا ہیں،نیکوں کے بھی آپ خدا ہیں اور گناہ گاروں کے بھی آپ ہی خدا ہیں لہٰذا آپ کا دروازہ نہیں چھوڑوں گا، اگر گناہ نہیں چھوٹتے تو آپ کو بھی نہیں چھوڑوں گا،اگر کسی کو بار بار دست آرہے ہیں تو ہر دفعہ استنجا بھی کرتا ہے اور کپڑے بھی بدلتا ہے لہٰذا اگر بار بار گناہ ہوتے ہیں تو بار بار توبہ کرتے رہو، ایک دن ایسا آئے گا کہ اللہ پکی توبہ کی توفیق دے دے گا کہ میرا بندہ ہمیشہ رو رو کے مجھ سے معافی مانگتا ہے تو ان کو بھی رحم آجائے گا کہ لاؤ! اب اس ظالم کو گناہ کرنے ہی نہ دو۔ اللہ تعالیٰ ایسی ہمت اور ایسی توفیق دے گا کہ ان شاء اللہ تعالیٰ پھر مرتے دم تک ایک گناہ بھی نہیں کروگے لیکن ہمارا کام رونا ہے، روتے رہو، روتے رہو، روتے رہو،یہاں تک کہ ان کو رحم آجائے،خوب سمجھ لو یہ اللہ تعالیٰ کا راستہ ہے، اس میں نااُمیدی نہیں،یہا ں اُمیدوں کے ہزاروں آفتاب روشن ہیں۔
وَاٰخِرُ دَعْوَانَا اَنِ الْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ
Flag Counter