Deobandi Books

ماہنامہ الحق اگست 2014ء

امعہ دا

51 - 64
مولانا عرفان الحق اظہار حقانی *
جناب شفیق الدین فاروقی کی رحلت
ماہنامہ ’’الحق ‘‘ کے معاون مدیر ،جامعہ دارالعلوم کے کوارڈینیٹر ، شیخ الحدیث حضرت مولانا عبدالحق  ؒ کے خادم خاص ،مولانا مفتی محمود کے اسارت کے رفیق، حضرت مولانا سمیع الحق صاحب کے خصوصی معاون ،رفیق سفر وحضراوران کے داماد جناب شفیق الدین فاروقی صاحب تقریباً ڈیڑھ برس کی طویل علالت کے بعد بروز جمعرات ۲۴ جولائی ۲۰۱۴ء بوقت صبح پونے آٹھ بجے انتقال فرما گئے ۔اناللہ وان الیہ راجعون۔ گزشتہ سال ڈاکٹروں نے مرحوم کے کینسر کی تشخیص کی اور یوں پہاڑ کی طرح ایک فولادی شخص کچھ ہی عرصہ میں مشت استخواں بن گیا۔
   ؎      دیکھو جسے ہے راہ فنا کی طرف رواں    ترے محل سرا کا یہی راستہ ہے 
حدیث شریف ہے کہ کن عالماً او متعلماً او خادماً ولا تکن  رابعاً فتہلک کہ دنیا میں عالم بنو، یا طالب علم اور یا ان کے خادم بن جائو اس کے علاوہ چوتھے نہ بنو۔ ورنہ ہلاک ہوجائو گے۔ ہمارے ممدوح شفیق صاحب نے پوری زندگی علم اور اہل علم کی خدمت میں صرف کرکے خود کو کامیاب و بامراد بنالیا۔ اور اِن کی یہی تگ و دو نجات آخرت کا ذریعہ ہوگی۔اس لئے کہ ایک دوسری حدیث میں ہے کہ المرء مع من احب یعنی انسان جس کے ساتھ محبت رکھے اُسی کے ساتھ قیامت میں اُس کا حشر ہوگا۔ 
عظیم سعادت :  فاروقی صاحب کو اللہ نے ۲۷ رمضان کی رات اور شب جمعہ کی موت جیسی عظیم سعادت سے نوازا۔ دوسری طرف رمضان کی سخت ترین گرمی ان کے رحلت پر نہ صرف خنکی اور ٹھنڈی ہوائوں میں بدل گئی بلکہ آسمان نے بارش برسا کر بکت علیہ السماء (آسمان اس کی رحلت پر رویا)کا منظر پیش کیا۔ جنازہ اِسی روز اکوڑہ خٹک کی عیدگاہ میں حضرت مولاناسمیع الحق صاحب کی خواہش اور اصرار پر محدث دوران، نمونہ اسلاف شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر سید شیر علی شاہ کی اقتداء میں پڑھایا گیا۔ 
_____________________________
   *مدرس جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک 

Flag Counter