Deobandi Books

ماہنامہ الحق اگست 2014ء

امعہ دا

35 - 64
جنرل مرزا اسلم بیگ 
ہماری لانگ مارچ پر مبنی سیاست 
	1990ء سے اب تک ہم وطن عزیز میں لانگ مارچ پر مبنی سیاست کا مشاہدہ کرتے آئے ہیںاور حیرت کی بات یہ ہے کہ ہر بار لانگ مارچ صرف منتخب حکومتوں کے دور میں ہی ہوئے۔ بنیادی طور پر ان لانگ مارچوں کا مقصد ’’آرمی کی آشیر باد سے حکومت کی تبدیلی‘‘ کیلئے مشق کرنا ہے۔14 اگست سے شروع ہونے والا عمران خان اور طاہر القادری کا موجودہ ہلہ گلہ بھی ان کے سیاسی عزائم کی تکمیل کی خاطر اسی قسم کی ایک مشق ہے ۔ان دونوں حضرات نے واضح کر دیا ہے کہ اگست کے اواخر تک نواز شریف کی حکومت ختم کر دی جائے گی اور ’’تبدیلی نظام‘‘ کیلئے انقلاب کی راہ متعین کی جائے گی۔آئیے ماضی میں ہونے والے لانگ مارچوں کے نتائج اور حالیہ لانگ مارچ کی کامیابی کے امکانات کا جائزہ لیتے ہیں۔
	1992ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو صاحبہ کے زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد نے لاہور سے لانگ مارچ شروع کیا اور ان کی والدہ محترمہ بیگم نصرت بھٹو نے لاڑکانہ سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کی قیادت کی لیکن دونوں لانگ مارچ ناکامی سے دوچار ہوئے۔ بیگم نصرت بھٹو کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا گیااور وہ زخمی ہوکر ہسپتال جا پہنچیں جبکہ بے نظیر بھٹو کو گرفتار کر کے لاڑکانہ میں نظر بند کر دیا گیا۔اس طرح یہ لانگ مارچ ناکامی سے دوچار ہوا کیونکہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل آصف نواز نے انہیں’’پذیرائی نہیں بخشی‘‘ اور نواز شریف کو لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے فری ہینڈ دے دیا گیا تھا۔ محترمہ کے اس لانگ مارچ کی ناکامی کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے اسے کامیاب بنانے کیلئے مناسب ’’ہوم ورک ‘‘ نہیں کیا تھا۔  
	اگلے سال یعنی 1993 ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایک اور لانگ مارچ کی منصوبہ بندی کی جو شروع ہوا لیکن اس سے پہلے کہ وہ اسلام آباد پہنچتیں ‘ اس وقت کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عبدالوحید
کاکڑنے ان کیلئے راہ ہموار کرادی تھی اورمداخلت کر کے اس شرط پر صدر اور وزیر اعظم کو اقتدار سے علیحدہ ہونے پر راضی کرلیا تھاکہ وہ نوے دنوں کے اندر انتخابات کرادیں گے۔اس طرح بے نظیر بھٹو نے لانگ مارچ ختم کر دیا اور1993ء کے آخر میں منعقد ہونے والے انتخابات میں کامیابی کی تیاریاں شروع کر دیں۔  بلا شبہ اس لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے انہوں نے مناسب ’’ہوم ورک ‘‘ کیا تھا۔
___________________________
  *  سابق چیف آف آرمی سٹاف پاکستان

Flag Counter