۴؍دسمبر: پشاور جناب حاجی کرم الہٰی صاحب کی عیادت کیلئے بعدا ز شام پہونچا ‘ رات اِن کے مکان پرٹھہرا۔
مولانا حمد علی لاہوری کو سپاسنامہ پیش کرنا:
۵؍دسمبر ۶۰ء :صبح حضرت الاستاد الشیخ مولانا احمد علی لاہوری کی آمد کے سلسلہ میں بمع حاجی کرم الہٰی صاحب والطاف پشاور ہوائی اڈہ پہونچے۔ساڑھے گیارہ بجے مولانا صاحب مع صاحبزادہ محترم کے جہاز سے اترے‘ ملاقات کا شرف حاصل ہوا‘ ۴ بجے تک بندہ ان کی واپسی ٹکٹ کنفرم کرنے میں مصروف رہا۔ بعد از شام نوشہرہ آئے‘ رات جامع مسجد میں مولانا صاحب نے درس قرآن دیا۔ والد ماجد نے اردو میں جبکہ بندہ نے عربی سپاسنامہ پیش کیا۔
حضرت لاہوری صاحب دارالعلوم حقانیہ آمد:
۶؍دسمبر: صبح حضرت مولانا دامت برکاتہم دارالعلوم تشریف لائے۔ دارالحدیث میں کچھ دیر طلبہ واساتذہ کی مجلس میں قیام فرما رہے۔ مسجد کا معائنہ فرمایا اور دعا ئیں دیں پھر پشاور روانہ ہوئے بندہ کو آج بھی رفاقت سفر اور راستہ میں
ان کی خدمت کا موقع ملا اور اس طرح اُن سے دعائیں لیں۔ اورساڑھے گیارہ بجے حضرت صاحب بذریعہ طیارہ لاہور کے لئے رخصت ہوئے ۔شام کو بندہ نے واپسی کی۔
۱۹۶۱ ء کی ڈائری سے سوانحی احوال
۲۱مارچ: راولپنڈی گیا‘ قاری امین صاحب کے ہاں ٹھہرا۔
حضرت مولانا لاہوری صاحب کی حضرو ،نوشہرہ اور حقانیہ آمد:
۲۲مارچ ۶۱ئ: حضرو جانا ہوا جہاں حضرت شیخ التفسیر مولانا احمد علی صاحب کی اقتداء میں نماز ظہر پڑھی۔ قبل از صلوٰۃ شرف ملاقات حاصل ہوئی۔ اس موقع پر والد صاحب بھی تشریف لائے تھے۔ شام کو گھر واپسی ہوئی۔
۲۳مارچ۶۱ئ: حضرت شیخ مولانالاہوری کے نوشہرہ آمد پر ان سے ملاقات کے لئے گیا‘ واپسی پر اکوڑہ تک ان کی معیت حاصل ہوئی۔دارالعلوم حقانیہ بھی تشریف لائے اور مدرسہ کی ترقی کے لئے دعائیں دیں۔والحمدللہ علی ذالک
مولانا عبدالغفور عباسی کی آمد ‘پیرمانکی کی تعزیت اور احقر کی ان کے ساتھ رفاقت:
۲۴ دسمبر ۱۹۶۱ئ: حضرت الشیخ مولانا عبدالغفور عباسی مدنی صوبہ سرحد تشریف لائے۔ چناب ایکسپریس سے اکوڑہ اسٹیشن میں والد صاحب اوراراکین و متعلقین مدرسہ نے نیاز حاصل کرکے دعائیں لیں۔ پھر ناچیز حضرت کے ساتھ نوشہرہ گیا‘ وہاں دس بجے تک ایک فوجی افسر کے ہاں قیام فرمایا۔بیعت وارشاد کا فیض جاری رہا اور پھر مانکی تشریف لے گئے‘ میں نے پہلی دفعہ مانکی گائوں دیکھا۔حضرت نے پیرمانکی شریف ؒ کی فاتحہ پڑھی اور صاحبزادہ روح الامین کی دعوت طعام مین شریک ہوئے بعد از دوپہر واپس مردان گئے جبکہ میں گھر واپس ہوا