تبصرہ کتب
ادارہ
حجیت حدیث
مؤلف: حضرت مولانا محمد ادریس کاندھلوی
صفحات:198 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار ، کراچی
زیر نظر کتاب حضرت مولانا محمد ادریس کاندھلوی رحمة الله علیہ کی تصنیف ہے اور جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے کہ اس میں دلائل عقلیہ ونقلیہ کی روشنی میں حدیث کی حجیت وقطعیت ثابت کی گئی ہے اور ساتھ ساتھ منکرین حدیث کا رد بھی ہو جاتا ہے کتا ب کا یہ نیا ایڈیشن ڈاکٹر محمد سعد صدیقی کی تدوین وتعلیق کے ساتھ شائع ہوا ہے ۔ اس کی خصوصیات کو بیان کرتے ہوئے وہ لکھتے ہیں:
” کتاب کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے،حصہ اول دلائل پر مشتمل ہے او رحصہ دوم میں منکرین حدیث کے شبہات او ران کے جوابات شامل ہیں
دلائل کے حصہ میں ہر دلیل کو عنوان بھی دے دیا گیا ہے ۔
حوالہ جات مکمل کیے گئے ہیں۔
آیات واحادیث کی مکمل تخریج کی گئی ہے۔
فارسی، عربی اشعار، عبارات کے جہاں ترجمے نہیں تھے، تحریر کر دیے گئے ہیں۔
مشکل الفاظ کی وضاحت حاشیہ میں کر دی گئی ہے۔
قابل توضیح عبارات کی وضاحت کر دی گئی ہے او رجہاں کہیں ضرورت محسوس ہوئی، حاشیہ میں کچھ اضافات کر دیے گئے ہیں۔
آیات قرآنیہ اور احادیث نبویہ کی فہرست ابجدی ترتیب سے آخر میں اشاریہ میں دیدی گئی ہے۔
ماخذ ومصادر کی فہرست دیدی گئی ہے۔
مولانا نے اقبال کے ایک شعر کی تضمین میں فارسی کے چھیاسی اشعار کہے ہیں، ان اشعار کا ترجمہ مولانا مشرف علی تھانوی کی معاونت اور راہنمائی میں کرکے دیا گیا ہے۔“
کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔
مسجد کے فضائل واحکام
مؤلف: مولانا مفتی محمد ارشاد قاسمی صاحب
صفحات:168 سائز:23x36=16
ناشر زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
اس کتاب میں مسجد بنانے کے فضائل ، مسجد کے نگران کی فضیلت ، مسجد کی صفائی کرنے کی فضیلت ، مسجد کو آباد کرنے کی فضیلت ، مسجد میں کیے جانے والے اعمال کی تفصیل اور ان کی فضیلت ، مساجد میں ممنوع افعال کا ذکر، دنیا کی مشہور ومعرف مساجد کا مقام ومرتبہ اور ان کے علاوہ مساجد کے دیگر احکا م ومسائل اور آداب وفضائل کو احادیث وآثار کی روشنی میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے ۔احادیث وآثار اور فوائد کے حوالے دینے کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اپنے موضوع پر یہ ایک عمدہ او رجامع کاوش ہے اور خاص کر ائمہ مساجد کو اس کے مطالعہ کا اہتمام کرنا چاہیے۔
کتاب کی طباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔
خلافت راشدہ
تالیف: حضرت مولانا محمد ادریس کاندھلوی
صفحات:236 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی
یہ کتاب حضرت مولانا محمد ادریس کاندھلوی رحمة الله علیہ کی تالیف ہے۔ اس میں شاہ ولی الله رحمة الله علیہ کی مایہ ناز تصنیف ” ازالة الخفاء“ کا خلاصہ پیش کیا گیا ہے اور بعض جگہ مکتوبات مجدد الف ثانی، تحفہ اثنا عشریہ اور ابن تیمیہ رحمة الله علیہ کی منہاج السنہ سے اضافے شامل کیے گئے ہیں ۔ اس میں اہل السنہ والجماعت کی ترجمانی کرتے ہوئے خلافت راشدہ کے ضروری اور بنیادی مسائل کو اختصار کے ساتھ بیان کیا گیا ہے ، جس میں خلافت کی تعریف، اس کی اقسام، شرائط ولوازم، خلفائے راشدین کی خلافت کا اثبات، ان کے فضائل ومناقب، خلفائے اربعہ کے درمیان فرق مراتب، خلافت معاویہ کا تذکرہ ، جنگ جمل وجنگ صفین وغیرہ اختلافی امور پر بحث اورحضرت معاویہ کے دور خلافت کے عسکری وتعمیری اور دیگر مختلف کارناموں کو بیان کیا گیا ہے ۔ زیر نظر ایڈیشن مولانا محمد میاں صدیقی کی تدوین اور اضافوں کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ خلافت جیسے اہم مسئلے کے بنیادی خدوخال اور ضروری امور کو جاننے کے لیے زیر نظر کتاب کا مطالعہ مفید رہے گا۔
کتا ب کی جلد بندی مضبوط اور طباعت واشاعت عمدہ ہے۔
عظمت صحابہ وحلّ اعتراضات برصحابہ
تالیف: مولانا محمد اسلم صاحب
صفحات:160 سائز:23x36=16
ناشر: جامعہ تعلیم الاسلام اشرفیہ، نزد الہاشم کالونی ، ہارون آباد ، بہاولنگر
اس کتابچے کو مجلس صیانة المسلمین کے ناظم او رجامعہ تعلیم الاسلام اشرفیہ بہاولنگر کے مہتمم مولانا محمد اسلم نے مرتب کیا ہے ۔ حضرت مولانا سید عبدالشکور ترمذی رحمة الله علیہ نے اس پر تقریظ لکھی ہے ۔ اس میں وہ لکھتے ہیں :
”یہ رسالہ چار ابواب پرمشتمل ہے ۔ پہلے اور دوسرے باب میں حضرت حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہ کے افادات دربارہ عظمت صحابہ رضی الله عنہ وحل اعتراضات برصحابہ نیز اہل رفض کی رسومات مروجہ ماتم تعزیہ کی مذمت عاشورہ او رمحرم کی شرعی حیثیت جمع کیے گئے ہیں۔ تیسرے اور چوتھے باب میں حضرات خلفاء راشدین اور دیگر صحابہ کرام کے اتباع سنت او رحکم کی بجا آوری کے حیرت انگیز واقعات درج ہیں ۔
پہلے دونوں باب علمی او راصلاحی ہیں، اہلسنت والجماعت ان کو اگر غور سے پڑھیں گے تو امید ہے کہ روافض کے غلط عقائد او رمروجہ رسومات سے محفوظ رہیں گے او ریہ باب ان کے لیے بہت نافع ہوں گے، بقیہ دوسرے ابواب بھی سنت کی ترغیب اور حکم کی بجا آوری کے لیے برانگیختہ کرنے میں ممد ومعاون ثابت ہوں گے، ایسے واقعات کا پڑھنے والے پر ایک اثر ہوتا ہے اورعمل کا جذبہ اُبھرتا ہے۔“
یہ رسالہ متوسط طباعت واشاعت کے ساتھ غیر مجلد چھپا ہے۔