Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی ربیع الاول 1431ھ

ہ رسالہ

8 - 16
***
اخبار جامعہ
مفتی معاذ خالد
حضرت مولانا مفتی محمد نعیم صاحب کے والد گرامی کی رحلت
بروز بدھ 20 محرم الحرام مطابق6 جنوری2010ء جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم حضرت مولانا مفتی محمد نعیم صاحب کے والد گرامی جناب قاری عبدالحلیم صاحب قدس سرہ کارضائے الہٰی سے انتقال ہوا۔ انا لله واناالیہ راجعون․
حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب ، ناظم اعلیٰ جامعہ فاروقیہ اساتذہ جامعہ کے ساتھ تعزیت کے لیے جامعہ بنوریہ تشریف لے گئے اور مفتی محمد نعیم صاحب سے اس جانکاہ حادثے پر تعزیت فرمائی ۔ بعد ازاں حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب استاذ حدیث وناظم جامعہ، حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری، ناظم اعلیٰ وفاق المدارس کی معیت میں جامعہ بنوریہ تشریف لے گئے اور مفتی محمد نعیم صاحب سے تعزیت فرمائی۔
الله تعالیٰ حضرت قاری صاحب مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین
جامعہ میں جنریٹرز کی منتقلی
بروز جمعرات 21 /محرم الحرام مطابق7 جنوری جامعہ فاروقیہ کراچی میں زیر استعمال دو بڑے جنریٹرز کی، جگہ کی تنگی کی وجہ سے سلیم منزل کی چھت پر منتقلی کا عمل شروع ہوا، جو ظہر سے مغرب کی نماز تک جاری رہا۔ الحمدلله بحسن وخوبی یہ عمل مغرب تک پایہٴ تکمیل کو پہنچا۔
حضرت شیخ الحدیث مدظلہم کی عیادت کے لیے مہمانوں کی آمد
بروز ہفتہ23 /محرم الحرام مطابق 9 جنوری جامعہ فاروقیہ کراچی کے بانی ومہتمم شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب کی عیادت کے لیے جمعیت علمائے اسلام کے جنرل سیکریٹری حضرت مولانا عبدالغفور حیدر ی دیگر علمائے کرام کے ساتھ تشریف لائے ۔ اس کے علاوہ جامعہ دارالعلوم کراچی سے استاد الحدیث حضرت مولانا افتخار احمد اعظمی صاحب اور حضرت مولانامفتی عبدالله برمی صاحب بھی تشریف لائے ۔ الله تعالی ان حضرات کوجزائے خیر عطا فرمائیں۔
جلسہائے سیرت النبی ا کے سلسلہ میں مشاورت
بروز منگل26 محرم الحرام مطابق12 جنوری بعد نمار مغرب ناظم اعلیٰ حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کی زیر صدرات کراچی بھر میں جلسہٴ سیرت النبی کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں حضرت مولانا اسعد تھانوی صاحب، حضرت مولانا شفیق الرحمن صاحب ، حضرت مولانا حسین احمد صاحب ملیر والے اور سیرت کمیٹی کے دیگر حضرات علمائے کرام نے شرکت فرمائی۔
وفاق المدارس کی مجلس عاملہ کا اجلاس جامعہ فاروقیہ کراچی فیزIIمیں
صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی علالت کے پیش نظر وفاق المدارس کے حضرات نے ارکان عاملہ کے غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے لیے مرکز جامعہ فاروقیہ کراچی کا انتخاب کیا۔ بعد ازاں انتظامیہ نے جگہ کی تنگی کے سبب اس اجلاس کے لیے جامعہ فاروقیہ کراچی فیزII کا انتخاب کیا۔
الحمد لله دوروز یہ اجلاس جاری رہا پہلے دن وفاق کے تعلیمی، نصابی اور مالی امور کے سلسلے میں گفتگو ، بحث اور فیصلے ہوئے ۔ جب کہ دوسرے دن اجلاس کا دائرہ وسیع کر دیا گیا اور ارکان عاملہ کے علاوہ ملک بھر کے منتخب علماء نے بھی شرکت فرمائی ۔ دوسرے دن کے اجلا س کی دو نشستیں ہوئیں ، پہلی نشست میں اکابر سر جوڑ کر بیٹھے او رملک عزیز کی گھمبیر اور مخدوش صورت حال پر طویل، مفید اور مثبت مشاورت ہوئی ۔ دوسرے دن کی دوسری نشست کا دائرہ اوروسیع کر دیا گیا تھا، چناں چہ دوسری نشست نے ایک جلسہٴ عام کی شکل اختیار کر لی ، کراچی کے تقریباً تمام مدراس کے مہتممین اور علماء کرام نے شرکت فرمائی، ملک بھر سے آئے ہوئے علماء کرام اور ارکان عاملہ نے مدارس کے ذمہ داران کے سامنے مجلس عاملہ کے فیصلے اور مشاورتوں میں طے ہونے والی تفصیلا ت بیان کیں اور ملک کی موجودہ مخدوش صورت حال میں ولولہ انگیز، مؤثر اور مفید پیغامات دیے۔
پورے ملک سے آئے ہوئے ارکان مجلس عاملہ نے جامعہ فاروقیہ ، کراچی کی اس نئی جگہ آمد پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ، حسن انتظام پر حضرت صدر وفاق زید مجدہ، حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب اورحضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کو بار بار مبارک باد پیش کی۔
مجلس عاملہ کے اس دو روزہ اجلاس میں حضرت صدر وفاق زیدمجدہ نے باوجود اپنی پیرانہ سالی، ضعف، نقاہت اور علالت کے مکمل طور پر وہیں قیام فرمایا اور مجلس عاملہ کے اجلاسوں کی صدارت فرمائی، حضرت کے معالج ڈاکٹر سلمان صاحب بھی حضرت کے ساتھ رہے۔
جامعہ فاروقیہ فیزIIکے اساتذہ کرام اور طلبہ عزیز نے مہمانوں کی دن رات خدمت کی ان حضرات کی مدد اور تعاون کے لیے جامعہ فاروقیہ (مرکز) کے اساتذہ وطلبہ بھی موجود رہے ۔ الله تعالیٰ تمام کو اپنی شایان شان بہترین بدلہ عطا فرمائیں۔ آمین۔
وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی مجلس عاملہ کے اس دو روزہ اجلاس کی کاروائی ، فیصلے اور اعلانات اسی شمارے کے دیگر صفحات پر شائع کیے جارہے ہیں۔
مہمانان گرامی کی آمد
جامعہ فاروقیہ کراچی کی زرعی اراضی واقع ساکران، بلوچستان کے بعض امور کے سلسلہ میں مولانا عطاء الله آغا صاحب ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور سینیٹر جناب ڈاکٹر اسماعیل بلیدی صاحب تشریف لائے ، چناں چہ ان حضرات نے حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کے ہمراہ لیڈا ریسٹ ہاؤس، حب، بلوچستان میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور میٹنگ کی، بعد ازاں جامعہ فاروقیہ، شاہ فیصل ٹاؤن میں بعد نماز عشاء ان حضرات کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا، جس میں حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب ، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب نے شرکت فرمائی۔
5 صفر المظفر1431ھ بروز جمعرات جامعہ زیتون،ابیٹ آباد کے ذمہ دار جناب بھائی محمد جاوید ہزاروی صاحب، جامعہ زیتون کے اساتذہ حدیث کے ساتھ تشریف لائے اس موقعہ پر مولانا عبیدالله خالد صاحب سے اہم تعلیمی اور تربیتی امور پر گفتگو ہوئی۔
10صفر المظفر بروز منگل تحفظ مساجد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب مدظلہ کی سربراہی میں جامعہ فاروقیہ میں منعقد ہوا۔ شہر کے ذمہ دار علماء کرام نے شرکت فرمائی اور اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس کے اختتام پر حضرت مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان صاحب اسلام آباد تشریف لے گئے جہاں حضرت مولانا قاری محمد حنیف جالندھری ، حضرت مولانا قاضی عبدالرشید صاحب کے ہمراہ وزارت داخلہ میں اجلاس میں شریک ہوئے، یہ اجلاس اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ اور وزارت داخلہ کے درمیان تھا۔ وفاق المدارس کے نمائندوں نے دو ٹوک انداز میں اپنے موقف کا اعلان کیا کہ وہ کسی ایسے بورڈ میں شریک نہیں ہوں گے جس سے مدارس دینیہ کی آزادی اور حریت فکر متاثر ہوتی ہو۔
11صفر المظفربروز بدھ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب استاذ حدیث وناظم جامعہ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب ، حضرت مولانا خلیل احمد صاحب ، جامعہ کی اراضی واقع ساکران تشریف لے گئے، جہاں تحصیل دار، پٹواری اور ایس ایچ او کی موجودگی میں جامعہ کی مشرقی حدود پر سرکاری نشانات لگائے گئے۔
12صفر المظفر بروز جمعرات لاہور کی مسجد شیخہ سالم کے امام وخطیب، لاہور کے معروف عالم دین، ماہنامہ الغفور کے مدیر اعلیٰ حضرت مولانا عبدالغفور صاحب مدظلہ تشریف لائے ، صبح کا ناشتہ حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب کے ساتھ فرمایا، اسی دن جامعہ کے شعبہ حفظ میں تین بچوں کے ختم قرآن کی تقریب تھی نگران شعبہ مولانا عمارخالد صاحب کی دعوت پر اس میں شریک ہوئے، بچوں کا ختم کروایا اور آخر میں پُراثر دعا فرمائی۔
حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کی دارالحدیث آمد
15 صفر المظفر بروز اتوار حضرت شیخ الحدیث زید مجدھم طویل علالت کے بعد دارالحدیث سبق کے لیے تشریف لائے۔ طلبہ اور اساتذہ کے چہرے خوشی او رمسرت سے تمتمارہے تھے، الله تعالیٰ حضرت شیخ الحدیث زید مجدہ کو صحت کاملہ، عاجلہ، مستمرہ عطا فرمائے او رامت مسلمہ پر حضرت کا سایہ تادیر قائم فرمائے۔ آمین
16 صفر المظفر بروز سوموار جامعہ میں اساتذہ کرام کا ماہانہ مشورہ ہوا، حضرت مولانا ڈاکٹر محمدعادل خان صاحب مدظلہ اپنی بعض بیرونی مصروفیات کی بنا پر شریک نہ ہو سکے، ناظم تعلیمات جامعہ مولانا عبدالغنی صاحب نے نظامت تعلیمات کی طرف سے بعض اہم نکات پیش فرمائے، حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب نے اس موقعہ پر اہم اور مفید نصائح فرمائیں۔
18 صفر المظفر حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب ، حضرت مولانا محمدیوسف افشانی صاحب، احقر اور مولوی حماد خالد، حضرت حکیم اختر صاحب زید مجدہ کی عیادت کے لیے اشرف المدارس، گلشن اقبال تشریف لے گئے۔
حضرت مولانا حکیم مظہر صاحب مدظلہ نے استقبال فرمایا اور حضرت حکیم صاحب زید مجدھم کی ناسازی طبع کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ فرمایا، الله تعالیٰ حضرت حکیم صاحب زید مجدھم کو صحت کاملہ، عاجلہ، مستمرہ عطا فرمائے۔ آمین۔

Flag Counter