Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق کراچی شعبان المعظم 1430ھ

ہ رسالہ

11 - 14
***
اخبار جامعہ
مولانا ابوالفضیل عزیز
جامعہ میں ختم بخاری شریف اورد ستار بندی کی تقریب
بروز منگل6 رجب المرجب1430ھ جامعہ میں ختم صحیح بخاری اور فضلا ئے دورہٴ حدیث کی دستار بندی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ یہ پروگرام حسب سابق کسی پیشگی اعلان واطلاع کے بغیر اچانک شروع ہوا، صبح ساڑھے نو بجے جامعہ میں اس کے آثار محسوس ہونا شروع ہوئے اور 11بجے حضرت شیخ الحدیث مولانا سلیم الله خان صاحب حفظہم الله ورعاہم کا درس شروع ہوا ،اس مختصر سے وقت میں بھی عوام وخواص کا اتنا بڑا مجمع جمع ہو گیا تھا کہ تل دھرنے کی جگہ نہ تھی۔ تقریب میں تلاوت قرآن مجید کے علاوہ نعتوں، نظموں اور جامعہ کے ترانوں میں طلبہ نے اپنی طالبعلمانہ کاوشیں پیش کیں، حضرت مدظلہم نے فرمایا اس سال طلبہ دورہٴ حدیث کی بڑی تعداد نہایت مستعد اور باصلاحیت تھی ان کی صلاحیتوں کو دیکھ کر بڑا اطمینان رہا۔ علاوہ ازیں حضرت نے موجودہ نامساعد حالات میں نہایت احتیاط کی ضرورت پر زور دیا اور طلبہ سے فرمایا کہ یا تو کسی دورہٴ قرآن کریم میں شریک ہوں یا تبلیغی جماعت کے ساتھ نکل کر ایمان وعمل کی عملی مشق کریں یا جامعہ میں مجوزہ دورہٴ تدریب اللغة العربیہ میں ، یا کسی دورہٴ صرف ونحو میں شامل ہوں اور یا پھر سیدھے گھر جائیں ۔ تاکہ کہیں وہ کسی کے ہاتھ نہ لگ جائیں اور دشمن ان کی کسی حرکت سے غلط فائدہ نہ اٹھائیں ۔درس کے اختتام پر طلبہ کی دستار بندی شروع ہوئی جس میں جملہ اساتذہ حدیث نے حصہ لیا۔ دورے کے ایک ہونہار طالب علم نے صحیح بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھی اور نہایت خوب صورت خطبے سے حاضرین کے دل موہ لیے۔ 
حضرت شیخ مدظلہم کی دیگر مصروفیات 
متأثرین سوات کے لیے جہاں دیگر ادارے اور تنظیمیں اپنی اپنی بساط کے مطابق سرگرم میں وہیں جامعہ فاروقیہ کراچی کے اساتذہ حضرت مولاناولی خان صاحب اور حضرت مولانا عبدالستار صاحب بھی اس خدمت میں مصروف ہیں، چناں چہ بدھ7 رجب کو حضرت شیخ مدظلہم متاثرین مالاکنڈ (سوات، دیر، بونیر) کی عارضی اقامت واعانت کے لیے قائم مرکز، مصطفی مسجد، قصبہ کالونی تشریف لے گئے۔ آپ کے ہمراہ آپ کے صاحبزادے حضرت مولانا عبیدالله خالد صاحب مدظلہم، استاذ حدیث جامعہ حضرت مولانا محمد یوسف افشانی، ناظم تعلیمات جامعہ حضرت مولانا خلیل احمد، حضرت مولانا عبد الرزاق، حضرت مولانا نورالبشر اور مولانا نو رالمتین بھی تھے ، حضرت شیخ اور آپ کے رفقاء نے یہاں ناشتہ بھی فرمایا اور متاثرین کی مدد کے لیے سر گرم ٹیم کو ہدیہٴ، تبریک وتحسین پیش کیا اور ان کے لیے دعائیں فرمائیں آپ نے فرمایاخلق خدا کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے اور یہاں اس کام میں قبولیت کے آثار نمایاں طور پر محسوس ہو رہے ہیں۔ اس کار خیر کے منتظمین مولانا ساجد الله اور حضرت مولانا ولی خان المظفر نے حضرت شیخ اور دیگر مشائخ کو کار گزاری سنائی اور ان کا شکریہ ادا کیا، یہاں بڑی تعداد میں علماء کرام کی موجودگی میں حضرت کے اعزاز میں ایک نظم بھی پیش کی گئی ۔
سفر ملتان
جمعرات8 رجب المرجب صبح حضرت مدظلہم ملتان تشریف لے گئے جہاں آپ نے نصابی کمیٹی میں شرکت اور اس کی صدارت فرمائی رات کو آپ واپس تشریف لائے۔
جامعہ فاروقیہ ، کراچی کی تعارفی سی ڈی
بروز جمعہ3 جولائی بعد مغرب جامعہ فاروقیہ فیزII میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں حضرت شیخ الجامعہ مدظلہم اور اساتذہ جامعہ نے شرکت کی۔
اس تقریب کا موضوع دراصل وہ سی ڈی تھی جس میں جامعہ فاروقیہ ، کراچی کا تعارف، خدمات ، عزائم اور مستقبل کے منصوبوں کا ذکر کیا گیا ہے ، ذمہ داران جامعہ کی خواہش تھی کہ اساتذہ جامعہ کے سامنے اسے پیش کیا جائے تاکہ ان سے بھی اس سلسلے میں وقیع آراء حاصل کی جاسکیں، یاد رہے کہ اس سی ڈی میں جاندار کی ہر طرح تصویر سے اجتناب کیا گیا ہے۔بعد ازاں کھانے میں حاضرین نے شرکت فرمائی۔
سالانہ امتحانات
بروز ہفتہ10 رجب جامعہ میں غیر وفاقی درجات کا سالانہ امتحان شروع ہوا جو ایک ہفتہ جاری رہنے کے بعد جمعرات 16 رجب کو ختم ہو گیا۔

Flag Counter