Deobandi Books

ماہنامہ الحق اگست 2017 ء

امعہ دا

3 - 65
بسم اللہ الرحمن الرحیم
نقش آغاز	
      مولانا راشد الحق سمیع 

قانون مکافات عمل اورمجرم نواز شریف کی 
کوچہ اقتدار سے بے دخلی 

افسوس! میاں نواز شریف کو اللہ تعالیٰ نے پاکستانی عوام کی خدمت کا موقع تین دفعہ عطا کیا لیکن میاں صاحب نے حسب سابق اپنی پرانی آمرانہ روش ہر دفعہ برقرار رکھی اور مملکت خداداد پاکستان کی خالق اور دائیں بازو کی علمبردار پاکستان مسلم لیگ نے اسلامی نظام کی تنفیذ میں کوئی دلچسپی نہیں لی بلکہ سودی نظام کو تحفظ دینے کے لئے اعلیٰ عدالتوں میں شریعت کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ،شریعت بل کو سینٹ میں منظوری کے باوجود میاں صاحب نے قومی اسمبلی میں اصل روح کے ساتھ پاس ہونے سے روکے رکھااوراس کے ساتھ ایسا مذاق کیا جس کی توقع اور جرات ہندوستانی حکمران بھی نہیں کرسکتے تھے،پھر پنجاب بھر میں علماء طلبا اوردینی مدارس کے خلاف کاروائیاں جاری رکھیں، ممتاز قادری کو شہید کرنے کی جرات آصف علی زرداری نے بھی نہیں کی، لیکن میاں صاحب نے فخریہ انداز میں یہ کام بھی کرڈالا ،مجاہدین اور اسلام پسندوں کے خلاف ان کی دور ِ حکومت میں سفاکانہ کاروائیاں جاری رہیں۔افغانستان میں مجاہدین کے خلاف امریکی غلامی میں جنرل مشرف کے ریکارڈ بھی توڑ ڈالے لیکن جب اللہ کی لاٹھی پڑتی ہے تو پھر صبح انسان ایوان اقتدار میں متمکن ہوتا ہے اور شام کو ذلت ورسوائی کا ٹیکہ ماتھے پر لگا کر اسی محل سے بے عزتی کیساتھ نکالا جاتا ہے۔میاں صاحب اپنی ہی حکومت میں تماشہ بن گئے ہیں،عنقریب یہ ایک بار پھر حسب سابق بھاگنے کی تیاریوں میں ہیںلیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ پاکستان کے متفقہ آئین کے اہم ترین اسلامی دفعات 62-63 کو آئین سے نکالنا چاہتا ہے او راس کے ساتھ ساتھ آئین کے کئی متعدد اہم شقوں کو بھی تبدیل کرنا چاہتا ہے لیکن اس کا یہ شیطانی خواب ان شا ء اللہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچے گا او ریہ خود قدرت کے انتقام کا نشانہ مزید بننے جارہا ہے۔نواز شریف کی نااہلی کے  خلاف قلم اٹھایا تھا لیکن اتفاق سے اٹھارہ برس قبل کا اداریہ نگاہوں سے گزرا تو حیرت زدہ رہ گیا کہ میاں صاحب پہ مزید نیا کچھ لکھنا وقت کے ضیاع کے مترادف ہے ،میاں صاحب اٹھارہ برس قبل بھی اپنی انہی حماقتوں اور جرائم کی بناء پر کوچہ اقتدار سے زندان کی سلاخوں اور ذلت ورسوائی کے اندھیروں میں کھو گئے تھے۔پھر قدرت نے انہیں موقع دیا اور یہ ایک بار پھر انہوں نے اَنَا رَبُّکُمُ الْاَعْلٰی کا نعرہ لگایا اور خداوند قہار نے فوراً ہی اِِنَّ بَطْشَ رَبِّکَ لَشَدِیْدٌ کی پکڑ میں لپیٹ لیا 
 فاعتبروایا اولی ابابصار


Flag Counter