علم کیا ہے؟
جتنے دین کے شعبے ہیں، دعوت الی الله کی آمدنی ہے۔ لوگ اپنی آمدنی کو سنبھال کر رکھتے ہیں۔ یہ تو ہو نہیں سکتا کہ دعوت الی الله کا کام ہو اور دین کے شعبے مقصود نہ ہوں۔ یہ ایسا ہے کہ کوئی آدمی تجارت کرے اور کہے کہ مجھے آمدنی مقصود نہیں ہے یا آمدنی کو ضائع کردے۔……… حضرت مولانا محمد سعد کاندھلوی (امیر تبلیغ)
پاکستان علماء اور مدارس کا چمن
زِندگی کے ہر شعبے کو حکم پر لاوٴ، حکم پر اُس وقت آسکو گے، جب ہر شعبہ کا علم حاصل کرو گے۔ جتنی جہالت ہوگی، اُتنا ہر شعبہ غیروں کے طریقوں پر جائے گا۔ اللہ نے تمہیں علم اور علماء کا ملک عطا فرمایا ہے۔ کیسا مدارِس کا چمن یہ ملک ہے۔ اِس پر جتنا شکر کرو، کم ہے۔ کس طرح اللہ نے بڑے بڑے علماء کرام اور مفتیانِ عظام تمہیں دِیے ہیں۔ خدا نہ کرے، خدا نہ کرے، اگر ان سے اِستفادہ کا عزم نہ کیا اور ان سے تعلق قائم نہ کیا تو یہ بہت بڑی ناشکری ہوگی اور بہت بڑی نعمت کو ٹھکراوٴ گے، کیوں کہ دُنیا میں ایسے ایسے ممالک بھی ہیں، جہاں پورے ملک میں کوئی کلمہ سکھانے وَالا اور کوئی مسائل بتانے وَالا نہیں ہے۔ اللہ نے تمہیں علماء اور مدارِس کا ملک عطا فرمایا ہے۔
علم اور علماء سے نفرت کرنا کفر ہے
اِس لیے بار بار عرض کرتا رہتا ہوں کہ علماء کی زیارَت کو عبادَت یقین کرو۔ علماء کی صحبت کو اپنی اوّلین ضرورت سمجھو۔ علماء سے محبت کرنا، علم سے محبت کرنا ہے۔ اور علماء سے نفرت کرنا، علم سے نفرت کرنا ہے۔ اور علم سے نفرت کرنا اور نماز سے نفرت کرنا برابر ہے اور نماز سے نفرت کرنا کفر ہے، کفر ہے، کفر ہے۔
علم کی فرضیت
خدا کی قسم علم اسی طرح فرض ہے، جس طرح نماز فرض ہے۔ ہر موٴمن مرد و عورت کے ذمے علم کا حاصل کرنا اسی طرح فرضِ عین ہے، جس طرح نماز کا پڑھنا فرضِ عین ہے۔ مدارِس کی طرف رُخ کرو اور اپنے بچوں کو دِینی مدارِس میں داخل کرو۔
ہر وہ عمل اللہ کے یہاں قبول ہوگا جو علم کے مطابق ہو۔ اتنا اِیمان کا سیکھنا ہر موٴمن کے ذمے فرضِ عین ہے کہ جو اس کو اللہ کی پہچان کرائے۔ اسی طرح اتنا علم سیکھنا ہر موٴمن کے ذمے فرضِ عین ہے جو اس کو حرام حلال کی تمیز کرادے۔ ہاں محدث بننا، فقیہ بننا، مفسر بننا یہ فرضِ کفایہ ہے۔ یہ ہر ایک کے ذمے فرض نہیں ہے۔ علماء کی مجالس اور علماء کی صحبت سے فائدہ اُٹھاوٴ۔ قدم قدم پر علماء سے پوچھ کر چلو۔ اس خیال میں نہ رہنا کہ میں تو بظاہر جو کررہا ہوں، ٹھیک ہی کر رہا ہوں۔ یاد رکھو کہ اللہ کے یہاں کوئی عمل جہالت کے ساتھ قبول نہیں ہوگا اور نہ جاننا اللہ کے یہاں عذر نہیں ہے کہ یا اللہ! مجھے تو معلوم نہیں تھا۔
جہالت عذر نہیں ہے۔ چوں کہ اللہ نے سکھانے کے لیے رسول کو بھیج دیا، ﴿أَوَلَمْ نُعَمِّرْکُم مَّا یَتَذَکَّرُ فِیْہِ مَن تَذَکَّرَ وَجَاء کُمُ النَّذِیْر﴾․(فاطر:37)
”کیا ہم نے تمہیں اتنی عمر نہیں دی تھی جس میں وہ شخص سمجھ سکتا تھا جو سمجھنا چاہتا اور تمہارے پاس ڈرانے والا آیا تھا“۔ یہاں تک کہ میرے دوستو، کوئی عمل اخلاص کے ساتھ بھی علم کے بغیر قبول نہیں ہوگا۔ ایک آدمی بڑا مخلص ہے، لیکن جہالت کے ساتھ عمل کر رہا ہے تو اللہ کے یہاں قبول نہیں ہوگا۔
ہر نئی معلومات علم نہیں ہے
سب سے پہلے یہ سمجھو اور اُمت کو سمجھاوٴ کہ علم کیا ہے؟ اہل باطل نے دھوکہ دہی سے مسلمانوں کو یہ سمجھایا کہ ”اگر تم نے صرف قرآن اور حدیث کو علم سمجھا تو تم بہت پیچھے رہ جاوٴ گے، تمہیں دنیا میں کوئی پوچھنے والا نہ ہوگا۔ صرف قرآن و حدیث علم نہیں ہے، بلکہ سائنس بھی علم ہے، ڈاکٹری بھی علم ہے، انجینئرنگ، تجارت، دنیا کی خاک چھاننا اور اسباب کی تحقیق کرنا یہ بھی علم ہے۔ تم صرف قرآن و حدیث ہی کو علم نہ سمجھنا۔“ یہ میں وہ بات کہہ رہا ہوں جو غیروں نے ہمیں سکھلائی ہے۔ میرے دوستو، عزیزو، آج اس بات کا سمجھانا بڑا جہاد ہے۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اس زمانے میں نوجوانوں کے دماغوں میں یہ بات بیٹھ گئی ہے کہ صرف قرآن و حدیث علم نہیں، بلکہ دنیوی فنون اور اس کی معلومات کا حاصل کرنا بھی علم کا حصہ ہے، لہٰذا جس علم سے ہمارا معاش متعلق ہے، اس علم کو اہم درجہ دینا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ اولاد سترہ اٹھارہ بیس پچیس سال تک پہنچ جاتی ہیں، انہیں کچھ خبر نہیں کہ اللہ ہم سے کیا چاہتا ہے اور کو ن سا علم ہم پر فرض ہے؟ چوں کہ انہیں یہ سمجھا دیا گیا کہ علم معاش کے حصول سے تمہاری زندگی متعلق ہے اس لیے وہی علم ہے اور وہ یہ نہیں دیکھتے کہ معاش سے متعلق جو نام نہاد علم مجھ پر فرض کیا جارہا ہے۔ یہ ایسا اندھا کنواں ہے کہ جس میں سمجھ دار بھی ڈوب رہے ہیں اور ناسمجھ بھی۔ یہاں تک کہ موت آجاتی ہے اور بے دینی کی حالت میں دنیا سے رخصت ہوجاتے ہیں۔ ہائے افسوس!
میرے دوستو، عزیزو! باطل نے اپنے فنون کو علم قرار دے کر اُمت مسلمہ کو علم سے کاٹ دیا ہے اور یہ باور کرادیا کہ جو چاہو، سیکھو، سب علم ہے۔
نہیں، ہرگز نہیں! علم صرف وہ ہے جو اللہ ہم سے چاہتے ہیں اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے سے چاہتے ہیں․․․ صرف وہ علم ہے۔ سارا علم قبر کے تین سوالات پر محدود ہے: ”من ربک، من نبیک، ما دینک․“گویا کہ علم نام ہے: ”ربوبیت کا علم، شریعت کا علم اور سنت کا علم“ ،جو کچھ اس کے سوا ہے وہ علم نہیں ہے اور اس پر علم کی حدیثوں کو فٹ کرنا بڑی حماقت ہے۔
دنیوی فنون کی رغبت کے لیے احادیث علم کا استعمال گمراہی ہے
یہ تو گم راہی ہے کہ دنیوی فنون کے لیے علم کی احادیث کو اِستعمال کرکے دنیوی فنون کی رغبت پیدا کی جائے۔ یہ بڑی گم راہی ہے۔ اس سے بھی بڑھ کر موجودہ زمانہ کا سب سے بڑا فتنہ یہ کہنا ہے کہ ”جدید آلات و اسباب نے علماء سے مستغنی کردیا۔“
اس لیے میں بار بار کہتا رہتا ہوں کہ علم علماء کی صحبت سے حاصل کرو۔ آج لوگ کہتے ہیں کہ آلات و اسباب نے علماء سے مستغنی کردیا کہ ہم توعلم خود ہی حاصل کرلیں گے کہ اب تو سارا علم آلات پر آگیا ہے، کیا ضرورت ہے علماء کی؟ یہ اس زمانے کا سب سے بڑا فتنہ ہے کہ اُمت کو اپنی دینی رہبری کے لیے علماء کی ضرورت نہ رہے۔ اِس لیے میں اہتمام سے کہہ رہا ہوں کہ علماء کی زیارت کو عبادت یقین کرو اور اپنی اولاد کو دِینی مدارِس میں دَاخل کرو، وَرنہ میرے دوستو، عزیزو، اُمت اس دھوکے میں پڑ چکی ہے کہ بھئی! سب کچھ علم ہے، جو چاہو سیکھو۔ نہیں، ہرگز نہیں! علم صرف وہ ہے جو حضرت محمد صلى الله عليه وسلم کے طریقے پر اللہ ہم سے چاہتے ہیں۔ صرف اس کو ”علم“ کہتے ہیں۔ غیروں کے تجربات کو علم سمجھنا سب سے بڑی جہالت ہے۔
نئی پود کی جہالت کی وجہ
اس بات کو تسلی، سنجیدگی اور بہت ہی ٹھنڈے دماغ سے سمجھنا ہوگا۔ میں نئی پود کی جہالت کی وجہ بتارہا ہوں کہ اگر ان کو یہ سمجھا دیا جاتا کہ یہ (قرآن وسنت) علم ہے، وہ (عصری ذرائع) فن ہے، تب بھی معاملہ آسان تھا کہ یہ دونوں چیزوں کو حاصل کرلیتے، دنیوی فنون کو اپنی دنیوی ضرورت کے لیے اور علم اِلٰہی کو دنیا اور آخرت میں کام یابی کے لیے۔ لیکن مشکل یہ ہے کہ ان کو صرف اتنا ہی نہیں سمجھایا گیا یہاں تک سمجھادیا گیا، کہ جو علم اِلٰہی ہے، وہ علماء سے متعلق چیز ہے۔ وہ علماء سمجھتے ہیں سمجھاتے ہیں، ہم سے متعلق جو علم ہے، یہ تو دنیا کا علم ہے۔
اپنی جہالت کا احساس کب ہوگا؟
جب تک علم اور فن ان دونوں کے درمیان فرق نہیں کیا جائے گا، اُس وقت تک اپنی جہالت کا احساس نہیں ہوگا اور علم اِلٰہی کے حاصل کرنے کی فکر اور رغبت نہیں پیدا ہوگی۔ یہ بات اچھی طرح یاد رکھیے کہ علم صرف وہ ہے جو ہم سے ہمارا رب چاہتا ہے۔ حضرت مولانا محمد یوسف صاحب رحمة اللہ علیہ فرماتے تھے کہ علم میں لگنا اس بات کی توفیق میں لگنے کو کہتے ہیں کہ ہم سے ہمارا رب کیا چاہتا ہے؟ مخلوق ہم سے کیا چاہتی ہے؟ اس میں لگنے کو تو کہیں بھی علم نہیں کہا گیا۔
اگر دُنیو ی فنون کو علم سمجھا ہے تو وہ صرف قارون نے سمجھا تھا، اسی قارونیت پر ہم سب چل رہے ہیں، کیوں کہ جب اس سے یہ کہا گیا کہ یہ اللہ نے تجھے جو کچھ دیا ہے، اس میں دارِ آخرت کی جستجو کرتا رہ اور دنیا میں سے اپنا حصہ فراموش مت کر اور اس میں اللہ کے حکم کے مطابق چل :﴿وَابْتَغِ فِیْمَا اٰتٰکَ اللّٰہُ الدَّارَ الْاٰخِرَةَ وَلَا تَنْسَ نَصِیْبَکَ مِنَ الدُّنْیَا﴾ تو اُس نے کہا کہ یہ سب کچھ مجھے میرے علم کی وجہ سے دیا گیا ہے:﴿قَالَ اِنَّمَآ اُوْتِیْتُہ عَلٰی عِلْمٍ عِنْدِیْ‘﴾ جس علم کو قارون علم کہہ رہا ہو، اس کو ہم بھی علم کہیں، یہ ہماری جہالت نہیں ہوگی تو پھر کیا ہوگا؟ قارون کا یہ کہنا کہ ﴿اِنَّمَآ اُوْتِیْتُہ عَلٰی عِلْمٍ عِنْدِی﴾ یہ بتلارہا ہے کہ یہ قارون کا علم ہے، کسی نبی کا علم نہیں کہ جو کچھ مال میرے پاس ہے، یہ میں نے اپنے فن اور علم سے کمایا ہے۔ یہ اللہ نے نہیں دیا ہے۔ ہمیں علم اور فن میں فرق کرنا ہوگا، تاکہ ہمارے دلوں میں اس علم کی اہمیت پیدا ہو، جس کو اللہ نے ہم پر فرض کیا ہے، جس کو علم شریعت کہتے ہیں۔
ہم دنیوی فنون کی تحصیل سے نہیں روکتے
ہم دنیوی فنون سیکھنے سے نہیں روکتے، بالکل نہیں روکتے۔ یہ ایک ضرورت ہے۔ البتہ جس چیز کی جتنی اہمیت ہے، اسے اس کے درجے میں رکھنا چاہیے، لیکن دنیوی فنون کو حاصل کرنے کے لیے ان حدیثوں کا استعمال، جو محض علم اِلٰہی کے لیے ہیں، یہ انتہائی بے وقوفی کی بات ہے۔
توریت کے مطالعے پر نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا غصہ
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو ایک بار یہ خیال پیدا ہوا کہ ہمیں یہ بھی تو معلوم کرنا چاہیے کہ ہم سے پہلے نبیوں پر کیا احکامات نازل ہوئے تھے؟ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کو توریت اور انجیل پڑھنے کا شوق پیدا ہوا اور کچھ اوراق ہاتھ میں لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے حاضر ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا، یہ ہاتھ میں کیا ہے؟ یا رسول اللہ! میں نے توریت پڑھی ہے تاکہ ہماری معلومات میں اِضافہ ہو کہ اللہ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام پر کیا احکامات نازل کیے تھے؟، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے اس عمل پر اتنا غصہ آیا کہ آپ صلی الله علیہ وسلم منبر پر تشریف فرما ہوئے اور صحابہ رضی اللہ عنہم جمع ہوگئے۔ اتنا آپ کو غصہ تھا کہ انصار تلواریں لے کر آگئے کہ آپ کو کس نے ستایا ہے؟ سارا غصہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ پر تھا کہ ”عمر نے توریت کیوں پڑھی ہے؟ جو قرآن میں لے کر آیا ہوں، جو علم سنت اور طریقت و شریعت میں لایا ہوں، کیا عمر کی نجات کے لیے یہ کافی نہیں ہے؟“ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لو کان موسیٰ حیاً لما وسعہ الا اتباعی․“ (مشکوٰة کتاب الایمان، باب الاعتصام بالکتاب و السنة، الفصل الثانی، ج:۱، ص:30۔ قدیمی) اگر آج موسیٰ زندہ ہوکر آجائیں تو ان کی نجات بھی میرے طریقہ پر ہے۔ اگر تم نے اب موسیٰ کا طریقہ اختیار کیا تو گم راہ ہوجاوٴ گے۔
بہت خطرے کی بات
آپ غور کریں اور اندازہ کریں کہ ایک اتنا بڑا عالم (عمر رضی اللہ عنہ) کہ جن کا مقام یہ ہے کہ ”لو کان بعدی نبیا لکان عمر“ کہ میرے بعد اگر نبوت کا دروازہ کھلا ہوتا تو عمر نبوت کی استعداد رکھتے ہیں۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ سب سے زیادہ اللہ کی کتاب کو سمجھنے والے تھے۔ اس درجے کا صحابی سب کچھ سیکھنے کے بعد توریت پڑھ رہا ہے۔ توریت بھی وہ پڑھی، جو غیر تحریف شدہ، پہلے نبی کا علم شریعت تھا، اللہ کی طرف سے ایک نبی پر نازل ہوا تھا۔ اُس پر بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اتنا غصہ آیا کہ آنکھیں سرخ ہوگئیں۔ آپ اندازہ کریں کہ جو علم علم تھا، لیکن اب منسوخ ہوگیا، اس کی تحصیل کی خواہش پر حضرت عمر پر آپ کو اتنا غصہ آیا تو جو علم سرے سے علم ہی نہیں، دنیوی فن ہے، اگر مسلمان اس زمانے میں علم الٰہی سے جاہل ہوکر اسے حاصل کر کے اپنے آپ کو عالم سمجھیں اور علم کی حدیثیں اس پر فٹ کریں تو ایسے لوگوں پر قیامت کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کس قدر غصہ آئے گا؟ اندازہ کرلیا جاوے۔
دعوت کے ذریعہ ایمان کی طرح علم کی بھی ضرورت ہے
ہمیں جس طرح دعوت سے اِیمان کی ضرورت ہے، اسی طرح دعوت کے ذریعہ سے علم کی بھی ضرورت ہے اور علم کو بھی اخلاص چاہیے، جو ہمارے دلوں میں اللہ کا خوف پیدا کرے، کیوں کہ جس دل میں اللہ کا خوف نہیں ہے، وہ عالم نہیں ہوسکتا۔ اسے اسلام کی معلومات ضرور ہوں گی، لیکن وہ عالم نہیں ہوسکتا۔
عالم وہ ہے جس کے دل میں اللہ کا خوف ہو
عالم کے لیے تو شرط ہے کہ اس کے دل میں اللہ کا خوف ہو، کیوں کہ اللہ نے حصر کے ساتھ فرمادیا: ﴿انما یخشی اللّٰہ من عبادہ العلماء﴾علم تقویٰ کا نام ہے، علم زندگی کے تمام شعبوں میں چوبیس گھنٹے اللہ کے حکموں کا پابند ہوکر چلنے کا نام ہے۔ فرمایا علم دو قسم کا ہے: ”العلم علمان، علم فی القلب، فذاک العلم النافع، وعلم اللسان، فذاک حجة اللّٰہ لابن آدم․“ علم دو قسم کا ہے، ایک زبان کا اورایک دل کا۔ زبان کا علم وہ ہے حدیث میں آتا ہے جو انسان کے لیے قیامت کے دن مصیبت بنے گا، اس کے خلاف حجت بنے گا اور دل کا علم وہ ہے جو ابن آدم کو نفع دے گا، علم کا تقاضا یہ ہے کہ اس کے ذریعہ اللہ کا خوف پیدا ہو، علم کے ذریعے خشیت پیدا ہو۔ وہ علم الٰہی ہے۔ سب سے بڑا عالم وہ ہے جو اللہ سے سب سے زیادہ ڈرنے والا ہو۔ اس لیے ایک صحابی رضی اللہ عنہ نے عرض کیا، یارسول اللہ! سب سے بڑا عالم بننا چاہتا ہوں۔ فرمایا ”اتق اللّٰہ تکن اعلم الناس“ کہ تقویٰ اختیار کرو، تم سب سے بڑے عالم ہوجاوٴ گے۔علم اللہ کی صفت ہے وہ اللہ سے تعلق کے بقدر حاصل کیا جاتا ہے۔
اللہ والا علم علماء کے پاس امانت ہے
اللہ والا علم ہر عالم کے پاس امانت ہے۔ امانت پہنچانے والا معاوضہ نہیں لیا کرتا یہ تو اس کے ذمے ہے، جس طرح ڈاکیا ڈاک پہنچاتا ہے، اس کی تنخواہ حکومت کے ذمے ہوتی ہے، اسی طرح میرے دوستو! عالم کا معاوضہ اللہ کے ذمہ ہے۔
جب اُمت میں دین سیکھنے کے لیے خرچ کرنے کا جذبہ نہ رہے تو اب علماء پر ذمہ داری ہے کہ اُمت کو ہر حال میں دین سکھلایا جائے اور اس کا معاوضہ نہ لیا جائے:﴿لااسئلکم علیہ مالا، لااسئلکم علیہ اجرا﴾ علم پہنچاوٴ، اُمت کی امانت سمجھ کر۔ لیکن کسی غلط فہمی میں نہ رہیے کہ اگر کسی کو دین پھیلانے، قرآن سکھلانے اور علم سکھلانے کی تنخواہ ملتی ہے تو یہ اس کے پڑھانے کا ہرگز بدل نہیں ہے، بلکہ یہ اس مشغلہ کا بدل ہے، جس مشغلہ کو چھوڑ کر یہ عالم دین کی خدمت میں لگا ہوا ہے اور وہ عالم بھی اس کو دینی خدمت کا بدل کبھی نہ سمجھے۔ علم سکھلانے کا کوئی بدل نہیں سوائے جنت کے۔ ظاہر بات ہے، یہ ایک انسان ہے۔ اس کے ساتھ ضروریات لگی ہوئی ہیں۔ اس کو دنیا میں کوئی مشغلہ بھی کرنا تھا، تجارت بھی کرنی تھی۔ لیکن اس نے تجارت اور دیگر معاشی کاموں کو چھوڑ کر بچوں کو پڑھانے میں اپنا وقت لگایا تو یہ اُس مشغلہ کا بدل ہے، جس کو چھوڑا گیا ہے۔
اگر علم اسباب پر موقوف ہوگیا تو․․․
آج کتنا پیسہ شادیوں پر خرچ ہورہا ہے؟ لیکن علم کے حصول پر خرچ کے لیے ہم تیار نہیں۔ تو جہالت کیسے ختم ہوگی؟ اور بغیر جہالت کے ختم ہوئے عبادت قبول ہے نہ اعمال․․․ کچھ قبول نہیں۔ علم حاصل کرو، تاکہ عبادتیں کامل ہوجائیں۔ عبادت کا کمال علم سے ہے۔ عبادت پر استقامت یقین سے ہے اور عبادت کی قبولیت اخلاص سے ہے۔
اگر علم اسباب پر موقوف ہوگیا تو امت کا بڑا طبقہ جاہل رہے گا، کیوں کہ وہ بھی جاہل رہیں گے جن کے پاس سیکھنے کے اسباب نہیں اور وہ بھی نہیں سکھلائیں گے جن کو معاوضہ نہ ملے۔ اجرت تو اس وقت کی ہے جو وقت تعلیم کے لیے فارغ کیا گیا ہے۔
علماء کی ذمے داری
علماء کی ذمے داری بھی بتلادی۔ علماء کیا کہتے ہیں کہ ”جی جاہل تو سیکھتے ہی نہیں، آتے ہی نہیں ہمارے پاس کہ ہم سکھلاویں!“ نہیں میرے دوستو! حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ علماء جاہلوں کو دین سکھائیں، علماء جاہلوں کی تربیت کریں اور اُن کو دِین پر آمادَہ کریں اور علماء عوام کو دِین کی تعلیم دیں۔ صحابہ رضی اللہ عنہم کے لیے تو یہ بہت بڑی بات تھی۔ چوں کہ جس بات کو محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زبان مبارک سے فرمادیا ہے اس کا جو اثر اس وقت تھا، قیامت تک کے لیے اس کا وہی اثر ہے۔ یہ بات نہیں ہے کہ وہ سیکھنے آئیں تو سکھلادیں گے۔ عرض کیا، یارسول اللہ! وہ ہم سے سیکھتے ہی نہیں، ہم کیا کریں؟ آپ صلی اللہ نے کوئی جواب نہیں دیا، بلکہ اپنی بات کو دہرایا۔ مطلب یہ تھا کہ اگر وہ سیکھنے نہیں آتے تو میرے تمہارے ذمہ ہے کہ ان کو جاکر سکھائیں۔
تبلیغ اور تعلیم میں کوئی فرق نہیں ہے
اس لیے تبلیغ اور تعلیم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ آنے والوں کو سکھانا بھی شعبہ ہے اور جاکر سکھانا بھی شعبہ ہے۔ آپ نے تو ایک آیت کی تبلیغ کا بھی حکم دیا ہے۔ جاکر تعلیم دو، یہ تبلیغ ہے۔ آنے والوں کو تعلیم دو، یہ تعلیم ہے۔ حضرات صحابہ رضی اللہ عنہم دونوں کاموں میں برابر لگے رہتے تھے۔
علماء انبیاء کے وارث کیوں ہیں؟
یاد رکھنا کہ علماء کو انبیاء کا وارث اُس طریقہٴ تعلیم کے ساتھ قرار دیا گیا ہے جو طریقہٴ تعلیم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ رضی اللہ عنہم کا تھا کہ وہ تعلیم نقل و حرکت کے ساتھ ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ علماء اپنے کام چھوڑ کر نکلیں، امامت، خطابت، درس و تدریس، تصنیف و تالیف اور شعبہ افتاء چھوڑ کر نکلیں۔ نہیں، ہم یہ نہیں کہتے، کیوں کہ اللہ تعالیٰ بھی یہی فرمارہے ہیں، اللہ نے یہ فرمایا ہے کہ ایمان والوں کو چاہیے کہ سب یک بارگی نہ نکلیں:﴿ماکان الموٴمنون لینفروا کافة﴾ کہ ایمان والوں کے لیے مناسب نہیں ہے کہ سب یک بارگی نکل جاویں:﴿فَلَوْلَا نَفَرَ مِنْ کُلِّ فِرْقَةٍ مِّنْھُمْ طَآئِفَةٌ لِّیَتَفَقَّھُوْا فِی الدِّیْنِ وَلِیُنْذِرُوْا قَوْمَھُمْ اِذَا رَجَعُوْٓا اِلَیْھِمْ لَعَلَّھُمْ یَحْذَرُوْنَ﴾․
ایسا کیوں نہیں کرتے کہ ایمان والوں کی جماعت کا ایک حصہ اللہ کے راستے میں نکلے۔ کیوں نکلیں؟دیکھو عجیب بات ہے اس آیت میں فرمایا ہے:﴿لیتفقہوا فی الدین﴾دین میں کمال اور سمجھ پیدا کرنے کے لیے نکلیں۔ لازم ہے کہ واپس آکر مقام پر علم کو پھیلائیں۔ آپ صلى الله عليه وسلم نے ”علماءِ صحابہ رضی اللہ عنہم“ کو حرکت پر رکھا تھا، تاکہ اُمت میں کہیں بھی جہالت پیدا نہ ہو اور علم صرف طلب والوں کے اندر محدود نہ ہوجائے کہ یہ پڑھنے کے لیے آئے ہیں، پڑھ لیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے علم کی مثال بادل سے دی ہے اور بادل میں حرکت ہے۔ آپ علمائے کرام تو ہلکی بات کرنے لگے ہیں کہ بھئی! ہم تو کنواں ہیں، پیاسا کنویں کے پاس آتا ہے، کنواں پیاسے کے پاس نہیں جایا کرتا۔ نہیں۔ ہرگز نہیں، ایسی بات نہیں ہے، علماء کو انبیاء کا وارث قرار دیا گیا ہے اور انبیاء نے نقل و حرکت کے ذریعے علم کو پھیلایا ہے اور علم کی مثال بادل سے دی ہے۔ جو زمین کسی قابل نہیں، جس زمین میں اگانے کی صلاحیت نہیں، اس پر بھی بادل برستا ہے۔ اپنے علم کو لے کر حرکت میں آوٴ کہ اُمت کو علم پہنچانا ہے اور دعوت سے اپنے علم کے اندر رسوخ پیدا کرنا ہے۔
دعوت کی محنت کا مقصد اُمت سے جہالت کو ختم کرنا ہے
علم کی دعوت کے ذریعے جہالتیں ختم ہوں گی اور اُمت علماء سے جڑے گی۔ اس محنت کا مقصد جہالت کو ختم کرنا ہے، یہ محنت تو اُمت میں علم کے حصول کی طلب پیدا کرتی ہے۔ جب یہ محنت ہوگی تو یہ احساس ہوگا کہ ہمیں علماء کی ضرورت ہے۔ علماء کی صحبت و مجالست اختیار کرنے کی ضرورت ہے اور یہی اس دعوت کا مقصود و مطلوب ہے۔
تمام دنیوی شعبوں میں دین کیسے زندہ ہوگا؟
میرا تو بہت جی چاہتا ہے کہ علماء آدھے دن دینی کاموں میں لگیں اور آدھے دن تجارت بھی کریں۔ حضرت ابو بکر و حضرت عمر دینی کاموں کے ساتھ ساتھ تجارت بھی کیا کرتے تھے۔
ساری دنیا ہوجاہلوں کے ہاتھ میں اور ہم یہ سمجھیں کہ ہمارا کام صرف پڑھانا ہے۔ آج ہم نے سارا بازار اور ساری تجارت جاہلوں کے حوالے کردی ہے۔ جب تک ہم تجارتوں، زراعتوں، حکومتوں کو اور دنیا جہان کے تمام سرمایہ داری کے نقشوں کو یہ سمجھ کر چھوڑے رکھیں گے کہ یہ ہمارے کرنے کا کام نہیں ہے تو خدا کی قسم، اس میں کبھی دین نہیں آسکتا۔ کیسا مزا آئے کہ ایک عالم آدھے دن پڑھاتا ہو اور آدھے دن خود عملی طور پر بازار جاکر دیکھے کہ جو علم میں پڑھا رہا ہوں، اس کے مطابق تجارت ہورہی ہے یا نہیں؟ یہ کتنے بڑے نقصان کی بات ہے کہ ایک آدمی تجارت کا علم حاصل کرے اور اس کے محلہ کا بازار علم کے مطابق نہ ہو۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو جو حرام راستے کی کمائیاں ہیں وہ سب علم و عمل کو لے ڈوبیں گی۔ حضرت مولانا محمد اِلیاس صاحب رحمة اللہ علیہ فرماتے تھے کہ ”ہم تجارت چھڑانا نہیں چاہتے، بلکہ تجارت کو حکم الٰہی پر لانا چاہتے ہیں۔ ورنہ وہ ہوگا جو قوم شعیب کے ساتھ ہوا۔“ حکم پر لانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ عملی طور پر ان شعبوں کا علم لے کر ان میں داخل ہوں۔
دین کے کسی شعبے کا انکار محمد ا کے لائے ہوئے احکامات کا انکار ہے
اللہ نہ کرے، اللہ نہ کرے کہ دین کے کسی شعبے کا انکار یا اس کا استخفاف یا اس کی افادیت سے انکار کہ مثلاً مدارس سے کیا ہوگا؟ یہ بھی ایک مرض اور بیماری پیدا ہوگئی ہے لوگوں میں۔ غور سے سن لو، جو اس کام میں رہتے ہوئے دین کے کسی شعبے کا انکار کرے، خدا قسم! وہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دو کاموں میں سے ایک کا انکار کر رہا ہے، پکی بات ہے، بالکل سچی بات ہے۔
کیوں کہ اس کام کو کسی خیر کے کام کے معارض سمجھنا یہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے کاموں میں سے ایک کام کو دوسرے کے معارض سمجھنا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سب سے بڑی صفت ”صفت جامعیت“ ہے۔ یہ جامعیت اپنے اندر پیدا کرو، کیوں کہ اس محنت سے پورا دین وجود میں آتا ہے، اس لیے حرام حرام ہے۔ ہمارے لیے یہ سوچنا کہ ”اِس شعبے سے کیا ہوگا، اُس شعبہ سے کیا ہوگا؟“
جتنے دین کے شعبے ہیں، یہ دعوت کی آمدنی ہے۔ لوگ اپنی آمدنی کو سنبھال کر رکھتے ہیں کہ دعوت کی محنت سے لوگوں میں علم کی طلب پیدا ہو، مساجد قائم ہوں، مدارس قائم ہوں، تربیت گاہیں قائم ہوں، دین کے تمام شعبے وجود میں آنے ہیں دعوت کے کام سے۔ یہ تو ہو نہیں سکتا کہ دعوت کا کام ہو اور دین کے شعبے مقصود نہ ہوں۔ یہ ایسا ہے کہ کوئی آدمی تجارت کرے اور کہے کہ مجھے آمدنی مقصود نہیں ہے یا آمدنی کو ضائع کردے۔ وہ کیسا بے وقوف آدمی ہوگا؟ لوگوں کو اپنی آمدنیوں سے ایسی محبت ہوتی ہے کہ وہ اس کو خون پسینا کہتے ہیں کہ یہ میرا خون پسینا ہے۔
دعوت سے دین کے سارے شعبے زندہ ہونے ہیں۔ میری یہ بات یاد رکھنا کہ یہ شعبے اس وقت تک قائم رہیں گے جب تک دعوت کی نقل و حرکت قائم رہے گی۔ آپ ذرا پچھلا زمانہ اُٹھاکر دیکھیں، ساری تاریخ اس کی گواہ ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ہر صحابی کو معلم بنایا تھا: ﴿بلغوا عنی ولو آیة﴾ جب علم نقل و حرکت سے الگ ہوجائے گا تو عام اُمت میں جہالت پھیل جائے گی اور علم اُمت کے ایک محدود طبقے کی چیز بن کر رہ جائے گا۔ اگر علم کے بغیر نقل و حرکت ہے تو جاہلانہ نقل و حرکت ہوگی۔ حضرت مولانا محمد اِلیاس صاحب رحمة اللہ علیہ فرماتے تھے کہ میرا دل یہ چاہتا ہے کہ جتنی جماعتیں نکلیں، ان میں ایک عالم ہو اور ایک قاری ہوتاکہ نکلنے والے قرآن سیکھ کر آئیں۔
(نوٹ: یہ تحریر مولانامحمدسعد کاندھلوی کے رائے ونڈ اجتماع بابت 11…12…13 اور 2014ء کے بیانات سے ماخوذ ہے۔ محمد زین العابدین، کراچی)