مبصر کے قلم
ادارہ
مجلہ صفدر کا فتنہ غامدی نمبر (جلداول)
مدیر: حمزہ احسانی
صفحات:600 سائز:20x26=8
ناشر: جامعہ حنفیہ ، امداد ٹاؤن، شیخوپورہ روڈ، فیصل آباد، دارالامین، لاہور
مجلہ صفدر کے مدیر اعلیٰ مولانا جمیل الرحمن عباسی، مدیر مسئول مولانا احسن خدامی اورمدیر جناب حمزہ احسانی صاحب ہیں، آخر الذکر دونوں حضرات، حضرت مولانا سرفراز خان صفدر کے پوتے اور حضرت مولانا قاضی مظہر حسین صاحب کے نواسے ہیں۔ مجلہ صفدر کے اغراض ومقاصد میں مسلک اہل السنة والجماعة علماء دیوبند کی اشاعت وحفاظت اور فرق باطلہ ضالہ کا تعاقب شامل ہے۔ مغرب اور یہود ونصاری کی اسلام دشمن پالیسیوں اور اغراض و اہداف کو مسلم معاشرے میں پذیرائی دلانے کے لیے طاقت وغلبے سے مرعوب ایک طبقہ حقائق کو مسخ کرتے ہوئے ہر اس قول وفعل کو اسلامیانے کے چکر میں پریشان وسرگردان رہتا ہے جو مغرب کی طرف سے اسلامی شعائر اور احکامات کے خلاف آیا ہو، یہ طبقہ اسلام کی حقیقی روح اور احکام ومسائل کو مسخ کرکے یہود ونصاری اور مغرب کے ہاں مقبول وپسندیدہ اسلام کی جدید شکل وصورت اور نئی تعبیر کا خواہاں ہے، دور حاضر میں اس سلسلیکا نمایاں نام جاوید احمد غامدی، ان کے پیروکاروں اور ہمنواؤں کا ہے ، مجلہ صفدر نے اپنے اغراض ومقاصد کے پیش نظر باطل عقائد ونظریات کے حامل اس فرقے اور فتنے کے تعاقب اور رد کے لیے جو ن2015ء کے شمارے کو بطور خاص نمبر کے شائع کیا ہے جس میں اکابر، بزرگوں اور ممتاز مقام ومرتبہ رکھنے والے اہل علم وقلم کے مضامین شامل ہیں، یہ خاص نمبر دراصل دو جلدوں میں شائع ہو گا اور اس وقت اس کی جلد اول منظر عام پر آئی ہے۔ رسالے کے مدیر نے دونوں جلدوں کے مضامین کا تعارف کراتے ہوئے لکھا ہے کہ:
”اس پہلی جلد میں حیات عیسیٰ، جہاد، گستاخ رسول کی شرعی سزا، قادیانیت وغامدیت، أصول تفسیر، تصورِ سنت، قرآت قرآن، تصوف وسلوک، حجیت اجماع، سزائے رجم، غامدی وعمار، نظریہ سیاست، جدت پسندی اور دینی مدارس وغیرہ عنوانات پر مضامین شامل ہیں ۔… جب کہ تصورِ سنت، حجیت حدیث، تصویر، موسیقی، مرتد اور شراب نوشی کی سزا، وراثت، بیمہ، أصول فطرت، داڑھی، اتمام حجت، مسئلہ تکفیر، اجتہاد، تقلید، زکوٰة، مسجد اقصیٰ کی تولیت اور ظہورِ امام مہدی وغیرہ موضوعات سے متعلق مضامین اِن شاء الله دوسری جلد میں شائع کیے جائیں گے۔ اسی طرح اکابر اہل علم کے مسلکی تصلب اور دینی غیرت وحمیت کے مزید منتخب نمونے، ”جدید مفکرین کے طریقے “ نامی مضمون کا دوسرا حصہ ، غامدی دستور پر مفصل بحث، عمارخان کے نام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہم کا جواب”ناصحانہ مکتوب“ ، غامدی سے متعلق استفتاء کے تفصیلی حوالہ جات اور دیگر مضامین دوسری جلد میں شائع کیے جائیں گے ۔ حدیث سبعة احرف پر مفصل بحث، بعض مفتیان کے مفصل فتاویٰ جات، غامدی صاحب کے تضادات، غامدی صاحب اپنے تلامذہ کی نظر میں، غامدی صاحب کے رد میں لکھے گئے معتمداہل علم کے مضامین وکتب کی فہرست وغیرہ بھی قارئین دوسری جلد میں ملاحظہ فرما سکیں گے۔ ان شا ء الله۔
ہم نے متعدد اہل علم وقلم سے غامدی مذہب پر ” مختصر تبصرہ“ کی گذارش کی تھی، جس کے جواب میں موصول ہونے والے تاثرات”غامدی فتنہ میری نظر میں!“ نامی مضمون میں شامل ہیں۔ جو حضرات تاحال اپنے تاثرات ارسال نہیں فرماسکے، ان کے تاثرات یا مضامین ومقالات بھی یکم اگست2015ء تک موصول ہونے کی صورت میں دوسری جلد میں شائع ہو سکیں گے۔“
فتنہ غامدی نمبر کی اس پہلی جلد کے مضامین کو سات ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے ، باب اول آغاز سخن کے عنوان سے ہے، باب دوم تحریرات اکابر، باب سوم ( تجدد پسندوں کے) قلمی وعلمی فتنے، باب چہارم (جاوید احمد غامدی) تعارف وپس منظر، باب پنجم( غامدی) افکار کا تحقیقی محاسبہ، باب ششم غامدی مذہب کا عمومی جائزہ او رباب ہفتم فتاوی جات کے عنوان سے ہے، فتنہ غامدی نمبر کی اس پہلی جلد کے صفحات600 ہیں جب کہ عام قارئین کے لیے اس کی قیمت 200 مقرر کی گئی ہے اوررسالے کے معیار وحجم کے پیش نظر یہ نہایت کم قیمت ہے۔
مجلہ صفدر کی اس خصوصی اشاعت کے ذریعے فتنہ غامدی پر اکابر اور ممتاز اصحاب علم وفضل کی طرف سے لکھا جانے والا قدیم وجدید مواد یکجا ہو جائے گا اور اس طرح عوام وخواص کو اس فتنے کی حقیقت، شرانگیزی اور مضر اثرات سے آگاہی حاصل کرنا آسان ہو گا۔ امید ہے کہ یہ خصوصی اشاعت اس فتنے کے سدباب کے لیے ایک نمایاں کاوش کا کام دے گی اور اس کے شر سے پریشان حال اہل علم اور عوام کی تسکین کا باعث ہو گی جب کہ ان لوگوں کی امیدوں پر پانی پھر جائے گا جوپردوں میں رہتے ہوئے اس فتنے کی آبیاری کے لیے صبح وشام اور دن ورات ایک کیے ہوئے ہیں۔
مجلہ صفدر کی اس خصوصی اشاعت کی طباعت واشاعت میں معیار وسلیقے کا خیال رکھا گیا ہے جس کی جھلک کمپوزنگ، کاغذ، جلد بندی اور ٹائٹل میں نمایاں نظر آتی ہے۔
10 روزہ فہم رمضان کورس
مرتب: مفتی منیر احمد
صفحات:164 سائز:20x30=8
ناشر: معہد العلوم الاسلامیہ، کراچی
ماہ رمضان کے مسائل واحکام او راعمال وآداب کو سیکھنے کے لیے یہ کتاب جامعة العلوم الاسلامیہ کے فاضل او رمعہد العلوم الاسلامیہ کے استاد مولانا مفتی منیر احمد نے مرتب کی ہے ، جس میں استقبال رمضان، حقوق رمضان، اعمال رمضان، مسائل رمضان اور عید کے عنوانات سے ابواب قائم کیے گئے ہیں، اعمال رمضان میں تین عشروں کے الگ عنوانات قائم کرکے ہر عشرے کے اعمال کو مرتب انداز میں پیش کیا گیا ہے، ہر درس کے آخر میں مشقیں بھی دی گئی ہیں، اس کورس کو پڑھ اور سیکھ کر رمضان وروزہ او راعتکاف وعید کے احکام ومسائل سے آگاہی آسانی سے حاصل ہو سکے گی، اس طرح رمضان شریف کو اعمال وآداب میں مصروف ہو کر گزارنے اور اس مقدس مہینے میں الله تعالیٰ کی رحمتوں سے مستفید ہونے کے لیے یہ کتاب ایک راہ نما کا کام دے سکے گی۔
اس کتاب کی طباعت واشاعت درمیانے درجے کی ہے۔
نیکی کی کہانی
مرتب: نذیر انبالوی
صفحات:112 سائز:23x36
ناشر: مکتبہ ذوق وشوق، گلشن اقبال ،کراچی
یہ ایک ناول ہے جو بچوں کی درست نہج پر تعلیم وتربیت کے لیے ماہنامہ”تعلیم وتربیت“ لاہور کے مدیر نذیرانبالوی نے مرتب کیا ہے اور ماہنامہ ذوق وشوق نے اسے شائع کیا ہے، نیشنل بک فاؤنڈیشن نے 2007 میں اس کتاب کو سند سے بھی نوازا ہے ۔ مرتب نے اس کے بارے میں بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے:
” اچھے بچو! آپ کسی ایسی جگہ کھڑے ہو ں جہاں سے دو راستے نکلتے ہوں۔ ایک راستے پر خوش بو، خوب صورتی، سکون، امن اور راحت ہو جب کہ اس کے مقابل دوسرے راستے پر بد بو، بدصورتی، بے چینی، بدامنی اورتکلیف ہو۔ آپ کو اختیار دیا جائے کہ دونوں میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کر لیں تو آپ کس راستے کا انتخاب کریں گے؟
اس کتاب میں انھی دو راستوں کی کہانی ہے جن میں سے ایک نیکی نگر اور دوسرا بدی پورہ کی طرف جاتا ہے ۔ بدی پورہ سے جھوٹ، نفرت، گھمنڈ، حسد، حرام اور بے ایمانی انسانوں کو ورغلانے کے لیے آتے ہیں جب کہ نیکی نگر سے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے سچ، محبت، عاجزی، رشک، حلال اورایمان داری آتے ہیں۔ ان اچھائیوں اور برائیوں سے ہر انسان کو واسطہ پڑتا ہے، جو باکردار ہوتے ہیں ان برائیوں کو شکست دے کر فاتح بن جاتے ہیں۔“
بچوں کی تعلیم وتربیت کے حوالے سے یہ ناول ایک اچھی کاوش ہے جو بچوں کے لیے فکر وعمل کی درستگی کے حوالے سے مفید ثابت ہو گی۔
یہ کتاب معیاری طباعت واشاعت کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔