Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق رجب المرجب 1436ھ

ہ رسالہ

16 - 16
مبصر کے قلم سے

ادارہ
	
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)

تذکرة العطاء
مرتب: مولانا سید محمد زین العابدین
صفحات:400 سائز:23x36=16
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی

مولانا عطاء الرحمن شہید جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن کے استاذ حدیث، ناظم تعلیمات اور ہر دلعزیز شخصیت تھے، و ہ27/ جمادی الاولیٰ1433 ہجری بمطابق20/اپریل2012ء بروز جمعہ، شام چھ بج کر چالیس منٹ پر طیارہ حادثہ میں اپنی ہمشیرہ اور معاون خاص مولانا مفتی محمد عرفان حمید میمن سمیت اسلام آباد کے قریب شہید ہو گئے۔ زیر نظر کتاب آپ کے تذکرہ سوانح پر مشتمل ہے، جسے جامعة العلوم الاسلامیہ علامہ بنور ی ٹاؤن کے فاضل مولانا سید محمد زین العابدین نے مرتب کیا ہے ، کتاب کے مضامین کو کئی بڑے عنوانات میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں ”تاثرات“، ”سوانح حیات“، ”حصہ عربی“، ”ملفوظات“، ”منظوم خراج عقیدت“، ”اخبارات ومجلات کی نظر میں“ اور”عالم گیر خراج عقیدت“ جیسے عنوانات شامل ہیں آخر میں” شہید راہ وفا“ کے عنوان سے آپ کے سفر وحضر کے خادم اور معاون خاص مولانا مفتی محمد عرفان حمید میمن شہید کا تذکرہ شامل کیا گیا ہے۔ اس میں ”ماہنامہ بینات“ کے خصوصی نمبر کے مضامین،اخباری مضامین، اداریے، شذرے اور مختلف اکابر سے مضامین لکھوا کر بھی شامل اشاعت کیے گئے ہیں، اس طرح اس کتاب میں حضرت کی شہادت پر لکھی گئی تقریباً تمام تحریر یں یکجا کر دی گئی ہیں جن میں احباب ومتعلقین کے احساسات وتأثرات، سوانح وحالات زندگی، دینی وملی خدمات اورحضرت شہید کی گونا گوں دیگر خصوصیات وامتیازات کا تذکرہ آجاتا ہے۔ کتاب کے مرتب مولانا سید محمد زین العابدین آفریں کے مستحق ہیں کہ انہوں نے اپنے استاد محترم کے حالات زندگی کو کتابی صورت میں پیش کیا ہے اور آئندہ نسلوں کی راہنمائی کے لیے انہیں محفوظ کر لیا ہے۔ الله تعالیٰ صاحب سوانح اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے دیگر تمام حضرات کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے او رہمیں ان قدسی صفات نفوس کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی توفیق سے نوازے۔

کتاب کا ٹائٹل دیدہ زیب، کاغذ عمدہ اور طباعت واشاعت میں معیار کا خیال رکھا گیا ہے۔

معلم الحجاج
تالیف: حضرت مولانا مفتی سعید احمد مظاہری 
صفحات:578 سائز:20x30=8
ناشر: مکتبہ رشیدیہ، سرکی روڈ، کوئٹہ، بلوچستان

حضرت مولانا مفتی سعید احمد مظاہری مظاہر العلوم سہارن پور کے صدر مفتی اور صدر مدرس رہے ہیں او رکئی مایہ نازکتابوں کے مؤلف ہیں۔ زیر نظر کتاب ”معلم الحجاج“ بھی آپ کی ایک قابل قدر تالیف ہے، جو مسائل حج وعمرہ پر ایک جامع، معتبر ،مستند اور مقبول ترین کتاب ہے اور ا س میں مسائل حج وعمرہ کے علاوہ زیارت حرمین شریفین کے مسائل واحکام اور آداب وسنن کو خوب صورت، مرتب اور سہل وآسان انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کا زیر نظر ایڈیشن جامعہ فاروقیہ کراچی کے فاضل ومتخصص مولانا عبیدالله کی تخریج وتحقیق کے ساتھ شائع ہوا ہے اور اس میں درج ذیل امور کا خیال رکھا گیا ہے۔
1..ہر آیت کی تخریج کی گئی ہے۔
2..ہر حدیث کی اصل عبارت نقل کرکے راوی، کتاب، باب اور رقم الحدیث ذکر کیے گئے ہیں۔
3..ہر مسئلہ کی تخریج کی گئی ہے۔
4..ہر مسئلہ کی تخریج میں کم از کم دو حوالوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
5..علامات ترقیم کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
6..ہر حوالہ میں اصل عبارت، کتاب ، باب، فصل، صفحہ اور مکتبہ ذکر کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
7..کتاب کے مختلف مقامات پر حضرت مفتی صاحب اور حضرت مولانا شیر محمد کے حواشی ہیں، تقریباً تمام حواشی کی بھی تخریج کی گئی ہے۔
8..قاری کی سہولت کے لیے حواشی کے لیے یہ بریکٹ﴿﴾ اور عام تخریج کے لیے چھوٹی بریکٹ() لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
9..کوشش کی گئی ہے کہ ہر مسئلہ کی تخریج متعلقہ صفحہ میں درج کی جائے۔
10..بعض ناشرین نے اصل متن میں ذاتی تصرف کرکے جگہ جگہ مختلف عبارات اور دعاؤں کے درمیان مختلف اسماء کا اضافہ کیا تھا اس تخریج شدہ ایڈیشن میں ان تمام تصرفات کو حذف کیا گیا ہے۔
11.. دور حاضر کے حالات کے پیش نظر حجاج کرام کی سہولت کی خاطر اردو فتاوی سے حج اور عمرہ کے جدید مسائل کو جمع کرکے” معلم الحجاج“ کے آخر میں بطور ضمیمہ شامل کیا گیا ہے۔

تخریج وتحقیق کے اس کام نے کتاب کو مزید جامع ومدلل بنا دیا ہے اور اس کی وجہ سے اہل علم حضرت کے لیے اصل مصادر ومراجع کی طرف رجوع سہل وآسان ہو گیا ہے۔ کتاب کے اس تخریج شدہ ایڈیشن پر دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی کے رکن رکین حضرت مولانا مفتی عبدالباری صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی تقریظ بھی ہے جس میں اس علمی کاوش کو سراہا گیا ہے۔”پیش لفظ“ میں ” معلم الحجاج“ سے متعلق ”فتاوی محمودیہ“ کے حوالے سے ایک خواب ذکر کیا گیا ہے جس میں کمپوزنگ کی غلطی سے لفظ”کی“ کے اضافے کی وجہ سے خواب کا مفہوم تبدیل ہو گیا ہے۔ اسی طرح فہرست مضامین میں ایک صفحہ پیسٹنگ کی غلطی سے الٹا اور کتاب کا صفحہ305 خالی چھپ گیا ہے۔ آئندہ ایڈیشن میں ان امور کی اصلاح کر لینی چاہیے۔

یہ کتاب متوسط کاغذ وطباعت کے ساتھ مکتبہ رشیدیہ کوئٹہ سے شائع کی گئی ہے۔

سفر کے آداب او رمسنون دعائیں
سفر کے آداب او رمسنون دعاؤں سے متعلق جیبی سائز کا یہ رسالہ جناب سید شاہد حسین صاحب نے مرتب کیا ہے ۔ رسالے کے صفحات56 ہیں اور حسین پبلشرز کراچی سے شائع کیا گیا ہے۔

بیماریوں سے شفایابی کا مسنون طریقہ
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس کتابچے میں روحانی وجسمانی بیماریوں سے شفاء وحفاظت کے لیے قرآن وحدیث سے ثابت شدہ مختلف دعاؤں کو جمع کیا گیا ہے۔ یہ رسالہ بھی جیبی سائز کا ہے اور سید شاہد حسین صاحب نے مرتب کیا ہے۔ رسالے کے صفحات چالیس ہیں او رحسین پبلشرز کراچی سے عمدہ ورنگین کاغذ پر چھاپاگیا ہے۔

پریشانیوں کا حل کامل توبہ واستغفار
96 صفحات کے اس رسالے میں جناب سید شاہد حسین نے پریشانیوں اور مختلف مسائل کے حل کے لیے قرآن وحدیث سے کلمات استغفار کو جمع کر دیا ہے، یہ رسالہ بھی جیبی سائز کا ہے۔ مذکورہ بالا تینوں رسائل پر حضرت صدر وفاق زید مجدہم کی تقریظ اور دارالافتاء جامعہ فاروقیہ کراچی کی تصدیق بھی ہے، جس میں ان رسائل کے متعلق فرمایا گیا ہے کہ:

” محترم جناب سید شاہد حسین صاحب نے استغفار کے متعلق قرآن وسنت سے دعاؤں کو یکجا کرکے ”پریشانیوں کا حل! کامل توبہ واستغفار“ کے نام سے مجموعہ مرتب کیا ہے، رسالے کے آخر ی حصے میں ان گناہوں کی فہرست ذکر کی گئی ہے جو عام طور پر ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں تاکہ توبہ واستغفار کے ساتھ ان گناہوں سے بھی بچا جائے، نیز” سفر کے آداب اور مسنون دعاؤں“ کو جمع کرکے دوسرا مجموعہ بھی تیار کیا ہے، اسی طرح بیماریوں سے ”شفایابی کا مسنون طریقہ“ کے نام سے ایک تیسرا رسالہ بھی ترتیب دیا ہے۔

یقینا تمام رسائل اس قابل ہیں کہ آدمی ان کو سفر وحضر میں اپنے پاس رکھ کر ان میں مذکور دعاؤں اور اورادکے پڑھنے کا اہتمام کرے۔ الله تعالیٰ کی رحمت کاملہ سے قوی امید ہے کہ ان دعاؤں کی برکت سے جسمانی امراض سے بھی حفاظت ہو جائے گی اور گناہوں سے بچنے کی توفیق بھی ملے گی۔ امید کی جاتی ہے کہ تمام مسلمان ان سے استفادہ کریں گے۔

الله تعالیٰ فاضل مرتب کی مساعی جمیلہ کو قبول فرمائیں اور ان رسائل کو ان کے لیے بھی اور ہمارے لیے بھی آخرت کا ذخیرہ بنائے۔ آمین“

یہ کتابچہ بھی اعلیٰ ورنگین کاغذ پر حسین پبلشرز کراچی نے شائع کیا ہے۔

Flag Counter