تبصرہ کتب
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
خطبات الأحکام
تالیف: حضرت مولانا اشرف علی تھانوی
صفحات:544 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبہ عمر فاروق، شاہ فیصل کالونی، کراچی
حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی رحمة الله علیہ نے ”خطبات الاحکام“ کے نام سے سال بھر کے جمعات کے لیے خطبوں کا ایک مجموعہ تیار کیا تھا، جو پچاس خطبوں پر مشتمل ہے، جامعة الرشید کے استاد مولانا مفتی احسان الله شائق نے خطباء کی آسانی کے لیے ہر خطبے کی مناسبت سے ایک تقریر مرتب کی ہے جواس خطبے میں موجود آیات واحادیث کی تفسیر وتشریح پر مشتمل ہوتی ہے اور اس طرح پچاس خطبات کے ساتھ پچاس تقریر یں بھی تیار کر لی گئیں اور ان کا نام ”خطبات الاحسان“ رکھا گیا ، چناں چہ پیش لفظ میں وہ لکھتے ہیں:
”ایک عرصہ سے یہ خیال دل میں گردش کرتارہا ہے کہ حضرت حکیم الامت قدس الله سرہ کے ”خطبات الاحکام“ میں جو پچاس عربی خطبات ہیں انہی خطبات کو موضوع بناکر ان میں موجود آیات واحادیث کی تفسیر وتشریح ، موقع محل کے مناسب کوئی واقعہ، دینی مسائل او راس موضوع کی مناسبت سے موزوں اشعار پر مشتمل تقریر کا مجموعہ تیار ہو جائے تاکہ خطباء کرام چند منٹوں میں اپنے لیے موضوع کا انتخاب کرکے تقریر دیکھ لیں اور مدلّلو مفصل تقریر امت مسلمہ کے سامنے پیش کرنے پر قدرت حاصل کر لیں ، چناں چہ اس خیال کو عملی جامہ پہناتے ہوئے قلم اٹھایا، الحمدلله پچاس تقریریں تیار ہوئیں ۔ اب اس کتا ب کو سامنے رکھتے ہوئے ہر خطیب آسانی کے ساتھ قرآن وحدیث ، فقہی مسائل اور مستند واقعات واشعارپر مشتمل تقریر پر قادر ہوں گے ۔ اس مجموعہ کا نام ” خطباتِ احسان“ رکھا گیا ہے، کیوں کہ زیادہ تر خطبات میں سلوک واحسان، ترکِ گناہ، اصلاح معاشرہ اور اخلاقِ حسنہ اختیار کرنا اور حسد وکینہ وغیرہ سے اجتناب کرنے کا ذکر ہے اور ہر تقریر کے ساتھ حضرت تھانوی رحمہ الله کا متعلقہ عربی خطبہ بھی موجود ہے، جس موضوع پر تقریر کریں اسی موضوع پر عربی خطبہ بھی پڑھیں ، ان شاء الله تعالی لوگوں پر زیادہ اثر ہو گا۔ نیز ان پچاس خطبوں میں آخر کے دس خطبے سال کے مختلف مہینوں سے متعلق ہیں، موقع محل کی مناسبت سے یہ تقریریں انہی مہینوں میں کریں اور خطبے بھی پڑھے جائیں، اس طرح ان شاء الله تعالیٰ اور زیادہ اثر ہو گا۔“
کتاب کا ورق عمدہ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
حج وعمرہ کے جدید اور ضروری مسائل
حج وعمرہ کرنے والے حضرات کی راہ نمائی کے لیے یہ کتابچہ مولانا محمد اصغر کرنالوی نے مرتب کیا ہے، جو حج وعمرہ کے ضروری اور جدید مسائل پر مشتمل ہے ۔ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر شیر علی شاہ نے اس پر تقریظ لکھی ہے اور مؤلف کی اس کاوش کو سراہا ہے۔ یہ کتابچہ ایک سو بیس صفحات پر مشتمل ہے اور مکتبة الارشاد، کراچی سے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع ہوا ہے۔
”إنالله وإنا إلیہ راجعون“ سکون دل کا قرآنی نسخہ
یہ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب کا ایک بیان ہے جس میں ”إنالله وإنا إلیہ راجعون“ کی روشنی میں سکون دل اور صبر حاصل کرنے کا آسان طریقہ بیان کیا گیا ہے ۔ محمد عدنان مرزا نے اسے مرتب کیا ہے اور یہ رسالہ عوام وخواص سب کی راہ نمائی کے لیے یکساں مفید ہے۔ 32 صفحات کے اس رسالے کو مکتبة الایمان کراچی نے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ چھا پا ہے۔
قرآن کیا کہتا ہے؟
یہ مضمون دراصل ایک تربیتی نشست میں کی گئی ،تقریر ہے جو ضروری ترتیب کے بعدرسالے کی شکل میں پیش کی گئی ہے اور اس میں قرآن مجید کے پانچ اہم موضوعات عقائد، عبادات، معاملات، اخلاقیات اور تاریخ پر گفت گو کی گئی ہے۔
یہ سید عزیز الرحمن کی کاوش وپیش کش ہے اور32 صفحات کے اس رسالے کو زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، ناظم آباد نمبر4، کراچی نے کارڈ ٹائٹل کے ساتھ شائع کیا ہے۔
اصلاحی خطبات (جلد نمبر19)
افادات: مولانا مفتی محمد تقی عثمانی…مرتب: مفتی محمد عبدالله میمن
صفحات:296 سائز:23x36=16
ناشر: میمن اسلامک پبلشرز، لیاقت آباد نمبر1، کراچی
حضرت مولانا محمد مفتی تقی عثمانی صاحب کے اصلاحی خطبات اپنی افادیت کی وجہ سے عوام وخواص میں جو قبولیت حاصل کر چکے ہیں وہ محتاج بیان نہیں۔ اس میں مختلف موضوعات او رمختلف مواقع پر کیے گئے بیانات کو مرتب کرکے کتابی صورت میں پیش کیا جاتا ہے ۔ زیر نظر کتاب اس کی انیسویں جلد ہے اور اس میں درج ذیل عنوانات کے بیانات کو مرتب کرکے شامل کیا گیا ہے۔ توہین رسالت اسباب اور سدباب، زبان ورنگ ونسل کی بنیاد پر کسی کو نقصان پہنچانا جائز نہیں؟ موجودہ پر آشوب دور میں علماء کی ذمے داریاں، موسیقی اور ٹی وی چینلز کا فساد، اسلام اور مغربیت کے درمیان خلیج او راس کو پاٹنے کی ایک کوشش، دارالعلوم دیوبند میں مفتی محمد تقی عثمانی مدظلہم کا اہم خطاب، ماحولیاتی آلودگی اور اس کے اسباب ، آں حضرت صلی الله علیہ وسلم کا انداز تعلیم وتربیت او راس کے انقلابی اثرات، دینی مدارس کیا ہیں ؟ مسلمانان عالم کی پستی کے دو سبب، طلباء دورہٴ حدیث سے الوداعی نصیحتیں، قرآن کریم کی تعلیم عظیم خدمت ہے ، دین کی دعوت دینے کا طریقہ، بیت الله کی تعمیر اورحضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا، اپنی غلطی کا اعتراف کیجیے۔
کتاب میں صفحہ نمبر263 سے 278 تک کے عنوانات کی فہرست موجود نہیں ہے لہٰذا آئندہ ایڈیشن میں ان عنوانات کو فہرست میں شامل کر لینا چاہیے، الله تعالیٰ صاحب خطبات او رمرتب کی اس کاوش کو قبول فرما کر نجات اور مسلمانوں کی اصلاح کا ذریعہ بنائے۔
کتاب کی طباعت واشاعت معیاری ہے۔
خوشبوئے رسول حضرت صلی الله علیہ وسلم
تالیف: مولانا محمد احسان الله فاروقی
صفحات:214 سائز:23x36=16
ناشر: مکتبة الحسیب، وڈالہ سندھواں، تحصیل ڈسکہ، ضلع سیالکوٹ، پنجاب
زیر نظر کتاب میں خوشبو کے حوالے سے نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم کا معطر تذکرہ پیش کیا گیا ہے اور واقعات وروایات کو جمع کرکے مختلف پہلوؤں سے گفت گو کی گئی ہے، مثلاً آپ کا نام، اعضاء وجوارح، اعمال واخلاق، بدن، سانس، چہرے، ہاتھ، لعاب، زلفوں، داڑھی، پسینہ، بغلوں، خون، نعلین، سواری، مدینہ، حوض کوثر، ریاض الجنة او ران کے علاوہ دیگر ان مختلف چیزوں کا تذکرہ جن کا تعلق آپ کی ذات گرامی سے تھا او راس نسبت کی وجہ سے ان سے خوشبو چھلکتی تھی، نیز کتاب کے آخر میں بعض ان بزرگوں اور شہداء کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا ہے جن کی قبروں سے وفات کے بعد خوشبو مہکتی رہی کہ یہ بھی در حقیقت آپ کا ہی معجزہ اور آپ کے امتی ہونے کی نسبت کی برکت ہے۔ کتاب میں محبت وعقیدت کا والہانہ طرز واسلوب اختیار کیا گیا ہے۔ الله تعالیٰ مؤلف کی اس کاوش کو قبول فرماکر دارین میں نجات وسرخروئی کا ذریعہ بنائے۔
یہ کتاب سبز رنگ کے رنگین کاغذ پر معیاری طباعت کے ساتھ شائع کی گئی ہے۔