Deobandi Books

ماہنامہ الفاروق صفر المظفر 1435ھ

ہ رسالہ

1 - 13
حق کے خلاف باطل کی ایک سازش

مولانا عبید اللہ خالد
	
دس محرم الحرام35ھ کو راولپنڈی میں جو خوف ناک، درد ناک اور ہولناک سانحہ پیش آیا اس سے ہر ہر پاکستانی واقف ہو چکا ہے۔ اپنے دور کے عظیم اور جلیل القدر عالم مولانا غلام الله خان نورّالله مرقدہ کے قائم کردہ دارالعلوم تعلیم القرآن پر نماز جمعہ کے دوران منصوبہ بند شرپسندوں نے جس طرح حملہ کیا ، نہتے اور معصوم بچوں سمیت نمازیوں کو جس بے دردی سے شہید کیا گیا، قرآن کریم اور احادیث رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو جس طرح پامال کیا گیا، اس کی مثالیں کم ہوں گی۔ جلوس کے شرکا نے مدرسے کا پاس کیا اور نہ مسجد کی حرمت کا احترام۔

جو کچھ ہوا، خود میڈیا اور دیگر شواہد سے یہ بات عیاں ہوئی ہے کہ اس میں انتظامیہ کی ملی بھگت شامل تھی اس بنا پر یہ کہنا بالکل بجا ہے کہ یہ سانحہ ایک حادثہ نہیں ، گھناؤنی سازش ہے جو ہمیشہ کی طرح اہل حق کو دبانے دھمکانے کے لیے تیار کی گئی۔

علمائے حق اور حق کی آواز بلند کرنے والے مدارس کے خلاف ایسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے اور ہمارے اسلاف ان سازشوں اور فتنوں کا سامنا کرتے رہے ہیں ۔ زیادہ دُور کی بات نہیں، جامعہ حفصہ اور لال مسجد کا سانحہ اس سے کہیں دل دوز اور الم ناک ہے لیکن یہ حقیقت بھی عیاں ہے کہ حق کے دشمن اگرچہ سب سے زیادہ ہوتے ہیں حق کے خلاف سازشیں بُننے والے ہی ایڑی چوٹی کا زور لگاتے ہیں مگر الله کا منصوبہ یہ ہے کہ حق کو دبانے کی ہر سازش اور ہر منصوبہ بندی کے بعد حق مزید ابھرتا ہے۔ چناں چہ ہماری زرین تاریخ اس پر شاہد ہے کہ علمائے حق کو تہہ تیغ کیا گیا، انہیں شہید کیا گیا، بدنام کیا گیا لیکن حق کی آواز کو کبھی دبایا جاسکا اور نہ ختم کیا جاسکا۔

آج حق کو جاننے پہنچاننے والے مسلمانوں کی تعداد پہلے سے کہیں زیادہ ہے ، الله کے نام لیواؤں اور خاتم الانبیاء صلی الله علیہ وسلم کے چاہنے والوں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ ہو رہا ہے بلکہ اطاعت الہٰی اور پیروی نبوی صلی الله علیہ وسلم کا جذبہ فروتنی ہے۔

سانحہ راولپنڈی سے اگرچہ اہل حق کے دل غم زدہ ہوئے اور اسلام دشمنوں کا چہرہ مزیدکُھل کر سامنے آگیا لیکن اسی کے ساتھ الله کی ذات سے یہ یقین بھی وابستہ ہے کہ وہ ان قربانیوں کے نتیجے میں حق کو مزید بلند اور دلوں میں مزید پیوستہ کرے گا۔

ہم سانحہ راولپنڈی کے شہدا کے لیے دعا گو ہیں اور متاثرین کے لیے الله سے دست بہ دعا ہیں کہ وہ انہیں بہترین بدل عطا فرمائے۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے جو آواز اٹھائی ہے، ادارہ الفاروق کراچی بالخصوص صدر وفاق المدارس اور مہتمم جامعہ فاروقیہ شیخ الحدیث حضرت مولانا سلیم الله خان صاحب دامت برکاتہم العالیہ، اساتذہ جامعہ، طلباء جامعہ اور کارکنان جامعہ اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ۔ ہم الله سے یہ بھی دعا کرتے ہیں کہ اے الله سانحہ راولپنڈی کے متاثرین کو بہترین جزاء عطا فرما اور اس کے اصل مجرموں کو نشانہٴ عبرت بنا دے۔ آمین!

Flag Counter