اجلاس صد سالہ دیوبند کے سلسلہ میں تگ ودو
یکم ربیع الثانی: مولانانے مولانا عبیداللہ صاحب ومولانا فضل الرحیم جامعہ اشرفیہ لاہو رکی معیت میں اسلام آباد میں وزارت داخلہ اوروزارت مذہبی امور کے حکام سے اجلاس صد سالہ دیوبند کے لئے جانے والے پاکستانی علماء اورشائقین کو پاسپورٹ کی فراہمی کے سلسلہ میں فوری سہولت مہیاکرنے کیلئے ملاقاتیں کیں اوراب تک جمع ہوجانے والے افراد کی لسٹ فراہم کی ۔
مولانا درخواستی کی آمد
٢ربیع الثانی: حضرت مولانا عبداللہ درخواستی مدظلہ دارالعلوم تشریف لائے نمازعشاء کے بعد دارالحدیث میں طلباء سے خطاب فرمایا انہوں نے جناب حاجی شیرافضل خان مرحوم صدر تعمیر ی کمیٹی دارالعلوم کی تعزیت فرمائی اوررات ان کے ہاں بدرشی میں قیام فرمایا۔
افغان مہاجرین کی کیمپوں کادورہ
٨ربیع الثانی: مولانا درخواستی افغان مہاجرین ومجاہدین کے سلسلہ میں اپنے دورہ کے اختتام پردوبارہ دارالعلوم تشریف لائے اس سے قبل آپ نے حضرت شیخ الحدیث مدظلہ کی معیت میں خیرآباد میں واقع افغان مہاجرین کے کیمپوں کادورہ کیا اورنماز مغرب انکے ساتھ ادا کی اورمختصر خطاب فرمایا ۔ نماز عشاء سے قبل آپ نے دارالعلوم کے دارالحدیث میںجہاد کے موضوع پر طلبہ سے ایک بار پھر مؤثر خطاب فرمایا ۔
١٠ربیع الثانی: مولانا درخواستی مدظلہ نے نوشہرہ کے قریب اضاخیل میں افغان مہاجرین کے بڑے کیمپ کادورہ کیا ۔ مولاناسمیع الحق صاحب بھی ان کے ساتھ تھے اورمولانادرخواستی مدظلہ سے قبل انہوں نے مہاجرین کے جذبات ومساعی سے انہیں آگاہ کرتے ہوئے پاکستان کے علماء حق ومشائخ کی جماعت کی طرف سے ہمدردی اورتعاون کے جذبات ومساعی سے انہیں آگاہ کیا۔
سوئی گیس کاکنکشن
١١ربیع الثانی: شدیدانتظار کے بعدالحمدللہ کہ آج دارالعلوم میں سوئی گیس کاکنکشن آگیا اورمبطخ وغیرہ میں گیس کااستعمال ہونے لگا۔
مسجد اڈہ کاافتتاح
٢٩فروری: اکوڑہ خٹک کی مسجد اڈہ کی نئی عمارت کاافتتاح حضرت شیخ الحدیث مدظلہ نے خطبہ ونماز جمعہ فرمایا۔ خطبہ سے قبل آپ نے بصیرت افروز خطاب بھی فرمایا ۔