مولانا حامد الحق حقانی
دارالعلوم کے شب و روز
حضرت مولانا مدظلہ کی مصروفیات:
گزشتہ دنوں حضرت مولانا سمیع الحق صاحب مدظلہ نے لاہور میں پاکستان کے ممتاز قانون دان،سابق اٹارنی جنرل پاکستان سینیٹر جناب ایس ایم ظفر صاحب سے اِن کے چیمبر میں ملاقات کی۔اس موقع پر جناب قیوم نظامی صاحب اور لاہور کے معروف دانشور صحافی حضرات بھی جمع تھے۔ ان حضرات نے حضرت مولانا مدظلہ سے ملک کے موجودہ حالات طالبان سے مذاکرات اور دیگر اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی اور سوالات و جوابات کی طویل نشست کی۔
حضرت مہتمم صاحب کی جامع مسجد شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ؒکے انجینئرز کے ساتھ میٹنگ:
۸؍جولائی۲۰۱۴ء کو حضرت مہتمم صاحب نے جامع مسجد شیخ الحدیث ؒؒ کے انجیئنرز حضرات کے ساتھ دارالعلوم حقانیہ میں ایک تفصیلی میٹنگ کی۔جس میں حضرت مہتمم صاحب کو پروجیکٹر کے ذریعے مسجد کے نقشہ جات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،میٹنگ میں موجود افراد میں نائب مہتمم حضرت مولانا انوار الحق صاحب ،جامعہ عثمانیہ کے مہتمم حضرت مولانا مفتی غلام الرحمن صاحب (جوکہ اس سلسلے میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیںاور خصوصاً ماہرین تعمیرات اور دیگر فنی معاونت بھی فراہم کررہے ہیں)، جامعہ ابوہریرہ کے مہتمم مولانا عبدالقیوم حقانی صاحب بھی بڑے خلوص کے ساتھ مسجد کی تعمیر کیلئے فکر مند ہیں۔ ان کے علاوہ ناظم دارالعلوم جناب الحاج اظہار الحق اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے اساتذہ مولانا حامدالحق حقانی، مدیر الحق مولانا راشد الحق حقانی وغیرہ نے شرکت کی ۔
تعلیمی کمیٹی کی میٹنگ:
دارالعلوم کی تعلیمی کمیٹی کا خصوصی اجلاس زیرصدارت حضرت مولانا سمیع الحق صاحب مدظلہ منعقد ہوا۔ اجلاس میں دارالعلوم کے تعلیمی اور امتحانات کے نتائج و دیگر اہم مسائل زیربحث آئے۔ شرکائے اجلاس نے نئی تجاویز اور مفید آراء اجلاس میں پیش کیں۔جس کا اطلاق ان شاء اللہ نئے تعلیمی سال ۱۴۳۵ھ میں کیا جائے گا۔