Deobandi Books

ماہ محرم کے فضائل و مسائل - یونیکوڈ - غیر موافق للمطبوع

6 - 18
ہے اور یہ ضرور نہیں جو کام اطلاق کے ساتھ اچھا ہو وہ تقیید(قیودات )کے ساتھ بھی اچھا ہو۔ مثلاً محض خدا واسطے دینا تو ہر زمانہ میں اچھا ہے اور بعض زمانہ میں خصوصیت سے اور اچھا ہے جہاں دلیل ہو، مگر عاشوراء کے دن خصوصیت کے ساتھ کسی دلیل سے ثابت نہیں۔
پس اس دن میں ایصالِ ثواب کی تخصیص کرنا ایسا ہی ہے جیسے کوئی شخص بجائے چار رکعت کے پانچ رکعت پڑھے۔ تو ہر شخص اس کا ممنوع ہونا تسلیم کرتا ہے۔ تو نماز باوجودیکہ اچھی چیز ہے مگر پانچ رکعت پڑھنا زیادت فی الدین ہے۔ اس وجہ سے ہر شخص اس کو بُرا سمجھتا ہے۔ تو ایسے ہی خاص محرم کے دن ایصالِ ثواب کی تخصیص مکروہ ہے۔ اسی طرح کھچڑا وغیرہ پکانا بھی از قبیل التزام مالایلزم (غیر لازم کو لازم کرلینا) ہے۔غرض سوائے دو عمل کے ایک دنیو ی ہے یعنی وسعت عیال پر اور ایک اخروی ہے یعنی نویں دسویں کا روزہ۔ باقی اور کوئی عمل ثابت نہیں۔ تو فضول اپنے نفس پر کسی قسم کا بار ڈالنا اور اپنے کو خلجان میں ڈالنا ہے۔ لہذا ان امور سے اجتناب ضروری ہے۔ اور وسعت عیال کو دنیاوی برکت کا عمل میں نے اس واسطے کہا کہ اس پر وسع اللہ علیہ کو مرتب فرمایا۔ جس سے ظاہر ہے کہ دنیاوی برکت ہوگی۔ اخروی برکت یعنی ثواب کا ذکر نہیں۔


Flag Counter