مبصر کے قلم سے
ادارہ
تبصرہ کے لیے کتاب کے دو نسخے ارسال کرنا ضروری ہے۔ صرف ایک کتاب کی ترسیل پر ادارہ تبصرے سے قاصر ہے۔ تبصرے کے لیے کتابیں صرف مدیر الفاروق یا ناظم شعبہ الفاروق کو بھیجی جائیں (ادارہ)
قاموس عائشہ
تالیف:معلمات مدرسہ عائشہ صدیقہ
صفحات:523 سائز:20x30=8
زمزم پبلشرز، اردو بازار، کراچی
عربی اردو لغت کی یہ کتاب حروف تہجی کی ترتیب پر پیش کی گئی ہے اور اسے مدرسہ عائشہ صدیقہ کی معلمات نے مرتب کیا ہے۔ پیش لفظ میں کتاب کا تعارف کراتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ:
”پاکستان میں عربی زبان کی تعلیم وترویج کے لیے جو کوششیں کی جارہی ہیں اس سلسلے میں طلباء کے لیے ،خصوصاً ابتدائی درجات کے طلباء کے لیے عربی اردو لغات کی تالیف واشاعت بڑی اہمیت کی حامل ہے ۔ اسی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے ” قاموس عائشہ“ مرتب کی ہے جو کہ عربی اردو لغت ہے ،جسے طلباء کی سہولت کے لیے ابجدی ترتیب پر رکھا گیا ہے، بخلاف اکثر لغات کے کہ وہ صرفی ترتیب پر ہوتی ہیں اور ان میں معنی کو تلاش کرنے کے لیے لفظ کے اصل مادہ کا جاننا ضروری ہوتا ہے ۔
یہ ایک مختصر قاموس ہے ، اس لیے صرف کثیر الاستعمال الفاظ پر مشتمل ہے جب کہ شاذ اور قلیل الاستعمال الفاظ کو چھوڑ دیا گیا ہے ، اسی طرح ہر لفظ کے صرف وہی معنی درج کیے گئے ہیں ،جن میں وہ لفظ اکثر استعمال ہوتا ہے ، اس کے علاوہ جدید اصطلاحات بھی ذکر کی گئی ہیں۔“
کتاب کا ورق اعلیٰ اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔
تحفة القاری شرح صحیح البخاری
افادات: مولانا سعید احمد پالن پوری
مرتب: مولانا حسین احمد پالن پوری
صفحات:592 سائز:20x30=8
ناشر: زمزم پبلشرز، اردو بازار کراچی
مولانا سعید احمد پالن پوری دامت برکاتہم العالیہ دارالعلوم دیوبند کے صدر المدرسین اور شیخ الحدیث ہیں، الله تعالیٰ نے انہیں تحریر وتقریر کا بے مثال ملکہ عطا فرمایا ہے وہ اپنی بات قارئین وسامعین کے ذہنوں میں اتارتے چلے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کئی علمی موضوعات پر قلم اٹھایا او ران کے علمی جواہر پارے منظر عام پر آکر اہل علم سے داد تحسین حاصل کر چکے ہیں ۔ زیرنظر کتاب صحیح بخاری شریف کی شرح ہے ، جو مولانا کے درسی افادات کا مجموعہ ہے اور اسے دارالعلوم دیوبند کے فاضل اور مولانا پالن پوری کے صاحبزادے مولانا حسین احمد پالن پوری نے مرتب کیا ہے ، اس وقت پیش نظر اس کی جلد اول ہے ، جو کتاب الایمان، کتاب العلم او رکتاب الوضوء کے مباحث پر مشتمل ہے ۔ یہ شرح کئی خصوصیات کی حامل ہے ، جن میں سے چند یہ ہیں:
1...تراجم بخاری کی تحقیق او ران کا مقصد ، امام بخاری کا مسلک ، ابواب اور احادیث کے درمیان باہمی ربط بیان کرنے کا اہتمام۔
2...اختلافی مسائل کی دل نشین تشریح۔
3...ہر حدیث کی وضاحت او ر بھرپور تشریح کا اہتمام۔
4...ابتداء میں ایک طویل مقدمہ ہے ، جو علم حدیث اور صحیح بخاری سے متعلق بیش بہا علمی معلومات وتحقیقات پر مشتمل ہے۔
شرح میں بطور متن کے مصری نسخے کو رکھا گیا ہے کیوں کہ اس میں علامات ترقیم کی پوری پوری رعایت رکھی گئی ہے لیکن اسے ہندوستانی نسخے کے مطابق کر دیا ہے کہ پاک وہند میں یہی نسخہ رائج ہے، تاکہ قارئین کو کتاب سے استفادہ میں الجھن ودشواری نہ ہو۔ یہ شرح جامع بھی ہے اور مختصر بھی ، لہٰذا علماء وطلبہ کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔
کتاب کی کمپوزنگ، جلد بندی اور طباعت واشاعت معیاری ہے۔